سوائن فلو سے احتیاط……!

 جنوبی پنجاب سمیت مختلف شہروں میں سیزنل انفلوئنزا ( سوائن فلو)سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ جبکہ سیزنل انفلوئنزا کے مرض کے باعث اب تک 14 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، اور سینکڑوں مختلف ہسپتالوں میں زیر علا ج ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے سیزنل انفلوئنزا کے مریضوں کی تشخیص و علاج کے لئے علیحدہ ایمرجنسی آئسولیشن میڈیکل وارڈ قائم کردیے گئے ہیں، جہاں سینئر میڈیکل آفیسرز تعینات ہیں، اور حفاظتی ویکسی نیشن کا انتظام کردیا گیا ہے۔ دیگر شہروں کی طرح نشتر ہسپتال ملتان میں بھی 4 ایمرجنسی کاونٹرز قائم کر دئیے گئے ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق یہ مرض قابل علاج ہے، مگر اس خطرناک مرض سے بچاؤ کے لئے شہریوں کا اس سے مکمل آگاہ ہونا اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنا اشد ضروری ہے۔ بوڑھے افراد ، بچے ، حاملہ خواتین ، ذہنی دباؤ ، جگر، گردہ، دل ، دمہ، پھیپھڑوں اور شوگر کے عارضے میں مبتلا افراد اس وائرس کا آسان شکار ہوتے ہیں، جنہیں سرد موسم میں اس وائرس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی ویکسین کی ضرورت ہوتی ہے۔

سیزنل انفلوائنزا جسے پہلے سوائن فلو کہا جاتا تھا،اب سیزنل انفلوئنزا ( اے ایچ ون این ون ) کے نام سے جانا جاتا ہے، جو کہ پھیپھڑوں کا انفیکشن ہے اور ایک وائرس کے ذریعے پھیلتا ہے، متاثرہ شخص کے کھانسنے یا چھینکنے سے آلودہ زرات پھیلتے ہیں اور دوسروں کو متاثر کرتے ہیں۔ یہ وائرس متاثرہ مریضوں کے سانس سے ہوا، اور ہاتھوں سے مختلف جگہوں پر پھیلتا ہے۔جب کوئی صحت مند انسان متاثرہ جگہ پر ہاتھ لگاتا ہے تو یہ جراثیم اس کے جسم میں داخل ہوکر اسے بھی دو یا تین دن میں متاثر کردیتا ہے جس سے مریض کو نزلہ اور زکام ہوجاتا ہے۔ سیزنل انفلوائنزا کی واضع علامات سانس لینے میں دشواری، کھانسی، بخار ، سرمیں درد ، پٹھوں اور جوڑوں میں درد ہونا، گلے کا خراب ہونا، ناک کا بہنا وغیرہ ہیں۔ مرض کے شدت اختیار کرنے کی صورت میں متاثرہ شخص کو الٹیاں ، دست اور سینے میں درد رہنے لگتا ہے۔

سیزنل انفلوئنزا سے متاثرہ افراد کو چاہئے کہ وہ کھانستے وقت پا چھینک آنے پر اپنے منہ اور ناک پر صاف کپڑا یا پھر ٹشو پیپر رکھیں تاکہ اس مرض کے جراثیم مذید پھیلنے سے روکا جاسکے، اور پھر استعمال شدہ کپڑا یا ٹشو پیپر فوری طور پر ضائع کردینا چاہیے۔ اس کے علاوہ عام لوگوں سے میل جول میں احتیاط برتنا چاہئے، ہاتھوں کے گندا ہونے پر ان سے آنکھوں ، منہ یا ناک کو چھونے سے گریز کرتے ہوئے ، ہاتھوں کومعیاری اینٹی سیپٹک صابن سے اچھی طرح بار بار دھونا چاہئے۔ ایسی غذائیں استعمال کرنی چاہیے جن میں زیادہ پروٹین زیادہ ہوں، مثلاً انڈہ ، چھوٹا گوشت، بڑا گوشت اور دالیں وغیرہ۔ معمولی نزلہ و زکام ہونے پر سیزنل انفلوئنزا سے بچنے کے لئے فوری طور پر معالج سے رجوع کرنا چاہیے، یہاں واضع رہے کہ ہر نزلہ و زکام سیزنل انفلوئنزا نہیں ہوتا۔ لیکن احتیاط کا تقاضا ہے کہ شدید نزلہ و زکام کی صورت میں کاروبار ، سکول اور ہجوم والی جگہوں جیسے مارکیٹ وغیرہ نہ جایا جائے، ہوسکے تو گھر پر ہی رہ کر آرام کیا جائے۔ مرض میں افاقہ نہ ہونے اور سیزنل انفلوئنزا کی دیگر علامات مثلاًسانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی، سردرد ، پٹھوں ،جوڑوں میں درد، اور گلے خراب ہونے کی صورت میں فوری طور پر سینئر معالج یا قریبی ہسپتال سے رجوع کرنا چاہیے۔ مناسب احتیاط اور بروقت علاج سے ہی اس مرض سے بچاؤ ممکن ہے بے احتیاطی کی صورت میں آگے چل کر یہ وائرس موت کا سبب بن سکتا ہے۔

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

Rana Aijaz Hussain
About the Author: Rana Aijaz Hussain Read More Articles by Rana Aijaz Hussain: 995 Articles with 712014 views Journalist and Columnist.. View More