”سنگ ماہ “کی خصوصی نمائش کی دھوم

ہم نیٹ ورک کا شمار ان اداروں میں ہوتا ہے جسے اس کی کامیابیوں اور اختراعی مواد کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔یہ ایک ایسا چینل ہے جو اپنے دیکھنے والوں کیلئے کچھ نہ کچھ مختلف کرنے کی کوشش کرتا ہے‘ عوامی سطح پر اس کی مقبولیت اسے عوامی مسائل سامنے لانے پر اکساتی رہتی ہے اور ہم گاہے بگاہے اس چینل سے بہت کچھ دلچسپ‘ مزیدار ‘ سبق آموز اور حوصلہ افزاءدیکھ پاتے ہیں ۔ہم نے اس چینل سے اُڈاری سے لے کر عہد وفا تک معاشرتی مسائل کا احاطہ کرتی ہوئی ڈرامہ سیریلز بنائیں جنہیں عوام نے بے حد پسند کیا۔اس وقت ہم نیٹ ورک کے دو ڈراموں نے ڈرامہ شائقین میں تہلکہ مچایا ہوا ہےیعنی عنقریب اختتام پذیر ہونے والا ڈرامہ ”پری زاد“ اور حال ہی میں شروع ہونے والا ڈرامہ ”سنگ ماہ۔“

جیسا کہ اس وقت سب ہی اس امر سے واقف ہوچکے ہیں کہ اس ڈرامے کے ذریعے گلوکار عاطف اسلم اپنی فنکارانہ زندگی کا آغاز کررہے ہیں جس کی وجہ سے عوام اس ڈرامے کے بے چینی سے منتظر تھے ۔ وہ دیکھنا چاہتے تھے کہ ان کے من پسند گلوکار میں اداکاری کے کتنے جوہر ہیں ۔عوامی ردعمل کو دیکھتے ہوئے ہم نیٹ ورک کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ بڑے اداکار کا ڈیبیو بھی بڑا ہونا چاہئے اور انہیں پہلی مرتبہ بڑی اسکرین پر ہی جلوہ گر ہونا چاہئے ۔ اسی سوچ کے پیش نظر سنگ ماہ کے آن ائیر جانے سے دو روز قبل یعنی 7جنوری کو اس کی پہلی قسط کا خصوصی شو سنیما میں پیش کیا گیا جب کہ8جنوری کو ملک بھر کے عوام کو اسے سینماﺅں میں دیکھنے کا موقع فراہم کیا گیا یوں ”سنگ ماہ“ پاکستانی ڈراموں کی تاریخ کا وہ پہلا ڈرامہ قرار پایا ہے جس کا آغاز سنیما سے کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں ہم نیٹ ورک کے ڈرامے ہم سفر سے ڈراموں کے اختتام کو سنیما میں پیش کئے جانے کی بنیاد رکھی گئی تھی جس کے بعد ”میرے پاس تم ہو“ کی آخری قسط بھی سنیما میں پیش کی گئی ۔

”سنگ ماہ“کے پریمیئر میں ڈرامے کی تمام کاسٹ اور ٹیم سمیت ہم ٹی وی نیٹ ورک کی اعلیٰ شخصیات اور شوبز افراد نے بھرپور شرکت کی۔شہرمیں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے یہ سمجھا جارہا تھا کہ شاید پریمیئر پر لوگ نہ پہنچ سکیں لیکن توقع کے برعکس یہ ایک پرہجوم تقریب تھی ‘ ہم نیٹ ورک کی روایت کے عین مطابق اس تقریب کے شرکاءکے استقبال کیلئے ریڈ کارپٹ کا اہتمام کیا گیا ‘اس موقع پر نورالہدی شاہ‘ ٹیپو‘علی رحمن‘ اعجاز اسلم‘ نوشین شاہ‘ حرا ‘ مانی‘مشال خان اور اسامہ طاہر بھی موجود تھے جنہوں نے اسکریننگ کا لطف اٹھایا۔

ڈرامے کی ریلیز سے قبل ایک غیر رسمی پریس کانفرنس منعقد ہوئی جس سے بات کرتے ہوئے ایم ڈی پروڈکشنز کی سی ای اور مومنہ درید نے کہا ”سنگ ماہ ایک غیر روایتی کہانی ہے جو پاکستانی کے شمالی علاقہ جات میں قائم ”غگ“یا ”“کی رسم کا احاطہ کرتی ہے جس نے کئی خواتین کی زندگیاں تباہ کرکے رکھ دی ہیں۔ہم نے اپنے اس ڈرامے کے ذریعے اس رواج کی حوصلہ شکنی کی کوشش کی ہے۔“

ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی نے کہا ”ہم نیٹ ورک ایک رجحان ساز ادارہ ہے‘ ایک ایسے وقت میں جب لوگ ہندوستانی سوپ کی پیروی کررہے تھے ہم نے اعلیٰ معیار کے ایسے پاکستانی ڈرامے پیش کئے جنہوں نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی‘ بعد ازاں انڈسٹری نے ہماری پیروی کی۔ ڈرامے کیلئے مصنفین کے ساتھ نئے تصورات کی تعمیر ہو یا فیشن انڈسٹری کی ترقی ‘پاکستانی ایونٹس کو دنیا تک لے جانا ہوہم نیٹ ورک ایک رجحان ساز ادرے کی حیثیت رکھتا ہے اور ہم مستقبل میں بھی صنعت کیلئے نئے معیارات تخلیق کیلئے کوشاں رہے گا۔“

ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ۔”رسک لینا اور تجربے کرنا بہت ہمت کی بات ہوتی ہے اور ہم نیٹ ورک نے ہمیشہ یہ ہمت دکھائی ہے ۔میں سمجھتی ہوں کہ جب آپ ہمت کرتے ہیں تب ہی بین الاقوامی سطح پر اپنی جگہ بناپاتے ہیں۔اس بات سے قطع نظر کہ کوئی ڈرامہ کامیاب ہوگا یا نہیں ہم نئے تجربات کرتے رہیں گے ‘ ہم نے گزشتہ دنوں حدیقہ کیانی کو بھی بطور اداکارہ پیش کیا ہے‘ یہ بھی ایک رسک تھا لیکن ہم اس میں بھی کامیاب رہے اور لوگوں نے انہیںبہت سراہا ‘ عاطف کی صلاحیتوں کے پیش نظر ہم انہیں لانچ کررہے ہیں اور ہمیں اُمید ہے کہ وہ ہماری اور عوام کی توقعات پر پورا اُتریں گے۔“

ڈرامے کے مرکزی کردار عاطف اسلم جو ڈرامے میں ہلمند نامی قبائلی سردار کا کردار ادا کررہے ہیں ‘نے اس موقع پر حاضرین سے ڈرامے کے حوالے سے اپنے تجربات پر بات کرتے ہوئے اس اُمید کا اظہار کیا کہ یہ ڈرامہ کامیابی کی نئی تاریخ رقم کرے گا۔”مجھ پر ہم نیٹ ورک نے جو بھروسہ کیا ہے اس کیلئے میں ان کا بے حد مشکور ہوں ‘ میرے ساتھی اداکاروں نے جس طرح سے میرے ساتھ تعاون کیا ہے میرے دل میں ان کی عزت و قدر مزید بڑھ گئی ہے۔“یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈرامے کا او ایس ٹی بھی عاطف اسلم نے ایک انتہائی منفرد انداز میں پیش کیا ہے۔“ اس موقع پر ہانیہ عامر‘ مصطفی آفریدی اور کبری خان نے بھی اظہار خیال کیا۔

یاد رہے کہ سنگ مرمر کا سیکوئل سنگ ماہ 9جنوری سے ہم نیٹ ورک پر پیش کیا جارہا ہے ۔ ڈرامے کی پہلی قسط کو ناظرین نے بے حد پسند کیا ‘ اس ڈرامے کے دیگر ستاروں میں نعمان اعجاز‘زاویار اعجاز‘ ہانیہ عامر‘ کبریٰ خان ‘ ثانیہ سعید ‘سامیہ ممتاز ‘میکال ذوالفقار اور فرحان سعید سمیت کئی اہم لوگ بھی شامل ہیں۔سنگ ماہ کی ہدایات بھی سیف حسن نے ہی دی ہیں اور کاسٹ کا زیادہ تر حصہ بھی سنگ مرمر کا ہی ہے ۔ یہ ڈرامہ ایم ڈی پروڈکشنز کے بینر تلے بنایا گیا ہے جس کے مصنف ہیں مصطفی آفریدی ۔

 

Shazia Anwar
About the Author: Shazia Anwar Read More Articles by Shazia Anwar: 197 Articles with 286557 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.