رقم خرچ نہیں کر سکتے مگر مفت میں بھی نیکیاں کما سکتے ہیں، کچھ چھوٹے چھوٹے عمل کو بڑے ثواب کا سبب بنیں

image
 
اللہ تعالیٰ کی ذات بہت رحیم و کریم ہے جس نے نماز، روزہ، تلاوت قرآن پاک جیسے عمل کا حکم اور ان کے ثواب کا وعدہ امیر غریب ہر ایک سے یکساں اور انصاف سے کرنے کا وعدہ کیا ہے- مگر ہمارے اردگرد کچھ افراد ایسے بھی ہیں جن کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ اگر غربت یا سفید پوشی کے سبب امیروں کی طرح اللہ کی راہ میں بڑے بڑے جانوروں کی قربانی کر کے اس کا گوشت غریبوں میں نہیں بانٹ سکتے، ہر رمضان کی شب قدر خانہ کعبہ میں نہیں گزار سکتے تو ان کو اللہ کی جانب سے ملنے والا ثواب بھی امیروں کے مقابلے میں کم ہوگا- مگر یہ ان کی بھول ہے اللہ تعالیٰ کی ذات بہت عادل ہے ۔انہوں نے اعمال کا دارومدار نیت پر رکھا ہے- اچھی نیت سے چھوٹی سی نیکی کرنے کا اجر بھی اللہ کی بارگاہ میں قبولیت حاصل کر کے بہت بڑے ثواب کا سبب بن سکتا ہے- آج ہم آپ کو ایسی ہی کچھ نیکیوں کے بارے میں بتائیں گے جن کو کرنے میں کوئی خرچہ نہیں ہوتا مگر ان کا اجر بہت بڑا ملتا ہے-
 
1: راہ چلتے کسی فرد کو لفٹ دے دینا
آج کل کس دور میں جب کہ مہنگائی کے سبب سفر کرنا بہت مہنگا عمل ہے ایسے حالات میں اپنی سواری میں یا بائک پر کسی کو ساتھ بٹھا لینا غریب کے راستے کے کرائے کو بچانے کا سبب بن سکتا ہے- اس کے ساتھ ساتھ اس کی دعائيں آپ کو بڑی برکتوں سے نواز سکتی ہے-
image
 
2: اپنے پرانے کپڑے کسی غریب کو دے دینا
عام طور پر ہر گھر میں ایک پیٹی ایسی ہوتی ہے جو پرانے کپڑوں سے بھری ہوتی ہے جن کو سینت سینت کر موسم کی تبدیلی کے انتظار میں رکھا جاتا ہے- ایسے حالات میں سردی کے موسم میں اپنا پرانا سوئٹر یا رضائی کسی غریب کو دینے سے وہ جب جب ان اشیا کو استعمال کرے گا اس کے دل سے بے ساختہ آپ کے لیے دعا نکلے گی-
image
 
3: غریب بچوں کو اپنے بچوں کی پرانی کتابیں دینا
جن گھروں میں بچے ہوتے ہیں ان میں ہر سال کے ساتھ پرانی کتابیں ضائع ہوجاتی ہیں اور وہ نئے سال کے آغاز کے ساتھ نئی کتابیں خریدتے ہیں ایسے حالات میں پرانی کتابیں کسی غریب بچے کے حوالے کر دینے سے اس کا تعلیمی سلسلہ جاری رہ سکتا ہے اور جب وہ بچہ کسی قابل ہو گیا تو اس کی دعائیں آپ کے بچوں کو بھی کامیاب کر سکتی ہیں-
image
 
4: میٹھے بول بول دینا
کسی سے پیار بھری بات کرنا بھی ایک صدقہ ہوتا ہے جس پر کسی قسم کی رقم بھی خرچ نہیں ہوتی ہے اس وجہ سے غصے کے عالم میں بھی پیار بھری بات لوگوں کے دلوں میں آپ کے لیے محبت پیدا کرنے کا سبب بنتی ہے-
image
 
5: کسی کی عیادت کر لینا
بیمار بھائی کی عیادت کرنے کا حکم حدیث سے ثابت ہے اور اس کے لیے صرف کچھ وقت درکار ہوتا ہے اور خرچہ کچھ نہیں ہوتا- مگر اس سے ایک بیمار انسان کی دل جوئی ہوتی ہے اور بیمار انسان کی تکلیف میں کمی واقع ہوتی ہے جس کا اللہ کی بارگاہ میں بڑا درجہ ہوتا ہے
image
 
6: پرندوں کے پانی کا بندوبست
اللہ کی بے زبان مخلوق کے لیے گھر کی بچی ہوئی روٹی اور چاول یا پانی ڈال دینے سے آپ کی جیب سے تو کچھ خرچ نہیں ہوگا مگر ان بے زبانوں کو ملنے والے ہر ہر گھونٹ پانی اور نوالہ روٹی کا بڑے ثواب کا سبب بن سکتا ہے اور اس سے آپ کے رزق میں بھی برکت ہو سکتی ہے-
image
 
7: لڑنے والوں میں صلح کروا دینا
دو لڑنے والوں میں انصاف کے ساتھ فیصلہ کروا دینا اور ان کے درمیان صلح کروا دینا بڑے ثواب کا کام ہے اور اس کا حکم اللہ اور اس کے رسول نے بھی دیا ہے اس عمل کو کرنا بھی اگرچہ بغیر کسی روپے پیسے کے خرچے کے ہوتا ہے- مگر اس کا بدلہ انسان کے اعمال نامہ میں نیکیوں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے-
image
 
یاد رکھیں! اس بات کا انتظار کرتے رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے کہ آپ پیسے جمع کریں اور حج عمرہ کریں یا صدقہ خیرات کرنے کے لیے بڑی بڑی رقوم خرچ کریں کیوں کہ انسان کی زندگی ہر گزرتے پل کے ساتھ مختصر ہوتی جارہی ہے- اس وجہ سے کوشش کریں کہ ہر سانس کے ساتھ ایک نیکی کریں تاکہ جب آپ مرنے کے بعد اپنے نامہ اعمال کے ساتھ اللہ کے سامنے پیش ہوں تو آپ کے اعمال نامے میں ان چھوٹی چھوٹی نیکیوں کے بڑے بڑے ثواب بھی موجود ہوں-
YOU MAY ALSO LIKE: