زندگی میں مثبت تبدیلی لانے والے 4 زبردست اقدامات

یاد رہے کہ کہ ایسا سب کرنا واقعی آسان نہیں ہوتا مگر تبھی تو پھر ہر کوئی کامیاب بھی تو نہیں ہوتا نا ۔ خاص بننا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہوتی ہے ۔ سچی طلب رکھنے والے پھر آسانی کی تلاش میں نہیں رہتے وہ مشکل سفر کو ایک چیلنج کی طرح لیتے ہیں ۔

آپ کے ساتھ اکثر ہوتا ہو گا کہ آپ اپنی زندگی میں کسی تبدیلی کے خواہش مند ہوں اور اس کو پانے کے لیے کوشش بھی کرتے ہوں مگر ہمیشہ کچھ عرصہ بعد اپنی کوشش میں ناکام ہو جاتے ہوں ؟ چاہے آپ نے وزن کم کرنا ہو ، اپنی آمدن میں اضافہ کی کوشش کرنی ہو یا اپنی کسی بری عادت پر قابو پانا ہو ، آپ کو پتا بھی ہو کہ اپنے اندر فلاں تبدیلی لا کر اپنی زندگی کو بہترین بنا سکتے ہیں مگر پھر بھی مطلوبہ نتیجہ حاصل کرنے میں ناکام رہ جاتے ہیں تو پھر جناب تسلی رکھیں کہ میرا یہ آرٹیکل آپ کی اسی حوالہ سے رہنمائی کے لیے ہی ہے ۔

بات یہ ہے دوستو کہ اصل مسلہ صرف مستقل مزاج نہ رہنے کا ہوتا ہے ۔ ہم لوگ جلد ہی من چاہا نتیجہ چاہتے ہیں اور پھر ایسا نہ ہونے پر ہمت ہار جاتے ہیں۔ اپنی تبدیلی کی کوشش کو مستقل طور پر کرتے رہنے اور بہترین نتائج کے لیے درج ذیل 4 اصولوں پر عمل کرنا آپ کے لیے لازمی فائدہ مند ہو گا ان شا اللّه ۔

1۔ فوری توجہ صرف "طریقہ کار" پر رکھیں ۔

جب آپ نے ایک مقصد بنا لیا کہ فلاں گول اس مقرر کردہ وقت تک حاصل کرنا ہے جس کے لیے آپ نے روزانہ فلاں فلاں کام کرنے ہیں تو پھر آپ کی بھرپور توجہ اسی دن والے اقدامات پر ہونی چاہیے بس ۔ آخری نتیجہ کو بار بار بالکل بھی نہ سوچنا ۔صرف اپنے روزانہ کے پراسیس پر نظر رکھنی ہے ۔ ہر دن کے سیٹ کیے گئے اقدامات کی تکمیل بہترین سے کرنے کی کوشش کریں۔ روزانہ کا کام اگر اچھے طرح سے سر انجام ہوتا جائے گا تو فائنل نتیجہ ہر حال میں بہترین ہی ہو گا ۔

2۔ خود کو "حوصلہ افزا" حالت میں رکھیں ۔

اس کام کے لیے آپ کو ان تمام باتوں ، عادتوں اور لوگوں سے دوری اختیار کرنا ہو گی جس سے آپ کے اندر سستی ، کاہلی اور منفی سوچیں جنم لیں ۔ جب تک آپ اپنے من چاہے مقصد کے حصول میں سرگرداں ہیں تب تک خوب حوصلہ افزا و مثبت باتیں کریں ، کتابیں پڑھیں ، اچھا میوزک سنیں ، حوصلہ بڑھانے والے لوگوں میں رہیں ۔ مثبت خود کلامی کریں ۔ کم سوئیں ، کم بولیں اور کم کھائیں کے اصول پر رہیں ۔ با قاعدگی کے ساتھ ورزش کریں ۔ نماز و قرآن کے ساتھ ہمیشہ کے لیے جڑیں ۔ اچھے خیالات و باتوں کے ڈائری میں نوٹ کرنے ہی عادت ڈالیں اور دوسروں ساتھ بھی تبادلہ خیال کرتے رہیں ۔

3 ۔ اپنے مقاصد پر "نظر ثانی" کریں ۔

جہاں پر اپنے مقاصد کے بارے میں سوچنا ، ان کو لکھنا اور پھر روزانہ کی بنیاد پر اس کو پانے کی طرف سفر کرنا ضروری ہوتا ہے تو اتنا ہی ضروری ہے جناب کہ اس پر نظر ثانی بھی کی جائے ۔ ایسے نا صرف آپ پرجوش رہتے ہیں بلکہ روزانہ کی یاد دہانی سے آپ خوشی محسوس کرتے کہ آپ اپنے مقصد کے قریب ہوتے جا رہے ہیں ۔ اسی طرح آپ بہترین طریقہ سے فوکس کر پاتے اور مستقل مزاج بنے رہتے ہیں ۔ کوشش کریں کہ روزانہ رات سونے سے پہلے جہاں اگلے دن کے کرنے والے کام سوچیں وہیں پر اپنے سیٹ کیے گے مقاصد کو بھی دہرائیں اور ان کو پورا ہونے کا تخیل کرتے خوشی محسوس کریں ۔

4۔ اپنے " کیوں " کو ہمیشہ یاد رکھیں ۔

اپنے مقصد پر دلجعمی سے ڈٹے رہنے کے لیے اور اپنے اندر کے ولولے کو جگاے رکھنے کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ جو کر رہے ہیں اس کی " وجہ " کو ہمیشہ یاد رکھیں ۔ روزانہ ایک جیسی روٹین سے ، محنت سے ، جلد نتیجہ نہ نظر آنے کی صورت میں بوریت محسوس کرنا فطری بات ہے ۔ مگر جو بات آپ کو آگے بڑھنے پر اکساے گی وہ ہو گی آپ کا " ویژن "، کہ سمارٹ ہونے سے آپ کو کیا ملے گا ، زیادہ آمدن سے کیسے حالات بہتر بن سکتے ہیں ، فلاں ٹیسٹ و کورس کے کامیاب نتیجہ سے کیسے زندگی میں کامیابی مل سکتی وغیرہ ۔ ویسے بھی جب درمیان میں چھوڑنا ہی تھا تو بھئی شروع ہی کیوں کیا تھا پھر ؟ فضول میں وقت ضائع کیا ؟ اس لیے دوستو ، اپنے بوجھل لمحات میں صرف اپنے سب کرنے کے " کیوں " پر فوکس کریں پھر کمال دیکھیے گا ۔

تو دوستو یہ تھے وہ 4 اقدامات جن پر عمل کرنے سے آپ اپنی زندگی میں بہترین تبدیلی لا سکتے ہیں ۔ یاد رہے کہ کہ ایسا سب کرنا واقعی آسان نہیں ہوتا مگر تبھی تو پھر ہر کوئی کامیاب بھی تو نہیں ہوتا نا ۔ خاص بننا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہوتی ہے ۔ سچی طلب رکھنے والے پھر آسانی کی تلاش میں نہیں رہتے وہ مشکل سفر کو ایک چیلنج کی طرح لیتے ہیں ۔ پھر جب وہ پسینہ و آنسو بہاتے ، چھوٹے چھوٹے قدموں سے آگے بڑھتے اور اپنے نفس کو پچھاڑتے منزل کو حاصل کرتے ہیں تو اسکی خوشی صرف وہی جان سکتے ہیں ۔ لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہی نہیں ، نا ممکن ہے صاحب ۔

تحریر : میاں جمشید

لکھاری ، زندگی کے مشکل حالات کا مسکرا کر مقابلہ کرنے کے ساتھ رسک لینے اور ہمت سے آگے بڑھتے رہنے پر یقین رکھتے ہیں۔ کچھ نیا و منفرد کرنے اور سیکھنے سکھانے کا شوق بھی رکھتے ہیں۔ اسی لئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ ساتھ کردار سازی ، ذہنی اصلاح اور مثبت طرز زندگی کے موضوعات پر حوصلہ افزاء و رہنمائی سے بھرپور مضامین لکھتے ہیں، کونسلنگ کرتے ہیں اور لیکچر دیتے ہیں ۔ ان سے فیس بک آئی ڈی jamshades پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔
 

Mian Jamshed
About the Author: Mian Jamshed Read More Articles by Mian Jamshed: 111 Articles with 170973 views میاں جمشید مارکیٹنگ کنسلٹنٹ ہیں اور اپنی فیلڈ کے علاوہ مثبت طرزِ زندگی کے موضوعات پر بھی آگاہی و رہنمائی فراہم کرتے ہیں ۔ ان سے فیس بک آئی ڈی Jamshad.. View More