تھنیل گیس فراہمی --- شکریہ میجر طاہر اقبال

قارئین محترم! بالآخر میری محنت کارگر ثابت ہوئی۔ جو نعرہ ڈھاب میں لگایا تھا ’’ساڈا حق ایتھے رکھ‘‘ اس کو کامیابی ملی۔ اہلیان تھنیل فتوحی کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا اور ایم این اے میجر (ر) طاہر اقبال کی خصوصی کاوشوں سے تھنیل فتوحی کو گیس فراہمی کے لئے 45.159 ملین روپے کے فنڈز جاری ہو گئے۔ اس کے علاوہ میاں مائر کو 11.857 ملین روپے، کوٹ اقبال کو 19.631 ملین روپے، فم کسر کو 20.655 ملین روپے اور ڈھاب پڑی کے بقایا فنڈز 11.856 ملین روپے کے فنڈز بھی جاری ہو گئے۔ میں نے 17 سال قبل جب صحافت کا آغاز کیا تو اُس وقت سے میں مسلسل تھنیل فتوحی کو گیس فراہمی کے حوالے سے لکھتا رہا ہوں۔ اس حوالے سے مسلسل خبریں اور اپنے کالمز میں بھی ارباب اختیار کو متوجہ کرتا رہا ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ اس میں چکوال گروپ آف نیوز پیپرز کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ میرے کالمز اور خبریں مسلسل چکوال گروپ آف نیوز پیپرز میں شائع ہوتی رہیں اور یقینا جرنیل صحافت خواجہ بابر سلیم (تمغہ امتیاز) دادِ تحسین کے مستحق ہیں۔ تھنیل فتوحی کو گیس فراہمی کے مطالبے نے زور اُس وقت پکڑا جب گذشتہ سال ہرچار ڈھاب میں گیس فراہمی کا افتتاح ہوا اور اُسی سیاسی اجتماع میں مجھے بھی خطاب کرنے کا موقع ملا۔ اور اﷲ تعالیٰ نے مجھے اتنی ہمت اور حوصلہ دیا کہ میں نے ایم این اے میجر (ر) طاہر اقبال اور ایم پی اے چوہدری سلطان حیدر کی موجودگی میں ’’ساڈا حق ایتھے رکھ‘‘ کا نعرہ لگایا اور پھر یہ نعرہ تھنیل کے بچے بچے کی زبان پر آگیا۔ پھر سوشل میڈیا پر اس مہم نے زور پکڑا اور یوں تھنیل کے گلی کوچوں میں ’’ساڈا حق ایتھے رکھ‘‘ کی گونج سنائی دی۔ میں نے تھنیل فتوحی کو گیس فراہمی کے لئے وفاقی محتسب کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا۔ تھنیل فتوحی کو گیس فراہمی میں اہلیان تھنیل فتوحی کا بہت بڑا ہاتھ ہے خصوصاً ہماری یونین کونسل ہرچار ڈھاب کے چیئرمین چوہدری ضمیر خان، چوہدری عارف اقبال، چوہدری طاہر اقبال، شیخ محمد اقبال، چوہدری صابر عباس پٹواری، حاجی شیر خان تلوچہ، چوہدری امتیاز اور سب سے بڑھ کر ایم پی اے چوہدری سلطان حیدر اور ایم این اے میجر (ر) طاہر اقبال کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ چوہدری سلطان حیدر کا نام اس وجہ سے لکھا کہ انہوں نے متعدد بار میری موجودگی میں ملک نعیم اصغر کو پیغام دیا کہ اہلیان تھنیل فتوحی کا مطالبہ پورا کیا جائے۔

قارئین محترم! بات نصیب کی ہوتی ہے اور چوٹ وقت کی ہوتی ہے۔ یہ کام سابق ضلعی ناظم سردار غلام عباس کے دور میں ہو جانا چاہئے تھا۔ اُس تقریباً کام ہو چکا تھا، ڈھڈیال کو گیس فراہمی کا افتتاح اُس وقت کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے کرنا تھا اور کاغذات میں تھنیل فتوحی کو بھی گیس کی فراہمی ہونا تھی مگر نجانے کیا ہوا کہ ہمیں بائی پاس کر کے ڈائریکٹ ڈھڈیال کو گیس دے دی گئی۔ اگرچہ اُس وقت چوہدری امتیاز نے خلوصِ دل سے کوشش کی تھی لیکن کام کیوں نہ ہو سکا یہ بات آج تک سمجھ نہ آئی۔ مگر بالآخر یہ کام مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں ہوا اور اس کا کریڈٹ بھی موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔ خصوصاً ایم این اے میجر (ر) طاہر اقبال نے خصوصی کوشش کر کے نجانے کن کن اداروں کی منتیں کی ہوں گی، نجانے کتنی بار اسلام آباد کے چکر لگائے ہوں گے۔ یقینا کسی بھی بڑے منصوبے کے لئے سب سے بڑا مسئلہ فنڈز کی منظوری ہوتا ہے، کاغذی کارروائی تو ہوتی رہتی ہے۔ خوشی اس بات کی ہے کہ فنڈز جاری ہو چکے ہیں اور اس کی سب سے پہلی خبر مجھے ہمارے چیئرمین چوہدری ضمیر خان نے دی، میں اُن کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ میں اُن تمام اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک دوستوں کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے مبارکباد دی۔ انشاء اﷲ اس منصوبے پر جلد کام کا آغاز ہو گا اور پھر ہی شکوک و شہبات، اندیشے اور وسوسے ختم ہوں گے۔ ابھی تک ہمارے کچھ دوست اس منصوبے کو ’’لولی پاپ‘‘ کا نام دے رہے ہیں مگر ایسا نہیں ہے کیونکہ میں میجر (ر) طاہر اقبال کو جانتا ہوں وہ صوم و صلوٰۃ کے پابند انسان ہیں وہ جھوٹ نہیں بولتے۔ ہمارا مطالبہ پورا ہو چکا ہے اور ہمارا مطالبہ بالآخر عوامی حکومت مسلم لیگ (ن) نے ہی پورا کیا۔ اگرچہ میں نے گذشتہ حلقہ پی پی 20 کے ضمنی انتخاب میں احتجاجاً چوہدری سلطان حیدر کو ووٹ نہیں ڈالا تھا اور میں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا لیکن آج ہمارا مطالبہ پورا ہو چکا ہے۔ اب انشاء اﷲ بھرپور طریقے سے 2018ء کے الیکشن میں حصہ لیں گے اور ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بھرپور کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔ اﷲ تعالیٰ پاکستان کا حامی و ناصر ہو۔
 

Javed Iqbal Anjum
About the Author: Javed Iqbal Anjum Read More Articles by Javed Iqbal Anjum: 79 Articles with 56721 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.