لقمان حکیم؛انسان کامل(۱۱)

دعا
بیٹا !اپنی حاجتوں کے قبو ل ہونے کے لئے دعا سے تھک نہ جاؤ ۔اس لئے کہ حاجتوں کا پورا ہونا صرف خدا کے ہاتھ میں ہے ۔جو خاص زمانہ اور خاص وقت رکھتا ہے ۔مگر اس کی بارگا ہ میں میلان اور رغبت کے ساتھ متوجہ رہو۔اپنی حاجتوں کو اس سے طلب کرو اور وقت دعا اپنی انگلیوں کو اس کی طرف حرکت دو ۔(بحارالانوار جلد ۱۳صفحہ ؍۴۲۰)
روزہ
بیٹا !روزہ اس طرح رکھو کہ وہ تمہارے خواہشا ت کی جڑیں کاٹ دے ۔روزہ اس طرح نہ رکھو کہ وہ تم کو نماز پڑھنے سے روک دے ۔اس لئے اﷲ کے نزدیک نماز ،روزہ سے بھی افضل عمل ہے ۔(مستدرک الوسائل جلد ۳ صفحہ ۱۴۳)
ذلت
بیٹا !خودکومعاشرہ میں ذلیل نہ کرو ۔ورنہ بے عزت ہوجاؤ گے ۔(اختصاص مفید ؍۳۳۲)
زبان
بیٹا !جو شخص اپنی زبان کی حفاظت نہیں کرتاوہ پشیمان ہو تا ہے ۔(اختصاص شیخ مفید ؍ ۳۳۲)
بیٹا !تم کبھی بھی بد زبان شخص سے فریب نہ کھانا ۔اس لئے کہ نافرمانی کی وجہ سے اس کے دل پر مہر لگادی گئی ہے ،اس کے اعضاء بولتے ہیں لیکن اسی کے خلاف۔(اختصاص شیخ مفید ؍ ۳۳۶)
بیٹا !زبان کوقابو میں رکھو ۔(تفسیر جلالین :علامہ جلال الدین محلی و علامہ جلال الدین سیوطی ،جلد ۵ صفحہ ۶۹مکتبہ ،دارالاشاعت اردو بازار ایم اے جناح روڈ ،کراچی ،پاکستان )
بیٹا !جان لو کہ داناکی زبان میں خدا کی طاقت ہوتی ہے ۔ان میں سے کوئی کچھ نہیں بولتا مگر یہ کہ اس بات کواﷲ اس طرح کہنا چاہتا ہو۔(قصص القرآن ،تالیف محمد حفظ الرحمان ،جلد ۳اور۴ صفحہ ۴۸طبع دارالاشاعت اردو بازار ،ایم اے جناح روڈ ،کراچی پاکستان)
سفر
بیٹا !جب تم سفرکروتو اپنے ساتھ اسلحہ ،لبا س ،خیمہ ،پانی اور سینہ پرونے کے وسائل اور ضروری دوائیں کہ جس سے تم اورتمہارے ساتھی استفادہ کرسکتے ہیں ،لے لیا کرو ۔اپنے ہم سفر کے ساتھ اﷲ کی نافرمانی کے علاوہ تمام امور میں ہاتھ بٹاؤ ۔
بیٹا !جب کسی گروہ کے ساتھ سفر کرو تو اپنے کاموں میں ان سے مشورہ کرلیا کرو۔ان سے خندہ پیشانی سے پیش آؤ ۔جو کچھ زاد راہ تمہارے پاس ہو اس میں سخاوت سے کیا کرو ۔تمہارے ساتھی جب بھی تمہیں بلائیں فورا جواب دیا کرو اور اگر تمہاری مدد کے طالب ہیں تو فورا ان کی مدد کیاکرو ۔جتناہو سکے سکوت اختیار کرو۔(تفسیر نمونہ زیر نظر آیۃ․․․ناصر مکارم شیرازی جلد ۹صفحہ ۴۲۳ناشر مصباح القرآن ٹرسٹ )
سواری
بیٹا !اگرممکن ہوتو سواری اورتیر اندازی سیکھ لو۔(تفسیر جلالین :علامہ جلال الدین محلی و علامہ جلال الدین سیوطی ،جلد ۵ صفحہ ؍۷۰مکتبہ ،دارالاشاعت اردو بازار ایم اے جناح روڈ ،کراچی ،پاکستان )
بیٹا !سواری اورآب و غذ اجو کہ تمہارے پاس ہے اس میں سخاوت سے کام لیا کرو ۔(تفسیر نمونہ زیر نظر آیۃ․․․ناصر مکارم شیرازی جلد ۹صفحہ ۴۲۳ناشر مصباح القرآن ٹرسٹ )