سونمیانی پاکستان کا ایک خوبصورت ترین ساحل جہاں ملے سنہری ریت اور صاف سمندری پانی

image
 
سونمیانی ایک ایسا خوبصورت ساحل ہے جس کی سنہری ریت اور صاف شفاف سمندری پانی کسی کا بھی دل موہ سکتا ہے- یہ ساحل اپنی خوبصورتی اور صفائی کے حوالے سے دنیا کے دیگر سمندری ساحلوں کے مقابلے میں کسی صورت بھی کم نہیں ہے-
 
 
یہ ساحل پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلیع لسبیلہ میں واقع ہے- یہ سمندری ساحل کراچی سے تقریباً 145 کلومیٹر کی دوری پر ہے- سونمیانی کراچی کے نزدیک موجود سب سے مقبول ترین ساحلوں میں سے ایک ہے اور سیاحوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے-
 
image
 
کراچی سے سونمیانی ساحل تک کا سفر بھی انتہائی دلچسپ ہوتا ہے- اس پورے سفر میں آپ کا واسطہ کہیں بلند و بالا پہاڑوں سے پڑتا ہے تو کسی کسی مقام پر موجود ہریالی آپ کے دل کو سکون کا احساس بخشتی ہے-
 
سونمیانی ساحل کی شہرت کی ایک وجہ یہاں مختلف اقسام کی مچھلیوں کا پایا جانا بھی ہے جبکہ ساحل پر پایا جانے والا اور عام نظر آنے والا ایک خاص قسم کا سفید کیکڑا بھی منفرد مقام رکھتا ہے -
 
image
 
اس کے علاوہ یہ علاقہ خلائی تحقیق اور ترقی کے لیے بھی قابلِ ذکر ہے- یہاں ایک خلائی مرکز بھی قائم ہے جسے سونمیانی اسپیس پورٹ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
 
image
 
مؤرخین کے مطابق کسی زمانے میں سونمیانی کا ساحل ایک بندرگاہ کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دیا کرتا تھا اور کاروبار کا ایک اہم ذریعہ تصور کیا جاتا تھا- یہاں بحری جہاز لنگر انداز ہوا کرتے تھے اور متعدد افراد کا روزگار ان سے منسلک تھا- تاہم بعد میں یہ سلسلہ کراچی کی بندرگاہ سے منسلک ہوگیا-
 
سونمیانی کا ساحل ہو اور غروبِ آفتاب کا منظر کہیں اور نہ ملنے والی یہ دونوں چیزیں آپ کو اردگرد سے بیگانہ کردیتی ہیں کیونکہ یہ ایک ایسا سحر انگیز نظارہ ہوتا ہے کہ چند لمحوں کے لیے آپ خود کو بھی بھول جاتے ہیں-
 
image
 
سونمیانی کے ساحل کی سیر نہ صرف تفریح سے بھرپور ہے بلکہ کئی اعتبار سے معلوماتی بھی ثابت ہوتی ہے- اور یہ ایسے یادگار اور قیمتی لمحات ہوتے ہیں جنہیں آپ کبھی فراموش نہیں کرسکتے-
 
image
YOU MAY ALSO LIKE: