چوہدری نثار صاحب کی پریس کانفرنس اور۔۔۔۔۔

ان کی خاص بات یہ ہے کہ وہ ایک منٹ کی بات کو ایک گھنٹے میں کہنے یدِ طولیٰ رکھتے ہیں۔ان کی گھنٹوں پر محیط پریس کانفرنسز میں عموماً کام کی بات محض دو منٹ کی ہوتی ہے۔ ان کی اس پریس کانفرنس پر ہمیں ایک لطیفہ یاد آگیا۔

چوہدری نثار صاحب ن لیگ کے پرانے رہنما ہیں۔ سابق وزیر داخلہ ہیں۔ ان کی خاص بات یہ ہے کہ وہ ایک منٹ کی بات کو ایک گھنٹے میں کہنے یدِ طولیٰ رکھتے ہیں اور اس معاملے میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ان کی گھنٹوں پر محیط پریس کانفرنسز میں عموماً کام کی بات محض دو منٹ کی ہوتی ہے۔ نواز شریف کی نااہلی اور برطرفی کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس کی ، تمام میڈیا اور سیاسی معاملات میں دلچسپی رکھنے والے افراد کا خیال تھا کہ وہ کوئی اہم انکشاف کریں گے لیکن اس میں وہ صرف خودنمائی اور اپنی تعریفیں کرتے رہے، وزارت چھوڑنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کچھ دنوں بعد وزارت چھوڑنے کی وجوہات بتاؤں گا۔

اس پریس کانفرنس کے بعد انہوں نے آج 20اگست کو ایک پریس کانفرنس کی۔ خیال تھا کہ اب وہ وزارت چھوڑنے کی وجوہات بتائیں گے لیکن اس بار بھی وہ ادھر ادھر کی باتیں کرتے رہے اور کہا کہ میرے پاس بہت راز ہیں جو وقت آنے پر بتاؤں کا ۔ وزارت چھوڑنے پر انہوں نے کہا کہ اس وقت پارٹی مشکل میں اس لیے ابھی وزارت چھوڑنے کی وجوہات نہیں بتا سکتا۔ بندہ پوچھے کہ بھیا جی جب آپ کے پاس بتانے کو کچھ نہیں ہے اور نہ ہی آپ کے خیال میں کچھ بتانے کے لیے وقت مناسب ہے تو پھر پریس کانفرنس کا ڈراما کرنے کی کیا ضرورت تھی۔

ان کی اس پریس کانفرنس پر ہمیں ایک لطیفہ یاد آگیا۔ آپ بھی سنیے۔ایک کمپنی کو دفتری امور کے لیے ایک مینجر کی ضرورت تھی، کمپنی نے اس کے لیے اشتہار دیدیا۔ اشتہار میں امیداور کی کم از کم قابلیت، ذاتی سواری اور کمپنی کے قریب رہائشی کو ترجیح جیسی باتیں واضح کردی گئیں۔ اشتہار چھپنے کے بعد ایک صاحب انٹرویو کے لیے پہنچ گئے۔ اب انٹرویو کے دوران کیا مکالمہ پیش آیا۔
ڈائریکٹر: آپ کی تعلیم کتنی ہے؟
امیدوار : میٹرک پاس
ڈائریکٹر: لیکن ہم نے تو واضح طور پر لکھا تھا کہ ہمیں گریجویٹ کی ضرورت ہے۔ لیکن خیر ہمیں ایک کلرک کی بھی ضرورت ہے ۔ کیا آپ کو دفتری امور کا کوئی تجربہ ہے؟
امیدوار : جی بالکل بھی نہیں
ڈائریکٹر: کمال ہے۔ ہم نے واضح طور پر لکھا تھا کہ تجربہ ضروری ہے۔ لیکن خیر ہمارے پاس کافی اسامیاں ہیں، ایک آؤٹ ڈور کلرک کی اسامی بھی ہے، آپ کے پاس ذاتی موٹر سائیکل تو ہوگی نا؟
امیدوار : جی نہیں میرے پاس سواری نہیں ہے۔
ڈائریکٹر: او ہو ! مسئلہ ہے۔ اچھا پیون کی نوکری کر لیں گے، ہمارے پاس ایک پیون کی بھی گنجائش ہے۔لیکن شرط یہ ہے کہ دفترکے قریب رہائش ہونی چاہیے، آپ کی رہائش کہاں ہے؟
امیدوار: جی میں تو یہاں دو گھنٹے کی مسافت پر رہتا ہوں۔
ڈائریکٹر:( غصے میں) نہ آپ کے پاس ڈگری ہے، نہ دفتری امور کا تجربہ، نہ ذاتی سواری اور نہ ہی دفتر کے پاس رہائش ۔ تو پھر یہاں کیا لینے آئے تھے؟
امیدوار: اطمینان سے : جی میں یہ کہنے آیا ہوں کہ کسی اچھے سے بندے کو بھرتی کرلیجیے گا میرا انتظار مت کیجیے گا۔

جی قارئین تو بس چوہدری صاحب کی پریس کانفرنس کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی ہے کہ میں ابھی کچھ نہیں کہوں گا اس لیے میرے انتظار میں مت بیٹھو اور کسی اور کی پریس کانفرنس سن لو۔

Saleem Ullah Shaikh
About the Author: Saleem Ullah Shaikh Read More Articles by Saleem Ullah Shaikh: 534 Articles with 1451445 views سادہ انسان ، سادہ سوچ، سادہ مشن
رب کی دھرتی پر رب کا نظام
.. View More