کیا کار کی پچھلی سیٹ سب سے زیادہ محفوظ ہے؟

اگر آپ کو کار میں لفٹ مل رہی ہے تو آپ کو یہ خیال آ سکتا ہے کہ پچھلی سیٹ پر بیٹھنا زیادہ محفوظ ہوگا۔ بہت سے والدین جب گاڑی چلا رہے ہوتے ہیں تو وہ اپنے بچوں کو پچھلی سیٹ پر بیٹھنے کے لیے ہی کہتے ہیں۔
 

image


لیکن امریکی موٹرنگ تنظیم کی تازہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پچھلی سیٹ اس قدر محفوظ نہیں ہوتی جتنا آپ خیال کرتے ہیں۔ لیکن کیوں؟

سینے پر چوٹ
انشورنس انسٹی ٹیوٹ فار ہائی وے سیفٹی (آئی آئی ایچ ایس) کی نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کار بنانے والوں نے ڈرائیور اور آگے بیٹھنے والوں پر زیادہ توجہ مرکوز کی ہے اور اس میں بہتری لانے کی کوشش کی ہے۔ لیکن انھوں نے پچھلی سیٹ پر بیٹھنے والوں پر بہت ہی کم توجہ دی ہے۔
 

image


سنہ 2000 کے بعد سے بہت سی کمپنیوں نے اپنی کاروں میں آگے بیٹھنے والے دونوں افراد کے لیے سامنے والے اور بغلی ایئر بیگ کا انتظام کر رکھا ہے، اس کے ساتھ سیٹ بیلٹ کا نظام بھی وہاں موجود ہے جس کا مقصد قوت کی شدت کو کم کرنا ہے تاکہ بیلٹ لگانے والوں کو کم چوٹ آئے۔

آئی آئی ایچ ایس کا کہنا ہے کہ زیادہ تر پچھلی سیٹ پر اس قسم کے حفاظتی انتظامات موجود نہیں ہیں۔

انھوں نے امریکہ میں سنہ 2004 سے 2015 کے درمیان ہونے والے کار حادثات کے اعدادوشمار کا جائزہ لیا ہے جس میں پیچھے بیٹھے افراد شدید زخمی یا ہلاک ہوئے ہیں۔

جن 117 کار حادثات کی جانچ کی گئی ہے ان میں یہ پایا گیا ہے کہ پیچھے بیٹھے ہوئے افراد اسی کار میں آگے بیٹھے ہوئے افراد کے مقابلے میں زیادہ بری طرح زخمی ہوئے۔

آئی آئی ایچ ایس نے پایا کہ ان میں زیادہ تر سینے کی چوٹیں یا زخم ہیں۔
 

image


پچھلی سیٹوں پر کم جدید طرز کے سیٹ بیلٹ فٹ کیے گئے ہیں جو فائدے سے زیادہ نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

آئی آئی ایچ ایس کا کہنا ہے کہ 'حادثے کی صورت میں پیچھلی سیٹ پر بیٹھنے والوں کو آگے بیٹھنے والوں کے مقابلے میں زیادہ مہلک چوٹیں آئی ہیں اور وہ ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ جس سے پتہ چلتا ہے کہ آگے والی سیٹ بیلٹس کے مقابلے پچھلی میں بچاؤ کی صلاحیت کم ہے۔'

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جس طرح آگے والی سیٹوں میں حفاظتی اقدامات کو بہتر بنایا گیا ہے اگر اسی طرح پچھلی سیٹوں کے حفاظتی انتظامات کو بہتر بنایا جائے تو کئی حادثات میں پیچھے بیٹھنے والے مسافروں کو ہلاک ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔

اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 'سینے کی چوٹ کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ان سیٹ بیلٹس میں جھٹکے کی شدت کو محدود کرنے کا نظام ہو تاکہ جب اس پر زیادہ زور پڑنے لگے تو کوئی گدے دار چیز باہر نکل آئے۔'

فراموش کردہ سیٹیں
روڈ سیفٹی کی غیر سرکاری تنظیم ایڈووکیٹس فار ہائی وے اینڈ آٹو سیفٹی کے ڈائریکٹر شان کلڈار نے بی بی سی کو بتایا کہ تحقیق کے نتائج تشویش ناک ہیں مگر اس میں چند حادثات پر ہی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
 

image


انھوں نے کہا 'ہم سامنے والی سیٹ بیلٹ میں بہتری لائے ہیں اور ائیر بیگ کا نظام بھی نصب کیا ہے لیکن ہم نے پچھلی سیٹوں کے لیے زیادہ کچھ نہیں کیا۔‘

لیکن اوبر اور لفٹ جیسی کار شیئرنگ کمپنیوں کی وجہ سے پچھلی سیٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد بڑھی ہے۔

اس رپورٹ میں پھولنے والی سیٹ بیلٹ کے فوائد پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے جو کہ جسم کے ٹکرانے کی رفتار کو کم کر دیتا ہے۔
 

image


اگر ائیر بیگز پچھلی سیٹ پر بیٹھنے والوں کے سامنے متعارف کرائے جائيں تو اس سے بھی زندگیاں بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔

'کار بنانے والے پچھلی سیٹ پر بھی سامنے والے ائیر بیگ کا انتظام کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر وہ کار کی چھت سے نکل آئیں۔ لیکن ابھی تک کسی گاڑی میں اس قسم کا انتظام نہیں کیا جا سکا۔'

اس تحقیق کے نتائج سے عقبی نشست کے حفاظتی انتظامات سے متعلق والدین اور مسافروں کے خدشات میں اضافے کے باوجود آئی آئی ایچ ایس کے صدر ڈیوڈ ہارکی پُرامید ہیں کہ چیزیں جلد ہی بہتر ہوں گی۔

انھوں نے کہا 'ہمیں یقین ہے کہ گاڑی بنانے والے پچھلی سیٹ سے متعلق کوئی حل نکال لیں گے جس طرح انھوں نے سامنے والی نشست کے لیے نکالا ہے۔'


Partner Content: BBC

YOU MAY ALSO LIKE:

Sitting in the back seat? You could be at more risk of dying or suffering serious injury in a head-on collision than someone sitting in the front. That counterintuitive finding comes from a study released Thursday by the Insurance Institute for Highway Safety, which found that rear passengers often lack sufficient protections in frontal crashes.