شادی کی خوشی میں فائرنگ کرتی دلہن۔۔۔ویڈیو وائرل، لوگوں کی تنقید، کیا یہ طریقہ درست ہے؟

image
 
شادی خوشی کا نام ہے اور اس خوشی کے اظہار کے مختلف طریقے ہیں کچھ لوگ اس خوشی کا اظہار بینڈ باجوں سے کرتے ہیں تو کچھ لوگ چراغاں کر کے روشنیاں بڑھا کر خوشی مناتے ہیں- ہمارے معاشرے میں شادی کا مطلب رنگا رنگ ملبوسات اور لذیز پکوان اور بڑی بڑی تقریبات ہوتا ہے جو کہ کئی دنوں تک جاری رہتی ہیں-
 
لیکن ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو اپنی خوشی کے اظہار میں اس حد تک بڑھ جاتے ہیں کہ قانون و اخلاقیات کی دھجیاں بکھیر ڈالتے ہیں- ماضی میں شادی کی تقریبات میں ڈالرز کی بارش اور تمام شرکت کرنے والے افراد کے درمیاں مہنگے موبائل فون کی تقسیم جیسے واقعات تو ہم سب ہی نے سنے ہوں گے- اس کے علاوہ شادی کے موقع پر قریبی عزیز واقارب کی جانب سے آتش بازی کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ جو کہ اگرچہ خلاف قانون ہے مگر اس کے باوجود بھی کی جاتی رہی ہے-
 
مگر حالیہ دنوں میں ایک ویڈیو سوشل میڈيا کی زینت بنی یہ ویڈیو پنجاب کے کسی مضافاتی علاقے کی ہے اور موسم کے حالات دیکھ کر اندازہ ہو رہا ہے کہ یہ حال ہی کی ویڈیو ہے جس میں موجود لوگ آپس میں پنجابی زبان میں بات کر رہے ہیں
 
 
اس ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ شادی کا موقع ہے جہاں ایک لڑکی عروسی لباس میں موجود ہے اور مکمل نک سک سے تیار ہے اس کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ تصاویر یا تو اس کی رخصتی سے کچھ وقت پہلے لی گئی ہے یا پھر رخصتی کے فوراً بعد لی گئی ہے-
 
گھر کی چھت پر بنی ہوئي یہ ویڈیو جس میں سفید لباس میں ایک جوان آدمی نظر آرہا ہے اور اس کے ہاتھ میں ایک گن ہے اس نے گن لوڈ کی اور اس کے بعد اس نے یہ لوڈڈ گن اس دلہن کے ہاتھ میں پکڑا دی جس نے پے در پے کئی ہوائی فائر کیے-
 
اس واقعے کا افسوسناک پہلو یہ بھی تھا کہ اس واقعے کے دوران ایک کم عمر بچہ بھی واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے جس کے سامنے یہ غیر قانونی کام انجام دیا گیا اور اس کے بعد دلہن انتہائی فخریہ انداز میں گن دوبارہ اس آدمی کو دے دیتی ہے-
 
image
 
اس طرح کے واقعات قانونا جرم ہیں مگر اس حوالے سے ایسی کوئی اطلاع سامنے نہیں آسکی کہ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ان افراد کے خلاف کسی قسم کی کوئی قانونی کاروائی کی گئی ہے یا پھر ایف آئی آر کاٹی گئی ہے-
 
مگر اس کے باوجود خوشی کے اظہار کے لیے ایسے غیر قانونی کام انجام دینا ایک اچھا عمل نہیں ہے اور اس کی جتنی حوصلہ شکنی کی جائے کم ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: