آپ کا گھر کے بچوں میں کون سا نمبر ہے؟ کیا آپ کا مزاج بھی ایسا ہی ہے؟

image


ایک گھر کے اندر ماں باپ کے علاوہ بچے ہوتے ہیں ۔ گھر کے اندر سب لوگ مختلف مزاج کے حامل ہوتے ہیں ان کے مزاج کے بارے میں جاننا گھر کے سکون کے لیے بہت ضروری ہوتا ہے ۔ کسی بھی انسان کے مزاج کے بارے میں جاننے کے لیے ضروری ہے کہ ان عوامل پر غور کیا جائے جو ان کے مزاج کے بننے کا سبب ہوتے ہیں ان عوامل میں سے ایک اہم نقطہ گھر کے بچوں کی ترتیب بھی ہے جو ان کے مزاج پر اثر انداز ہوتی ہے ۔ اس حوالے سے ماہر نفسیات ایڈلر نے کافی تحقیق کی اور اس بارے میں بچوں کی ترتیب اور ان کے مزاج کے حوالے سے ایک نظریہ پیش کیا جس کے مطابق بچوں کی پیدائش کی ترتیب ان کے مزاج کو جانچنے کا ایک اہم ذریعہ ہوتی ہے ایڈلر کے مطابق بچوں کا مزاج کچھ اس طرح ہوتا ہے-

1: بڑا بچہ
بڑا بچہ والدین اور خاندان والوں کی سب سے زيادہ توجہ اور پیار لیتا ہے ۔ جس کے سبب اس کے مزاج میں اعتماد اور حاکمیت ہوتی ہے- مگر اس کے ساتھ ساتھ اگلے بچے کی پیدائش کے بعد اس کے اندر ذمہ داری کا احساس بھی پیدا ہو جاتا ہے اور اس کو محبت لینے کے ساتھ ساتھ محبت دینے کا طریقہ بھی آتا ہے ۔ اس کے اندر شئيرنگ کا جذبہ بھی دوسرے بچوں کے مقابلے میں زيادہ ہوتا ہے ۔ احساس ذمہ داری کے ساتھ ساتھ حساسیت ایک ایسا جذبہ ہوتا ہے جو کہ اپنے بعد پیدا ہونے والے بہن یا بھائی کے سبب اس میں پیدا ہو جاتا ہے اور وہ بہت ساری باتیں خود تک محدود رکھنے لگتا ہے-
 

image


2: درمیانی بچہ
یہ بچہ اپنی پوزیشن کے سبب ایک پیچیدہ مزاج کا حامل ہوتا ہے یہ بچہ ایک جانب تو بڑے بچے کو مثال کے طور پر دیکھنے کا عادی ہوتا ہے تو دوسری جانب تیسرے بچے کے سبب کسی حد تک نظر انداز ہو رہا ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس میں جزبہ قربانی پیدا ہو جاتا ہے ۔ یہ بچہ حد درجہ حساس ہوتا ہے اور بار بار اپنا تقابل بڑے اور چھوٹے بچے سے کرنے کا عادی ہو جاتا ہے- اس وجہ سے اس میں خود اعتمادی کی کمی ہوتی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ بچے اس کوشش میں ہوتے ہیں کہ اچھا بچہ بن کر والدین کی توجہ وصول کر سکیں- اس لیے یہ اپنے مزاج کے اچھے پہلوؤں کو بہت زیادہ اجاگر کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس کے لیے یہ اپنے بڑوں اور چھوٹوں سب کے ساتھ یکساں محبت کرنے کی کوشش کرتے ہیں عام طور پر ایسے بچے مثالی بھی تصور کیے جاتے ہیں-

3: چھوٹا بچہ
کہا یہ جاتا ہے کہ چھوٹا بچہ عمر کے جس بھی حصے میں ہو اس کا بچپن کبھی ختم نہیں ہوتا ہے اس کو پیار کرنے والےاس کے ماں باپ کے ساتھ ساتھ اس کے بہن بھائی بھی ہوتے ہیں اور یہ بہت ساری محبتوں کے بیچ میں پلتے ہیں ۔ اتنی محبتیں ان کی شخصیت کو بہت پر اعتماد بنا ڈالتی ہیں اور ان کو یہ یقین ہوتا ہے کہ اس کی غلطیاں سدھارنے کے لیے موجود ہوتے ہیں مزاج کے حوالے سے یہ بہت خوش مزاج اور توجہ حاصل کرنے والے ہوتے ہیں زندگی سے بھر پور ہوتے ہیں اور ان کی یہ خاصیت ساری عمر ان کے ساتھ رہتی ہے-
 

image


4: اکلوتے بچے
یہ بچے چونکہ ساری محبت اور توجہ کے تن تنہا مالک ہوتے ہیں اس لیے انہیں کسی بھی قسم کی شراکت برداشت نہیں ہوتی ہے- ان کے اندر حاکمیت پسندی بہت زیادہ ہوتی ہے اس کے ساتھ ساتھ یہ جلد دوست بنانے کے قائل نہیں ہوتے ہیں- ان کے مزاج میں ایک سنجیدگی بہت کم عمری میں ہی شامل ہو جاتی ہے اور یہ معاملات کو بہت سنجیدگی سے لینے کے عادی ہوتے ہیں ۔ ایسے بچے یا تو بڑے بچوں کی تمام خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں یا پھر ان کے اندر چھوٹے بچوں والی خصوصیات پائی جاتی ہیں-

YOU MAY ALSO LIKE: