پاکستان میں سیلاب اتنا تباہ کن کیوں؟ ان وجوہات پر قابو نہ پایا تو 4 چیزیں ہمارا مقدر بن جائیں گی

image
 
پاکستان میں جہاں ہر طرف پانی ہی پانی نظر آتا ہے وہیں کئی ممالک میں لوگ پیاس سے بلک رہے ہیں۔ یورپ کے ٹھنڈے ممالک میں آگ برس رہی ہے، چین میں سڑکیں پگھل رہی ہیں، امریکا میں درخت جل رہے ہیں، مغربی ممالک میں انسان اور جانور گرمی سے مر رہے ہیں اور خوراک کا بحران بڑھتا جارہا ہے، بیماریاں سر اٹھا رہی ہیں لیکن دنیا ابھی بھی معاملے کی سنگینی کا احساس کرنے کو تیار نہیں ۔
 
آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ دنیا میں ہونیوالی ان تباہیوں کی اصل وجہ کیا ہے۔
 
پاکستان میں رواں سال مون سون سیزن میں ریکارڈ بارش ہوئی، گلیشیر پگھل گئے اور دریاؤں نے بھی سیلاب کا پانی اپنے اندر سمونے سے انکار کردیا جس کی وجہ سے چاروں صوبوں میں لاکھوں لوگ بے گھر اور سیکڑوں ہلاک ہوچکے ہیں۔
 
عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان طویل اور شدید بارشوں کا شکار ہوا اور اسی موسمی تبدیلی کی وجہ سے روس میں شدید گرمی کی لہر آئی۔2021 کے ایک مطالعہ کے مطابق بڑھتا ہوا عالمی درجہ حرارت ایشیا میں مون سون کو زیادہ شدید اور زیادہ بے ترتیب بنا رہا ہے۔
 
 
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی آبادی خاص طور پر موسمیاتی ایمرجنسی کی وجہ سے شدید موسمی خطرے میں ہے جو گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس کے مطابق دنیا میں آٹھویں نمبر پر ہے۔
 
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ آج آپ جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ صرف ٹریلر ہے اگر ہم موسمیاتی تبدیلیوں پر توجہ نہیں دیتے ہیں تو غربت، بھوک، غذائی قلت اور بیماریاں ہمارا مقدر بن سکتی ہیں۔
 
یہاں آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ پاکستان میں ہونیوالی شدید بارشیں اور دیگر ممالک میں برستی آگ قدرت کا کوئی پیغام نہیں بلکہ انسانوں کی اپنی کوتاہیوں کا نتیجہ ہیں۔
 
عالمی ماہرین کئی سالوں سے دنیا میں بڑھتی فضائی آلودگی کا معاملہ اٹھاتے آرہے ہیں، کورونا، ڈینگی، ملیریا، لمپی اور دیگر بیماریاں انسانوں اور جانوروں کو نگل رہی ہیں لیکن عالمی معاشی طاقتیں دنیا کو درپیش سنگین خطرات کے باوجود کوئی اقدامات اٹھانے پر آمادہ نہیں ہیں۔
 
image
 
فضائی آلودگی کا سبب بننے والے ممالک میں چین، امریکا، بھارت، روس، جاپان، جرمنی، ایران، جنوبی کوریا، سعودی عرب اور انڈونیشیا سرفہرست ہیں اور ان ممالک سے خارج ہونیوالا کاربن فضائی آلودگی میں بڑے اضافے کا سبب بن کر پوری دنیا کو شدید خطرات میں ڈال رہا ہے۔ حیرت کی بات تو یہ ہے کہ یہ ممالک اپنی معیشت بچانے کیلئے انسانی جانوں کو بھی خاطر میں نہیں لا رہے۔
 
پاکستان اور دیگر غریب ممالک اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور اگر فضائی آلودگی کے مسئلے پر فوری قابو نہیں پایا جاتا تو شائد آئندہ سالوں میں ہمیں اس سے بھی بدترین حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
YOU MAY ALSO LIKE: