نوجوان نے قائداعظم ؒ کو اصول توڑنے پر مجبور کردیا

ایک نوجوان نوکری کے سلسلے میں قائداعظم ؒ تک پہنچا اور ان سے عرض کیا ”جناب میں بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ ہوں٬ آپ فلاں صاحب کو میری سفارش کر دیں گے تو مجھے نوکری مل جائے گی“-

قائداعظم ؒ نے انکار سے پہلے نوجوان کا انٹرویو لینا شروع کر دیا٬ آپ نے اس سے پوچھا ”کیا تعلیم کے (دوران) تم سپورٹس میں حصہ لیتے رہے ہو“ نوجوان نے جواب دیا ”نہیں“ قائداعظم ؒ نے پوچھا ”کیا تم ادبی سرگرمیوں میں شریک رہے“ نوجوان نے انکار میں سر ہلا دیا۔ قائداعظم ؒ نے پوچھا ”کیا تم کسی دوسری اچھی سرگرمی میں حصہ لیتے رہے“ “ نوجوان نے اس بار بھی انکار میں سر ہلا دیا۔

قائداعظم ؒ برا منا گئے اور انہوں نے کہا ”تم اتنی نالائقی اور سستی کے باوجود مجھ سے توقع کرتے ہو میں تمہاری سفارش کروں گا“-

نوجوان نے عاجزی سے جواب دیا ”جناب آپ میری سفارش کریں یا نہ کریں لیکن میں اپنے بارے میں جھوٹ نہیں بول سکتا“ نوجوان نے یہ کہا اور قائداعظم ؒ کے دفتر سے نکل گیا۔

قائداعظم ؒ نے نوجوان کو واپس بلایا اور اس سے کہا ”میں زندگی میں پہلی مرتبہ اپنا اصول توڑ کر تمہاری سفارش کروں گا لیکن تمہیں مجھ سے ایک وعدہ کرنا ہوگا“ نوجوان نے عرض کیا ”جناب آپ حکم کیجئے‘ قائداعظم ؒ نے فرمایا ”تم زندگی میں آج کی طرح ہمیشہ سچ بولو گے“۔

YOU MAY ALSO LIKE: