گیم نہیں صحت مند کھیل کھیلیں

تحریر:ارم فاطمہ، لاہور
ظہیر اور دانش آپس میں بہترین دوست تھے۔ وہ دونوں اسکول کی کرکٹ ٹیم کے بہترین کھلاڑی تھے۔ ان کا شمار کلاس کے ذہین اسٹوڈنٹس میں ہوتا تھا۔ ان کی وجہ سے ان کے اسکول نے بہت سے کرکٹ مقابلے جیتے تھے۔ اسکول کے پرنسپل سر احمد حبیب کو ان پر بجا طور پر فخر تھا۔ ان کا اسکول شہر کے بہترین اسکولوں میں شامل تھا جہاں طالب علموں کوپڑھائی کے ساتھ ساتھ ہر طرح کے کھیل کی سہولتیں بھی حاصل ہیں۔دو ہفتے بعد ان کا دوسرے اسکول کی کرکٹ ٹیم سے نہایت اہم مقابلہ تھا۔ وہ دونوں روز شام کے وقت گراؤنڈ میں پریکٹس کرتے تھے۔

آج بھی جب وہ دونوں پریکٹس کے بعد گھر جا رہے تھے تو ظہیر کہنے لگا !" دانش کل ہم واپسی پر متین کے گھر چلیں گے۔ ہم سبھی یہ بات جانتے ہیں کہ وہ اسکول کا بہترین باؤلر ہے۔ جب سے اس کے ابو نے اسے کمپیوٹر لے کر دیا ہے اس نے شام کو کرکٹ پریکٹس بہت کم کردی ہے۔ بہت سے مقابلوں میں تو حصہ بھی نہیں لیا ہے۔دانش کہنے لگا !" تم تو جانتے ہو اسے کمپیوٹر گیم کا کتنا شوق ہے۔ یہی وجہ ہے اس نے شام کو کھیلنا کم کردیا ہے۔ظہیر کہنے لگا ! یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اسے سمجھائیں۔" بے شک آج کے دور میں کمپیوٹر کی بہت اہمیت ہے لیکن صحت کے لئے جسمانی ورزش بھی ضروری ہے۔ جب دیکھیں اسے وہ کمرہ بند کیے کمپیوٹر پر بیٹھا رہتا ہے۔

دانش ! تم ٹھیک کہتے ہو۔ کل ضرور چلیں گے۔اگلے دن وہ متین کے گھر گئے تو اس کی امی کہنے لگیں " متین اپنے کمرے میں ہے "جب وہ دستک دے کر اندر داخل ہوئے تو بے انتہا شور نے انہیں پریشان کردیا۔ کمرے میں اندھیرا تھا۔ تیز میوزک میں متین کمپیوٹر پر گیم کھیل رہا تھا۔ان دونوں کو دیکھ کر اس نے کمپیوٹر بند کردیا۔دانش کہنے لگا ! تم اب پریکٹس کرنے گراؤند میں نہیں آتے ؟ تم اتنے تیز میوزک اور اندھیرے میں کمپیوٹر پر نظریں جمائے بیٹھے ہو، تمہیں پتا ہے اس سے نکلنے والی شعاعیں بینائی کو متاثر کرتی ہیں۔کم از کم کمرے میں روشنی تو ہونی چاہیے۔

متین کہنے لگا ! " تم جانتے ہو مجھے کمپیوٹر کا بے انتہا شوق ہے۔ اسکول کا کام ختم کرنے کے بعد کبھی گیم کھیلتا ہو تو کبھی پروگرامنگ کرتا ہوں۔ میں مستقبل میں اسی فیلڈ میں جانا چاہتا ہوں۔

ظہیر کہنے لگا ! ہم تمہیں یہی سمجھانے آئے ہیں۔ بے شک موجودہ دور کے حساب سے تمہارا فیصلہ درست ہے۔ آنے والا دور کمپیوٹر کا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ تمہیں اس کے نقصان دہ پہلوؤں کو بھی سامنے رکھنا چاہیے۔

تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ انسان کے لئے تازہ ہوا اور کھلی فضا کتنی ضروری ہے۔ اسی لیے ہم چاہتے ہیں تم باقاعدگی سے پریکٹس کے لئے آؤ اور اگلے ہفتے ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ میں ضرور حصہ لو۔تمہیں خود محسوس ہوگا کہ یہ جسمانی صحت کے لئے کتنا ضروری ہے۔ اور سب سے بڑھ کر اسکول کو تمہارے جیسے کھلاڑی کی ضرورت ہے۔ کیا تم اپنے اسکول کے لئے اتنا بھی نہیں کرسکتے۔

متین انہیں خاموشی سے دیکھتا رہا۔وہ شاید کچھ سوچ رہا تھا۔ اس کے دوستوں کی کہی ہر بات درست تھی۔وہ جانتا تھا۔ تبھی اس نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے اسکول کے لئے ضرور کھیلے گا۔اور اپنے اسکول کو ٹورنامنٹ جتانے کی بھرپور کوشش کرے گا۔

ظہیر اور دانش اس کے اس فیصلے سے بے حد خوش تھے۔اب دانش ان کی باتوں سے جان گیا تھا کہ جسمانی صحت کے لئے کھیل بہت ضروری ہیں۔

Maryam Arif
About the Author: Maryam Arif Read More Articles by Maryam Arif: 1317 Articles with 1023180 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.