دنیا کی سب سے پُرامید اقوام میں پاکستانیوں کا نمبر؟

رکیے! اپنی مصروفیات میں سے کچھ وقت نکالیے اور غور کیجیے کہ خوشی آپ کے لیے کیا اہمیت رکھتی ہے؟ کیا یہ پیسے کے حصول اور خواہشوں کے پورا ہونے سے حاصل ہوتی ہے یا اور بھی طریقے ہیں خوش ہونے کے؟ بات کی جائے پاکستان کی تو عموماً یہ تاثر سامنے آتا ہے کہ یہاں کی عوام تنگ دستی اور پریشانی کی زندگی گزار رہے ہیں اور امید کی کوئی کرن باقی نہیں رہی- اگر آپ بھی ایسا سوچتے ہیں تو پھر اپنی سوچ بدلیے کیونکہ پاکستان کے بارے میں ہم ایک حیرت انگیز انکشاف اپنے آج کے آرٹیکل میں کرنے جارہے ہیں-
 

image


پاکستانی قوم خبروں میں رہنا خوب جانتی ہے- حال ہی میں بین الاقوامی ادارے WIN/Gallup انٹرنیشنل کی جانب سے سال 2015 میں دنیا بھر سے 68 ممالک پر کیے جانے والے ایک سروے رپورٹ جاری کی گئی ہے- اس سروے کے نتائج کے مطابق دنیا بھر میں پاکستان اقتصادی ترقی کے حوالے سے پُرامید ممالک میں 5ویں پوزیشن پر ہے جبکہ مجموعی طور پر پاکستانی قوم پُرامید اقوام میں 10ویں پوزیشن پر براجمان ہے-

ورلڈ بینک نے پاکستان کی پرامید اقوام میں شمولیت کی وجہ معاشی ترقی کو قرار دیا ہے- بیشتر تجزیہ کاروں کے مطابق سال 2015 سرمایہ کاروں٬ کاروباری شخصیات اور صارفین کی واپسی سمیت پاکستان کے لیے کئی اعتبار سے بہترین رہا ہے- پاکستان کی معاشی بحالی پاکستان آرمی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس میں آپریشن ضربِ عضب اور کراچی میں ہونے والا آپریشن شامل ہیں- ان اقدامات سے ملک میں تیزی سے پھیلتی ہوئی دہشت گردی کو روکنے میں مدد ملی-
 

image


اس کے علاوہ پاک بھارت تعلقات پر پڑی منجمد برف اس وقت پگھلتی ہوئی محسوس ہوئی جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے شہر لاہور کا مختصر دورہ کیا- افغانستان میں امن کی کوششیں رائیگاں نہیں گئیں اور اس عمل میں بھی مثبت موڑ تب آیا جب مذاکرات کے لیے افغانستان٬ چین٬ پاکستان اور امریکہ کے ساتھ طالبان بھی شامل ہوئے-

بین الاقوامی ادارے گیلپ نے یہ سروے تین شعبوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا ہے جس میں دنیا کے سب سے خوش اور مطمئین باشندوں پر مشتمل ممالک٬ مجموعی طور پر دنیا کی سب پُرامید اقوام٬ اور اقتصادی ترقی کے حوالے سے پُرامید ممالک شامل ہیں-

گیلپ سروے کے نتائج کے مطابق 64 فیصد پاکستانیوں نے مجموعی طور پر خوش اور مطمئین ہونے کا اقرار کیا جو کہ ایک خوش آئند بات ہے- جنوبی ایشیا کی دیگر اقوام میں 66 فیصد بنگلہ دیشی٬ 58 فیصد بھارتی اور 42 فیصد افغانی قوم نے اپنے موجودہ حالات سے خوش اور مطمئین ہونے کا اقرار کیا-
 

image


بہتر مستقبل کے حوالے سے 74 فیصد افراد کی رائے کے ساتھ دنیا کی سب سے پُرامید قوم بنگلہ دیش کی ہے جبکہ نائجیریا اپنے 61 فیصد باشندوں کے ساتھ اقتصادی ترقی کے حوالے سے دنیا کا سب سے زیادہ پُرامید ملک ہے- اور اگر بات کی جائے دنیا کی سب سے خوشحال اقوام کی تو اس میں پہلا نمبر کولمبیا کا ہے جہاں کے 85 فیصد باشندوں نے اپنے حالاتِ زندگی سے مطمئین ہونے کا اقرار کیا ہے- پاکستان اپنی 42 فیصد پُرامید قوم کے ساتھ دنیا کے سب سے پُرامید اقوام کی فہرست میں 10ویں پوزیشن پر ہے اور اقتصادی ترقی کے حوالے سے 50 فیصد کے ساتھ 5ویں پوزیشن پر ہے-

پُرامید اقوام کی فہرست میں بھارت کا 47 فیصد افراد کے ساتھ نواں نمبر ہے جبکہ اقتصادی ترقی کے حوالے سے پُرامید ممالک کی فہرست میں بھارت اپنے 44 فیصد باشندوں کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر براجمان ہے-
 

image

گیلپ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے صدر Jean-Marc Leger کا کہنا ہے کہ “ سال 2015 کئی ممالک کے لیے ایک بہترین سال ثابت ہوا ہے- دنیا مجموعی طور پر خوش اور مطمئین لوگوں کی جگہ کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آئی ہے- 2016 کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے 45 فیصد دنیا پًرامید دکھائی دی جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے-

امید کرتے ہیں کہ سال 2016 میں زور پکڑتے ہوئے بحران جیسے کہ چین کی مارکیٹ کا کریش ہونا٬ پٹھان کوٹ ائیر بیس پر حملہ٬ ایران - سعودی عرب تنازعہ اور شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم کا تجربہ سال 2015 کے آخر میں شائع ہونے والی اس خوش کن رپورٹ یا سروے کی مٹھاس کو پھیکا نہیں کریں گے-
YOU MAY ALSO LIKE:

Pakistan knows how to remain in the highlights of the news. Recently a survey was held by WIN/Gallup International Survey 2015 comprising of 68 countries across the globe. The results of the survey were phenomenal that shows Pakistan ranked 5th on economic optimism and 10th on overall optimism.