کرکٹ میں نسلی امتیاز کے واقعات اور ان کے اثرات

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی جانب سے جنوبی افریقی کرکٹر فیُلوک وایو پر مبینہ نسل پرستانہ فقرہ کسے جانا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے ۔ ماضی میں اس طرح کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں۔
 

image

باسل ڈی اولیورا جنوبی افریقہ کے لیے ناقابل قبول
باسل ڈی اولیورا جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے کرکٹر تھے لیکن جنوبی افریقہ کی نسلی امتیاز کی پالیسی کے سبب انہوں نے انگلینڈ کا رخ کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کی نمائندگی کی لیکن جب انگلینڈ کی ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقہ کا وقت آیا تو جنوبی افریقی حکومت نے ان کی ٹیم میں موجودگی پر اعتراض کردیا جس کے سبب یہ دورہ منسوخ کرنا پڑا اور جنوبی افریقہ پر نسلی امتیاز کی پالیسی کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند کردیے گئے تھے۔
 
image

رابن جیکمین ویسٹ انڈیز کے لیے ناپسندیدہ
1980ء میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کی ٹیم میں فاسٹ بولر رابن جیکمین بھی شامل تھے لیکن جب ٹیم گیانا پہنچی تو وہاں کی حکومت نے رابن جیکمین کو ویزا دینے سے انکار کردیا۔ حکومت کا موقف تھا کہ رابن جیکمین کے نسلی امتیاز کی پالیسی کے دنوں والے جنوبی افریقہ سے روابط رہے ہیں ۔ اس صورتحال کے پیش نظر انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان گیانا ٹیسٹ منسوخ کرنا پڑگیا۔
 
image


کالن کرافٹ کو ٹرین سے اتار دیا گیا
ویسٹ انڈیز کے کرکٹرز کی ایک ٹیم نے 1983ء میں جنوبی افریقہ کا اس وقت دورہ کیا جب جنوبی افریقہ پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند تھے۔ اسی دورے میں فاسٹ بولر کالن کرافٹ کو کنڈکٹر ولی وان زل نے یہ کہہ کر ٹرین سے اتاردیا کہ یہ بوگی صرف اور صرف سفید فام لوگوں کے لیے مخصوص ہے۔ کنڈکٹر کو بتایا گیا کہ کالن کرافٹ ایک کرکٹر ہیں لیکن ولی وان زل مصر تھے کہ کرافٹ کو یہاں سے جانا ہی ہوگا۔

پندرہ سال بعد جب حالات بدلے اور کالن کرافٹ کمنٹیٹر کی حیثیت سے جنوبی افریقہ گئے تو ولی وان زل نے ان سے ملاقات کی تھی۔
 

image

برائن لارا سیاہ فاموں سے ہارنے پر خوش
1996ء کے عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کوغیرمتوقع طور پر کینیا نے ہرا دیا۔ میچ کے بعد برائن لارا کینیا کے ڈریسنگ روم میں گئے اور کھلاڑیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں آپ سے ہارنا برا نہیں لگا کیونکہ آپ سیاہ فام ہو ۔ جنوبی افریقہ جیسی ٹیم کا معاملہ مختلف ہے۔ہم سفید ٹیم سے ہارنے کا نہیں سوچ سکتے۔

برائن لارا کا یہ بیان وہاں موجود ایک صحافی نے رپورٹ کردیا جس کے بعد لارا کو معافی مانگنی پڑی تھی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی بات کو سیاق وسباق سے ہٹ کر شائع کیا گیا تھا۔

ڈیرن لی مین سے سری لنکا ناراض
2003ء میں آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان برسبین کے ون ڈے کے دوران ڈیرن لی مین نے رن آؤٹ ہونے کا غصہ سری لنکن ٹیم پر نسلی تعصب پر مبنی فقرے کے ذریعے اتارا جو انہیں مہنگا پڑگیا اور آئی سی سی میچ ریفری کلائیو لائیڈ نے ان پر پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی پابندی عائد کردی۔
 
image


راشد لطیف نے گلکرسٹ کو کیا کہا؟
2003ء کے عالمی کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ نے اپنے ہم منصب راشد لطیف پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے مبینہ طور پر ان پر نسلی تعصب پر مبنی فقرہ کسا ہے۔ یہ معاملہ آئی سی سی کے میچ ریفری کلائیولائیڈ کے پاس گیا اور عدم شواہد پر راشد لطیف اس الزام سے بری کردیے گئے۔

راشد لطیف نے جوابی طور پر آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا کہ اس الزام سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی ہے تاہم وہ اس قانونی چارہ جوئی کو عملی جامہ نہ پہناسکے۔
 

image

سائمنڈز کا ہربھجن سنگھ پر الزام
2007 ء میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سڈنی ٹیسٹ میں بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ اور آسٹریلوی آل راؤنڈر اینڈریو سائمنڈز آپس میں الجھ پڑے۔ اس تلخ کلامی میں سائمنڈز نے ہربھجن سنگھ پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے انہیں بندر کہا ہے۔ آئی سی سی نے ہربھجن سنگھ پر تین میچوں کی پابندی عائد کردی جس پر بی سی سی آئی نے یہ دورہ ختم کرنے کی دھمکی دے ڈالی تھی۔ بعد میں تین میچوں کی پابندی کی سزا ختم کر کے اسے جرمانے میں تبدیل کردیا گیا۔

کمنٹیٹر نے کرکٹر کو دہشت گرد بنا دیا
 
image

2007ء میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان جب ہاشم آملا نے کمار سنگاکارا کا کیچ لیا تو اس میچ کی کمنٹری کرنے والے آسٹریلوی ڈین جونز بول پڑے ʺ دہشت گرد نے ایک اور وکٹ حاصل کرلی ʺ ۔

اگرچہ ڈین جونز نے اس بات پر ہاشم آملا سے معافی مانگ لی لیکن انہیں کمنٹری سے ہاتھ دھونے پڑے تھے۔
 
image


اصلی مونٹی پنیسر کون ہے؟
2014 ء کی ایشیز سیریز کے موقع پر کرکٹ آسٹریلیا کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل نے روایتی پگڑی پہنے چار سکھوں کی تصویر پوسٹ کی جس پر لکھا تھا ʺکیا اصلی مونٹی پنیسر کھڑے ہوجائیں گے پلیز ʺ ۔

کرکٹ آسٹریلیا کو نہ صرف یہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنا پڑا بلکہ معافی بھی مانگنی پڑی۔


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

Pakistan skipper Sarfraz Ahmed was heard on camera making racist remarks directed at South African batsman Andile Phehlukwayo who, along with Hendrick van der Dussen, had guided Proteas to a series-levelling win against the green shirts in the second One-Day International on Tuesday.