میکے سے آئی عیدی تو بیٹی کا مان ہوتی ہے۔۔۔ہمارے معاشرے میں عیدی کی دلچسپ اقسام اور روایات

image
 
میکے سے آئی عیدی تو بیٹی کا مان ہوتی ہے""
یہ الفاظ ہیں مسز نائمہ وقار کے میکے سے ملنے والی عیدی کے بارے میں۔ نائمہ کہتی ہیں کہ اگرچہ ان کی شادی کو سات سال کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن آج بھی ان کی والدہ اور بھائی بھابھی پورے اہتمام سے ہر سال عیدی بھیجتے ہیں۔ نائمہ کہتی ہیں "ہماری ساری شاپنگ ایک طرف لیکن میکے سے آئی عیدی کی تو بات ہی الگ ہے یہ تو بیٹی کا مان ہوتی ہے
"
 
نائمہ نے بتایا کہ میکے سے آئی عیدی میں بیٹی داماد اور بچوں کے کپڑے، چوڑیاں، مٹھائی، مہندی، نقد رقم اور بعض اوقات سسرال والوں کے لئے عیدی بھی شامل ہوتی ہے
 
عید کے موقع پر عیدی دینا ہماری قدیم ترین روایات میں سے ایک ہے جس کے لینے اور دینے کا مقصد ایک دوسرے کے چہرے پر خوشی کے رنگ بکھیرنا ہوتا ہے ۔ زمانے کی تیز رفتار نے بھلے ہی خوشیوں کے رنگ ماند کردیے ہوں مگر عیدی کے رواج پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا۔ عیدی آج بھی اسی شوق سے لی اور دی جاتی ہے جیسے زمانوں قبل اس کا رواج تھا البتہ مہنگائی کے دور میں عیدی کی رقم بڑھانے کا مطالبہ ضرور کیا جاتا ہے۔
 
عیدی کے لفظ سے ہی کرارے ، کڑک نوٹ تصور میں گردش کرنے لگتے ہیں لیکن عید صرف نقد نہیں دی جاتی بلکہ ہمارے معاشرے میں عیدی کی چار اقسام ہیں اور چاروں ہی اپنی اپنی جگہ منفرد اور خوشیوں کے رنگ سے بھرپور ہیں
 
1- بچوں کی عیدی
یہ عیدی تو بچوں کا حق ہے اور وہ اپنا حق وصول کرنا خوب جانتے بھی ہیں۔ کچھ سالوں سے 100 روپیہ سے کم عیدی کی صورت میں خالہ، ماموں، چچا اور پھوپھی کو پورے سال بھتیجے بھانجوں کی ناراضی جھیلنی پڑتی ہے اس لئے آج کل عیدی کا ایوریج ریٹ 100 روپیہ کردیا گیا ہے
 
image
 
2- سسرال سے آئی عیدی
لڑکے یا لڑکی کی منگنی کے بعد ان کے سسرال سے آئی عیدی بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ خاص طور پر لڑکی کے لئے تو یہ عیدی بہت ہی خاص ہوتی ہے اور عام طور پر سسرال سے آیا جوڑا ہی عید پر زیب تن کرکے سہیلیوں کو دکھایا جاتا ہے۔ اس عیدی میں کپڑے، جوتے، چوڑیاں، مہندی، نقد رقم اور کبھی کبھار ہونے والے دولہا کی طرف سے کوئی تحفہ بھی شامل ہوتا ہے
 
3- میکے سے آئی عیدی
یہ عیدی تو لڑکیوں کے لیے میکے کا پیار اور مان ہوتی ہے جس کا وہ سارا سال ہی انتظار کرتی ہیں۔ میکے سے آئی عیدی اس بات کا احساس دلاتی ہے کہ لڑکی کے میکے والے آج بھی اس سے اتنا ہی پیار کرتے ہیں جتنا پہلے کرتے تھے
 
image
 
4- دفتر سے ملنے والی عیدی
اکثر دفاتر یا مالک حضرات اپنے ماتحت عملے کو عید کے موقع پر نقد عیدی یا کوئی تحفہ دیتے ہیں جس سے عملے میں خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے اور اپنے مالک کے لیے عزت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ بلاشبہ عید کے تمام رنگ ہی اپنے اندر بے پناہ خوشیاں سموئے ہوئے ہیں
YOU MAY ALSO LIKE: