گزشتہ ہفتے کا پاکستان تصاویر کے آئینے میں

گزشتہ ہفتے کے پاکستان میں سپائی کرانیکلز پر تنازع، فاٹا کا انضمام اور گرمی کی لہر تصاویر میں
 

image

پاکستان میں گزشتہ ہفتے کی بڑی خبروں میں سے ایک قومی اسمبلی اور سینیٹ سے وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں یعنی فاٹا کے صوبہ خیبر پختونخوا جبکہ صوبوں کے زیرِ انتظام علاقوں یعنی پاٹا کو بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کے لیے آئینی ترمیم کی منظوری تھی۔ اس انضمام کے فیصلے سے جہاں خوشیاں منائی جا رہی ہیں وہاں جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
 

image

پاکستان میں بعض سیاسی جماعتوں کے علاوہ افغانستان نے بھی قبائلی علاقہ جات کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے افغانستان اور برطانوی راج کے دوران ہونے والے سرحدی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ برصغیر میں برطانوی دورِ حکومت کے دوران بننے والی سرحد جسے ڈیورنڈ لائن کا نام دیا گیا پر پاکستان اور افغانستان شروع سے ہی الگ الگ موقف رکھتے ہیں۔ پاکستان نے افغانستان کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام کی خواہش قرار دیا ہے
 

image
قبائلی علاقہ جات سے متعلق آئینی ترمیم کے لیے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان بھی ایک طویل عرصے کے بعد ایوان میں آئے۔ مقامی میڈیا میں ان کا کلپ کافی مقبول ہوا جس میں ان سے پوچھا گیا کہ وہ کتنے عرصے بعد ایوان میں آئے ہیں تو اس پر عمران خان نے کہا کہ انھیں یاد ہی نہیں کہ آخری بار کب آئے تھے۔
 
image
پاکستان میں گذشتہ ہفتے خفیہ سروس آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل اسد درانی اور را کے سابق سربراہ کے ساتھ مل کر کتاب لکھنے پر زبردست بحث و مباحثہ اور تنازع پیدا ہوا۔ اسی وجہ سے جنرل اسد درانی کو وضاحت کے لیے جی ایچ کیو طلب کیا گیا ہے۔
 
image
’سپائی کرانیکلز:را، آئی ایس آئی اینڈ الوژن آف پیس' نامی کتاب کے بارے میں سینیٹ کے سابق چیئرمین رضا ربانی نے کہا کہ اگر یہ کتاب کسی عام شہری یا پاکستانی سیاستدان نے اپنے کسی بھارتی ہم منصب کے ساتھ مل کر لکھی ہوتی تو لکھنے والے سیاستدان پر غداری کے فتوے لگ رہے ہوتے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے تو اس کتاب پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔
 
image
پاکستان میں تنازعات، سیاسی بیان بازی کے ماحول میں کافی دنوں سے عام انتخابات کی تاریخ کے بارے میں پیشنگوئیاں کی جا رہی تھیں۔ سنیچر کو صدر ممنون حسین نے ملک میں 25 جولائی 2018 کو عام انتخابات کروانے کی منظوری دے دی تاہم ابھی تک حکومت اور حزب اختلاف میں نگران وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہیں ہو سکا۔
 
image
پاکستان میں سیاست کی سرگرمیوں کے دوران ایک بین الاقوامی ایونٹ کا انعقاد بھی ہوا۔ پہلی بار شنگھائی تعاون تنظیم کا انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے تین روزہ خصوصی اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوا جس میں اعلیٰ سطح کا انڈین وفد پہلی بار شریک ہوا۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث اس سطح پر بات چیت طویل مدت بعد ہوئی۔ تجزیہ کار انڈیا کی شرکت کی ایک وجہ بیجنگ اور ماسکو کو سمجھتے ہیں۔
 
image
اعلیٰ سطح کا انڈین وفد اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کے لیے آیا لیکن دونوں ممالک کے درمیان ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی کم نہ ہو سکی۔ جس میں دونوں جانب سے فائر بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے اور ورکنگ باؤنڈری کی دونوں جانب عام شہریوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
 
image
پاکستان میں سکیورٹی ایجنسیوں پر سائبر حملے کے الزامات سامنے آ چکے ہیں لیکن اب فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے انٹرنیٹ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ آئی ایس پی آر کے نام سے ملنے والی جعلی ای میل سے ہوشیار رہیں۔ انٹرنیٹ صارفین میں ایک پیغام گردش کر رہا تھا کہ فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور اپنے مداحوں سے ملنا چاہتے ہیں اس لیے ملنے کے خواہشمند [email protected] کے ای میل پتہ پر درخواستیں بھیجیں۔ دوسری جانب گذشتہ ہفتے ہی اسلام آباد میں افغان سفارت خانے کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے عملے کے ارکان کو گوگل کی طرف سے وارننگ ملی تھی کہ ان کے اکاؤنٹ 'سرکاری پشت پناہی' سے ہیک کیے جا رہے ہیں۔
 
image
پاکستان میں کافی دنوں سے جاری عافیہ صدیقی کی موت کی افواہیں اس وقت ختم ہوئیں جب امریکی شہر ہوسٹن میں قائم سفارت خانے نے بیان جاری کیا کہ قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے ریاست ٹیکساس میں واقع جیل ایف ایم سی کارسویل میں پاکستانی شہری عافیہ صدیقی سے ملاقات کی جو دو گھنٹے جاری رہی۔
 
image
امریکی ریاست ٹیکساس کے سینٹا فے ہائی سکول میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی آخری رسومات کراچی میں ادا کر دی گئیں۔
 
image
احمدی برادری کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا۔ جماعتِ احمدیہ کے ترجمان کے مطابق پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے کشمیری محلے میں واقع احمدی برادری کی ایک عبادت گاہ پر مشتعل ہجوم نے حملہ کر کے عمارت کو شدید نقصان پہنچایا۔ احمدی برادری کے لیے اس مکان اور عبادت گاہ کی اہمیت اِس لیے بھی ہے کہ جماعت احمدیہ کے بانی مرزا غلام احمد سیالکوٹ میں اپنے دورِ ملازمت میں اِس مکان اور عبادت گاہ کو استعمال کیا کرتے تھے۔
 
image
پاکستان میں ایک اور اقلیتی برادری کے بارے میں یہ خبر کہ مسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کراچی کے آرچ بشپ جوزف کوٹس کو 'کارڈینل' بنانے کا اعلان کیا۔ آئندہ ماہ ویٹیکن میں ایک تقریب میں انہیں باقاعدہ کارڈینل کے عہدے پر فائز کیا جائے گا
 
image
پاکستان میں ماہ صیام میں جہاں افطاریوں کی دعوتیں مل رہی ہیں تو وہیں اس ماہ غریب لوگوں میں مفت راشن تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس طرح کے مناظر اکثر شہروں میں دیکھنے میں آتے ہیں جہاں راشن کی تقسیم کے دوران شدید بدنظمی دیکھنے میں آتی ہے۔ ماضی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ سے ہلاکتوں کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں
 
image
پاکستان میں سیاسی پارہ ہائی ہے تو اگر موسم کی بات کی جائے تو گرمی کی لہر نے بھی عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔ میدانی علاقوں کے علاوہ ساحلی شہر کراچی میں گرمی کی لہر جاری ہے۔ وہاں گرمی کتنی پڑ رہی ہے اس تصویر سے اندازہ لگانا زیادہ مشکل نہیں
 
image
جب چاروں طرف گرمی کی باتیں کی جاری ہیں تو پاکستان کے سرکاری پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے دنیا کی بلند ترین چوٹیوں سے ایک راکا پوشی کی یہ تصویر جاری کی۔ مقامی زبان میں اسے دومانی یعنی بادلوں کی ماں کہا جاتا ہے۔ گرمی سے پریشان لوگوں کو اس تصویر سے راحت ملے گی یا مزید گرمی محسوس ہو گی۔۔۔۔۔۔
 
image
راکا پوشی سے سینکڑوں کلومیٹر دور بلوچستان کے ساحلی علاقے گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں ناکارہ بحری جہاز کو سکریپ میں تبدیل کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔ گڈانی میں جہاز کو سکریپ میں تبدیل کرنے کے دوران کئی جان لیوا حادثات پیش آ چکے ہیں۔ گڈانی میں 1970 سے ناکارہ بحری جہازوں کو لا کر انھیں سکریپ میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی لوہے کی کل کھپت میں سے 25 فیصد یہ صنعت فراہم کرتی ہے
 
image
اگر بات کی جائے کھیل کی تو لندن میں لارڈز کے تاریخی میدان پر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم نظر آتی ہے
 
image
پاکستان میں کرکٹ شائقین کے لیے ایک اچھی خبر یہ آئی کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے خواتین کی ٹیم بنانے کا اعلان کیا اور اس کا پہلا کیمپ آبیٹ آباد میں لگایا جا رہا ہے
YOU MAY ALSO LIKE:

Our selection of some of the most striking news photographs taken around the Pakistan last week.