پروین توگڑیا: ٹائیگر شرمندہ ہے

کیوںبھئی کلن پدماوتی کب ریلیز ہورہی ہے ؟
کبھی نہیں للن بھائی اب پدما وتی فلم کی منہ دکھائی کبھی نہیں ہوگی ۔
کیا بات کرتے ہو، تو کیا بیچارے سنجے لیلا بھنسالی کے پونے دو سو کروڈ دوب گئے؟
جی نہیں اب وہ فلم پدماوت کے نام سے آئے گی۔
پدماوت یا پدماوتی میں کیا فرق پڑتا ہے؟
بہت فرق پڑتا ہے تم راکھی میں سے ’ی‘ نکال دو تو وہ بیچاری راکھ ہوجاتی ہے۔چاندی سے ی نکالو تو چاند بن جاتا ہے اور گولی سے نکالو تو گول ہوجاتا ہے۔
وہ تو ٹھیک ہے لیکن فلمی شائقین تو راکھ کے ڈھیر میں بھی شعلہ اور چنگاری دونوں دیکھ لیتے ہیں۔ انہیں چاند بھی روٹی کی طرح گول نظر آتا ہے۔
لیکن کلن تجھے معلوم ہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی اگلی فلم کون سی بنارہا ہے ؟
نہیں بھائی وہ میرا دوست تھوڑی نہ ہے جو مجھے بتائے ۔
دوست تو میرا بھی نہیں ہے لیکن گلی نیوز کے فلمی صفحہ پر میں نے پڑھا ہے کہ وہ اب ’ٹائیگر شرمندہ ہے ‘ بنانےکی سوچ رہا ہے۔
ارے بھائی ٹائیگر شرمندہ نہیں زندہ ہے ۔ وہ تو ۳۰۰ کروڈ کماچکی ہے اور پانچ سو کی طرف بڑھ رہی ہے۔
مجھے معلوم ہے لیکن یہ اس کا دوسرا حصہ بھی تو ہوسکتا ہے ۔
وہ خود ایک تھا ٹائیگر کا دوسرا حصہ ہے جس نے ۳۵۰ کروڈ کمائے تھے۔
ہاں ہاں تو ٹائیگر کا تیسرا جنم سمجھ لو۔
سمجھ گیا ۔ سنجے لیلا کو اپنی پرانی فلم ؔہم دل دے چکے صنم یاد آگئی‘ ہے اور وہ اپنے سلوّ بھائی کو پھر سے لینا چاہتا ہے
نہیں تمہارا اندازہ غلط ہے۔ اس نئی فلم کا ہیرو تو انوپم کھیر ہوگا۔
انوپم کھیر ؟ اس پر تو آج کل دیش بھکتی کا ایسا بخار چڑھا ہوا ہے کہ اس نے فلموں سے سنیاس لے لیا ہے ۔
مجھے تو لگتا ہے فلمی دنیا نے اسے بن باس پر بھیج دیا ہے
ایک ہی بات ہے چاقو کدو پر چلے یا کدو چاقو پر کیا فرق پڑتا ہے۔ لیکن یہ بھنسالی کو کیا ہوگیا جو رنویر سنگھ کو چھوڑ کر انوپم کھیرپر فدا ہوگیا ؟
ارے للن تم تو جانتے ہی ہو سنجے لیلا بھنسالی گجراتی ہے۔ اس کو اپنے گجراتی بھائی توپروین گڑیا پر رحم آگیا اور اس نے ان پر فلم بنانے کا ارادہ کرلیا ۔
سنجے تو سیکولر آدمی ہے اور سنگھیوں نے سنجے کے ناک میں دم کررکھا ہے پھر یہ دیا بھاونا کیسی؟
ارے بھائی تم کیا سمجھتے ہو رحم دشمنوں پر نہیں آتا؟
جی دشمن پر تو غصہ آتا ہے۔
نہیں ایسی بات نہیں دشمن کے دشمن پر رحم آتا ہے۔پروین توگڑیا کی مودی سے دشمنی نے ہاردک پٹیل اور کانگریس کے صوبائی صدرارجن مودھ واڈیا کے من میں ہمدردی پیدا کردی ۔
لیکن تم سے یہ کس نے کہہ دیا کہ توگڑیا اور مودی ایک دوسرے کے دشمن ہیں۔ ان دونوں کا تعلق تو ایک ہی پریوار سے ہے۔
ارے بھائی ہندوتو پریوار میں آپسی لڑائی کی پرانی پرمپرا ہے۔ کورو اور پانڈو بھی تو ایک ہی پریوار کے تھے پھر بھی مہابھارت ہوئی۔
لیکن پھر بھی مودی اور توگڑیا کی لڑائی کا کوئی تمہارے پاس کوئی ثبوت ہے؟
ارے بھائی توگڑیا غائب ہوا۔ اس نے قتل کا اندیشہ ظاہر کیا۔ بیہوش ہوکر اسپتال پہنچا ۔ ٹیلی ویژن پر آنسو بہائے لیکن مودی کے خوف سے کسی ایک بھی سنگھی نے اس سے ملاقات کی جرأت نہیں دکھائی ۔ کیا اس سے بھی بڑے کسی ثبوت کی ضرورت ہے؟
ہاں بھائی میں نے تو یہ نہیں سوچا۔ لگتا ہے سنگھ پریوار مودی جی سے مسلمانوں کی بہ نسبت زیادہ خوفزدہ ہے۔
ارے بھائی مسلمان کہاں کسی سے ڈرتے ہیں اور چونکہ انہیں مودی سرکار سے کوئی توقع نہیں ہے تو ڈر کیسا؟
وہ بھی ٹھیک ہے لیکن یہ شرمندہ ٹائیگر والی بات سمجھ میں نہیں آئی ؟
بھنسالی تو ٹائیگر اب بھی زندہ ہے بنانے والا تھا لیکن ہائی کمانڈ کے کہنے پر اسے شرمندہ ہونا پڑا ورنہ بجرنگ دل کو کرنی سینا کی طرح پیچھے لگا دیا جاتا۔
کلن بھائی مجھے تو لگتا ہے کہ جو بھی ہوا ٹھیک ہی ہے۔ اس لیے کہ توگڑیا نے تو زبردست بزدلی کا مظاہرہ کر کے پورے سنگھ پریوار کو شرمندہ کردیا ہے۔
ارے بھائی پروین توگڑیا ۱۵ سال قبل گجرات کی جیل میں دوماہ گزار چکا ہے ۔ اس نے عدالت میں جیل کے مچھروں کی شکایت کی تھی۔ وہ تو خیر کانگریس کا زمانہ تھا اب تو بی جے پی کے راج میں مچھر اورانسان دونوں خونخوار ہوگئے ہیں۔
لیکن آخر بی جے پی کی حکومت اس توگڑیا کو کیوں گرفتار کرنا چاہتی ہے؟
ارے بھائی۱۵ سال قبل پروین توگڑیا پر ایک معمولی مقدمہ قائم ہوا تھا جس سے بھاگتا پھررہا ہے۔اب عدالت نے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کردیا تو اس کی دھوتی ڈھیلی ہوگئی۔
لیکن یہ انکاونٹر کا کیا چکر ہے ؟کلن بھائی قسم سے اس سے بڑا جھوٹ تو کوئی ہونہیں سکتا۔ راجستھان میں جہاں مقدمہ ہےبی جے پی کی سرکار ہے وہ اس کا انکاونٹر کیوں کرائے گی؟گجرات میںبھی بی جے پی برسرِ اقتدار ہے نیز مرکز میں تو بھگوا پرچم ہی لہرا رہا ہے۔ ایسے میں کون پاگل انکاونٹر کرے گا؟
ارے بھائی امیت شاہ اور مودی جی پر ہرین پنڈیا، جسٹس لویا ،عشرت جہاں ، سہراب الدین ، پرجاپتی اور نہ جانے کس کس کے انکاونٹر کا الزام ہے ۔ اب اس میں اگر پروین توگڑیا کے اندیشے کا اضافہ ہوجائے تو اس میں حیرت کی کون سی بات ہے؟
لیکن پھر بھی مجھے یہ پاگل پن ہی لگتا ۔
ہو سکتا ہے کیونکہ جس بچھڑے نے زندگی بھر کوئی سمجھداری کی بات نہیں کی اس سے بڑھاپے میں دانشمندی کی توقع کرنا فضول ہے۔
توگڑیا اپنے آپ کو گائے کا بیٹا تو کہتا ہے لیکن یہ درمیان میں بچھڑا کہاں سے آگیا؟
ارے بھائی راجستھانی زبان میں توگڑیا کے معنیٰ اچھلنے کودنے والا بچھڑا ہی ہوتا ہے۔
لیکن کہیں وہ ناٹک تو نہیں کررہا ہے اس لیے آج کل کوئی اس کو پوچھ کر نہیں دیتا ۔
مجھے نہیں لگتا کلن اس لیے اس کو پہلے تو وہ زیڈ پلس سیکیورٹی کے باوجود روپوش ہوگیا اورر پھر ہوائی اڈے کے راستے میں گرکر بے ہوش ہوگیا ۔ اس کے بعد سلائن کے ساتھ پریس کانفرنس میں پہنچ کر آنسو بہانے لگا ۔ ایسی اداکاری تو یوسف خان صاحب بھی نہیں کرسکتے۔
تب تو انوپم کھیر کے پسینے چھوٹ جائیں گے۔
جی ہاں یہ سنجیدہ اداکاری کا معاملہ ہے کوئی مسخرہ پن نہیں۔
لیکن پھر بھی کلن بھائی آپ کا کیا خیال ہے یہ کمبخت اتنا ڈر کیوں گیا؟
ممکن ہے اس نے اڈوانی کے انجام سےعبرت لے کر سوچا ہو کہ کہںڈ اسے بھی اس کی اوقات نہ دکھا دی جائے ۔
لیکن پھر بھی دوچار دن جیل میں رہنے سے ہیرو بھی تو بن سکتا ہے؟
بھئی یہ کاغذ کے شیر اپنی جان سے بہت ڈرتے ہیں۔ کشمیر میں پتھر پھینکنے والے نوجوانوں پر ٹینک سے حملہ کرنے کا مشورہ دینے والا اگر بزدل نہیں تو کون ہوسکتا ہے؟
لیکن وہ کشمیری نوجوان تو خوفزدہ نہیں ہوئے؟
جی ہاں توگڑیاجیسے لوگ محفوظ قلعوں میں زہر اگلتے ہیں لیکن انہیں ڈر رہتا ہے کہ اگر جیل میںکوئی ایسا مل جا ئے کہ جس کی دل آزاری کی تھی تو کیا ہوگا؟ وہ کام تمام کردے گا؟
ہاں اب سمجھا کہ وہ ہوائی اڈے کے راستے میں بے ہوش کیوں ہوا؟
اور یہ بھی سلائن لگا کر پریس کانفرنس میں کیوں آیا۔
جی ہاں یہ بھی کہ ٹیلیویژن کے سامنے ٹسوے کیوں بہائے۔ یار وہ سچے آنسو تھے ۔ انوپم کھیر کے لیے تو مشکل ہی مشکل ہے۔
اور سنجے لیلا بھنسالی چاندی ہی چاندی ہے۔
قسم سے پدماوت میں جو خسارہ ہوگا وہ سب کا سب ’ ٹائیگر میں شرمندہ ہوں‘ میں نکل آئے گا ۔
بشرطیکہ شارپ شوٹر کا رول سلوّ بھائی کو دیا جائے کیونکہ بالی ووڈ پر تو آج بھی خان صاحبان کی چلتی ہے۔

Salim
About the Author: Salim Read More Articles by Salim: 2045 Articles with 1221186 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.