انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا آغاز 28 اپریل سے

image

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے 28اپریل سے شروع ہونے والے سالانہ

امتحانات 2016 ء کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے حوالے سے اقدامات کو حتمی شکل

دیدی ہے، پہلے مرحلے کے امتحانات 28اپریل سے شروع ہوکر 19 مئی تک جاری رہیں

گے ۔ اس بات کا اعلان چیئرمین انٹربورڈ کراچی اخترغوری نے پریس بریفنگ کے

دوران کیا، اس موقع پر قائم مقام ناظم امتحانات زرینہ راشد، قائم مقام

سیکرٹری عظیم احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ چیئرمین بورڈ اختر غوری

نے امتحان میں شریک طلباء و طالبات کی تعداد بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے

میں صبح ساڑھے نو بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک سائنس پری انجینئرنگ، پری

میڈیکل، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے پرچے لیے جائیں

گے جبکہ دوپہر ڈھائی بجے سے ساڑھے پانچ بجے تک کامرس ریگولر اور پرائیویٹ

کے پرچے لیے جائیں گے۔پہلے مرحلے کے امتحانات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ

78ہزار 654 طلباء و طالبات شریک ہوں گے جس میں صبح کے اوقات میں سائنس پری

انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس او ر میڈیکل ٹیکنالوجی کے

پرچوں میں98ہزار 640 جبکہ دوپہر میں 80ہزار 14 طلباء و طالبات شریک ہوں

گے۔چیئرمین بورڈ نے کہا کہ امتحانی عمل کے دوران کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو

امتحانی مراکز میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ امتحانی مراکز کے اطراف چار

سو میٹر تک غیرمتعلقہ شخص کو دور رکھنے کیلئے دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد

کرنے کے لئے کمشنر کراچی کو خط لکھ دیا گیا ہے جبکہ اس دوران امتحانی مراکز

کے قریب فوٹو اسٹیٹ شاپس بھی بند رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے

قیام کے لئے ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ پولیس اور کمشنر کراچی کو بھی خطوط

لکھ دیئے گئے ہیں۔ امتحانات کے انعقاد کیلئے صبح اور شام کی شفٹوں میں

مجموعی طور پر 212 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 29امتحانی

مراکز کو حساس اور 17 مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔امتحانات کے

انعقاد کیلئے مجموعی طور پر 106 سینٹر کنٹرول آفیسرز تعینات کیے ہیں جن میں

صبح کی شفٹ میں 56 جبکہ دوپہر میں 50 سینٹر کنٹرول آفیسرز تعینات کیے گئے

ہیں، ا س کے علاوہ نقل کی روک تھام کے لئے 27 ویجیلنس ٹیمیں بھی مقرر کی

گئی ہیں جو مختلف مراکز کا دورہ کر کے نقل کی روک تھام کو یقینی بنائے

گی،ہر ویجی لینس ٹیم چار سینئر پروفیسرز پر مشتمل ہوگی، اس کے علاوہ ایک

اعلیٰ اختیاراتی ویجی لینس ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو براہ راست چیئرمین

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی زیر نگرانی ہوگی جو تمام امتحانی مراکز کا

اچانک معائنہ کرے گی،امتحانی عمل کی نگرانی کیلئے بورڈ میں ایک مانیٹرنگ

سیل بھی تشکیل دیا گیا ہے جو دس سینئر پروفیسرز پر مشتمل ہے ،اس کے ساتھ

سینئرز پروفیسرز پر مشتمل ایک مانیٹرنگ سیل کمشنر آفس میں بھی تشکیل دیا

جارہا ہے جو پورے شہر میں ہونے والے امتحانی عمل کی نگرانی کے ساتھ قانون

نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مسلسل رابطے میں رہے گا۔بورڈ نے امتحانات میں

ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انٹربورڈ کے آئی ٹی سیکشن میں بھی ایک سیل

قائم کیا ہے جو تمام سینئر سینٹر سپرنٹنڈنٹ سے اسمارٹ فون کے ذریعے رابطہ

میں ہوگا اور ان کی موجودگی کا بھی پتہ لگا سکے گا کہ وہ اس وقت کہاں موجود

ہیں۔ ایڈمٹ کارڈ پر کسی بھی قسم کی تبدیلی کے شک کو دور کرنے کے لئے اسمارٹ

فون کے ذریعے امیدواروں کا ڈیٹا بھی فوری چیک کیا جاسکے گا اور سینئر

سپرنٹنڈنٹ فوری طور پر اس امیدوار کے خلاف کارروائی بھی کرسکے گا۔ تمام

سینٹر کنٹرول آفیسرز کو اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کی جانب سے مسلح گارڈز

فراہم کیے جائیں گے تا کہ وہ اپنے فرائض پرسکون انداز میں خوش اسلوبی سے

انجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز میں پینے کے پانی کی فراہمی

یقینی بنانے کے لئے ایم ڈی واٹر بورڈ کو خط لکھا ہے لیکن اگر انہوں نے پانی

فراہم نہیں کیا تو بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ پینے کا پانی اور برف کا انتظام

کرے۔انہوں نے کہا کہ نقل مافیا کی حوصلہ شکنی کے لئے ہر شخص کو اپنی ذمہ

داری نبھانی ہوگی تاکہ ہمارا تعلیمی معیار بہتر ہوسکے۔


Click here for Online Academic Results

About the Author:

مزید خبریں
تعلیمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.