پنجاب کا سب سے بڑا مسئلہ شراب و منشیات کا خاتمہ ہے!

یہ حقیقت ہے کہ ہر انتخاب میں مسلمانوں کا ووٹ حد درجہ اہمیت رکھنے کی وجہ سے موضوع بحث بنتا ہے۔ملک کی تمام چھوٹی و بڑی سیاسی جماعتیں مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے کی مختلف انداز سے سعی و جہد کرتی ہیں۔مسلمانوں کا ووٹ جس پارٹی یا امید وار کو ملنے کی امید ہو جائے ،اس کی کامیابی تقریباً طے ہے۔اس سب کے باوجود نہ مسلمانوں کو اپنے ووٹ کی قدر ہے اور نہ ہی مسلم نمائندوں یا جماعتوں کو اس حیثیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مسلمانوں سے متعلق مسائل جو ملکی سطح پر بھی ہیں،علاقائی اور مقامی سطح پر بھی ہیں اور سماجی سطح پر بھی ہیں،ان کے حل میں پیش رفت کا موقع میسر آتا ہے۔اور اگر کچھ ہوتا بھی ہے تو وہ یہ کہ کچھ مسلمان وقتاً فوقتاً سیاسی پارٹیوں سے تعلقات استوار کرتے ہیں اور اپنی حیثیت کے لحاظ سے لین دین کا سودا کر لیتے ہیں۔نتیجہ میں وہ خوب مستفید ہوتے ہیں۔برخلاف اس کے آزادی سے لے کر آج تک مسلمانوں کو بحیثیت قوم اس سیاسی محاذ آرائی میں کو ئی بڑا فائدہ نہیں ہوسکا ہے۔وہیں ہندوستانی مسلمانوں کا ایک بڑا مسئلہ اُن کی سیاسی قدر و قیمت کا نہ ہونا بھی ہے۔جس کی وجہ سے وہ ہر مرتبہ الیکشن میں اُن جماعتوں کا اپنا قیمتی ووٹ دیتے ہیں جنہیں عموماً فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف محاذ آرائی میں سرگرم پایا جاتا ہے یا اس کی حریف ہوتی ہیں۔لیکن یہ بھی عجب سانحہ ہے کہ وہی سیاسی جماعتیں جنہیں فرقہ پرست طاقتوں کا الیکشن کے زمانے میں یا دوران مدت حریف سمجھا جاتا ہے،حریف سمجھانے کی کوشش کی جاتی ہے،یا اس کے مد مقابل وہ اپنے نمائندوں کو کھڑا کرتے ہیں۔بہت جلد وہ بھی اُن سیاسی جماعتوں سے اپنے تعلقات استوار کرنے کی فکر میں مبتلا ہوجاتے ہیں،جن کے خلاف اقلیتوں اور مظلومین نے اپنا قیمتی ووٹ دیا تھا۔وہیں یہ بات بھی حقیقت سے بالاتر نہیں ہے کہ فرقہ پرست طاقتوں کے مقابل جماعتیں بظاہر فرقہ پرست طاقتوں سے اپنے تعلقات استوار نہ کرتی نظر آئیں، اس کے باوجود فرقہ پرستی کے حاملین کی ایک بڑی تعداد اُن کے پالیسی ساز اداروں میں اور ان کی فکر میں موجود ہوتے ہیں،جس کی بنا پر فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف ووٹ ڈالنے والوں کو الیکشن کے بعد ،پانچ سالہ مدت میں کوئی خاص فائدہ نہیں پہنچتا۔نہ کیے گئے وعدے پورے کیے جاتے ہیں،نہ ان کے لیے کسی قسم کی اسکیم کا آغاز ہوتا ہے،نہ موجودہ اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کا پروگرام بنایا جاتا ہے،نہ مسائل کے حل پے توجہ دی جاتی ہے اور نہ ہی کسی بھی سطح پر محسوس ہوتا ہے کہ اقلیتوں اورمظلومین کی جانب توجہ کی جا رہی ہے۔نتیجہ میں مسائل وہیں کے وہیں موجود رہتے ہیں اور کم نہیں ہوتے نیز نئے مسائل اقلیتوں اور مظلومین کی مزید کمر توڑ دیتے ہیں۔گفتگو کے اس پس منظر میں مسلمانوں کے ووٹ شیئراورمسائل کے ساتھ ملک و سماج کے عمومی مسائل کا بھی جائزہ لینا چاہیے، کہ آیا ملک میں درپیش مسائل کا خاتمہ ہو رہا ہے یا نہیں؟نیز ہر صبح اہل ملک جو ایک نئے مسئلہ کے ساتھ جوجھتے نظر آتے ہیں اس کی وجہ کیا ہے؟لیکن فی الوقت ہم اقلیتوں اور مظلومین کے مسائل پر بات نہ کرتے ہوئے ریاست ِپنجاب کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیں گے۔اس کے باوجود ہماری رائے ہے کہ اقلیتوں سے وابستہ اور مظلومین میں سے ہر فرد کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر اٹھائے گئے سوالوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ساتھ ہی مسائل کے حل میں لائحہ عمل کا تیار کیا جانا اور اس میں پیش رفت کی جانب ہمہ وقت توجہ و غور فکر کا مرحلہ بھی طے کرتے رہنا چاہیے۔

گزشتہ ہفتہ ہم نے پنجاب کی صورتحال پر گفتگو کی تھی،جہاں موٹے طور پر یہ بات سامنے آئی تھی کہ پنجاب میں گرچہ اقلیتوں کے مسائل برائے نام ہیں ۔وہیں ریاست میں مذہب کی بنیاد پر موجود اقلیتیں بھی چند مخصوص پاکٹس کے علاوہ برائے نام ہی ہیں۔اس کے باوجود پنجاب کے بے شمار مسائل ہیں جنہیں بحیثیت مسلمان اور بحیثیت ملک کا شہری نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ان مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ شراب نوشی اور منشیات کا ہے جس نے ریاست کے ہر گھر کو متاثر کیا ہوا ہے۔دوسرا مسئلہ کرپشن ہے جس نے ریاست کی جڑیں ہر سطح پر کھوکلی کی ہوئی ہیں۔تیسرا بے روزگاری کا بڑھتا گراف ہے۔وہیں بڑھتی مہنگائی،کسانوں کے قرضے،کھیتی باڑی کے مسائل،ستلج کا پانی اوراس کا حق،تعلیمی پس ماندگی،خواتین کے حقوق سے کھلواڑ اور ریاست میں دوپارٹی سسٹم کا وجود بھی ایک قسم کا مسئلہ ہی ہے جس کے نتیجہ میں عوام کے سامنے متبادل نہ ہونا جمہوریت کا کھلا مذاق ہے۔مذاق اس لیے ہے کہ دونوں ہی سیاسی جماعتیں ایک عرصہ سے عوام کا استحصال کرتی آئی ہیں اور مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ہیں۔یہی وجہ ہے کہ شراب نوشی اور منشیات ،جس سے ہر گھر متاثر ہے، اس کے ٹھیکہ بھی وہی لوگ حاصل کرتے ہیں جن پر ذمہ داری ہے کہ وہ اُس کے نقصانات سے بچائیں۔اور چونکہ ریاست میں ایک بڑی رقم منشیات اور شراب کے فروغ سے حاصل ہو رہی ہے، اس لیے اس کے خاتمہ کے لیے برسراقتدارموجودہ یا سابقہ حکومتوں کا رویہ تشویشناک ہے۔باوجود اس کے شراب نوشنی اور منشیات کے بے انتہا استعمال سے ریاست میں نوجوان ،جوان اور بڑی عمر کے افراد ہر لحاظ سے پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔بے انتہا شرانی نوشی اور منشیات کی لت نے صلاحیتوں کو ضائع کردیا ہے،وہیں دولت ایک ایسی اشیاء کے حصول میں خرچ کی جارہی ہے جس سے کچھ حاصل ہونے کی بجائے الٹا نقصان ہو رہا ہے۔منشیات کی لت نے صحت عامہ کے مسائل اضافہ کیا ہے،سماجی برائیاں عام ہورہی ہیں،خاندانی نظام درہم برہم ہو رہے ہیں،عفت و عصمت تار تار ہو رہی ہے،ساتھ ہی منشیات کی لت نے نوجوانوں کو بے روزگاری میں بھی مبتلا کیا ہے،غنڈہ گردی میں اضافہ ہوا ہے وہیں نظم و نسق کمزور ہوا ہے۔اس پورے پس منظر میں ریاست میں شراب نوشنی و منشیات کا خاتمہ سب سے بڑا ایشو بنا ہوا ہے۔

4؍فروری2017کو پنجاب کی 117اسمبلی سیٹوں پر الیکشن ہونے ہیں۔جس کے لیے کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا ہے۔کانگریس کے منشور میں لڑکیوں کو مفت تعلیم دینے،نوکریوں اور تعلیم میں خواتین کو 33%فیصد ریزرویشن دینے،نوجوانوں کو روزگار اور کسانوں پر خصوصی فوکس ،نوجوانوں کو اسمارٹ فون،4ہفتہ میں نشہ کے مسئلہ کو ختم کرنے،پنجاب میں انڈسٹری کو فروغ دینے،کسانوں کو کم رقم پر بجلی فراہمی اور پنجاب کا پانی پنجاب کے لیے جیسے وعدے کیے گئے ہیں۔دوسری جانب عام آدمی پارٹی نے کسانوں کو 12گھنٹے مفت بجلی دینے ساتھ ہی فصل برباد ہونے پر کسانوں کو 20ہزار روپے فی ایکڑمعاوضہ دینے ،کسانوں کا قرض معاف کرنے،نیز 2018تک سبھی کسانوں کے قرض سے پاک ریاست کرنے ،ستلج یمنا لنک کے لیے لی گئی کسانوں کی زمین واپس کرنے،شراب اور منشیات پر پابندی لگانے،بے روزگاری ختم کرنے،تعلیم کے فروغ اور اسے عام کرنے وغیرہ جیسے وعدے کیے ہیں۔اس موقع پر جہاں ایک جانب کانگریس اور عام آدمی پارٹی اپنے منشور کے ذریعہ نیز سیاسی تشہیر کے ذریعہ لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں مصروف ہیں وہیں بی جے پی اکالی الائنس کے حالات تشویشناک ہیں۔ریاست میں گزشتہ10سالوں سے برسراقتدار رہنے کی وجہ سے نیز عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہونے کے سبب کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے بالمقابل برسر اقتدار حکومت بہت کمزور نظر آرہی ہے۔نیز صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ 2017میں یا تو کانگریس ریاست میں اقتدار سنبھالے گی یا پھر دہلی کی طرح ایک نئی سیاسی پارٹی،عام آدمی پارٹی ریاست کی باگ دوڑ اپنے ہاتھ میں لے گی۔عام آدمی پارٹی کی مقبولیت اس لیے بھی بڑھتی جا رہی ہے کہ ریاست میں گزشتہ کئی سالوں سے عوام دونوں ہی پارٹیوں کو حکومت سونپ چکے ہیں،اس کے باوجود شراب و منشیات کے خاتمے اور کرپشن و بے روزگاری کے خاتمے وغیرہ جیسے ایشوز پر دونوں ہی پارٹیوں نے کوئی خاص کردار ادا نہیں کیا۔نتیجہ میں عوام دونوں ہی پارٹیوں سے بدظن ہیں۔وہیں تازہ صورتحال یہ ہے کہ نوجوت سنگھ سد ھونے بی جے پی کا ساتھ چھوڑ کر کانگریس کا دامن تھام لیا ہے۔اور انہوں نے بھی دوسروں کی طرز پے لے سے لے ملاتے ہوئے عام آدمی پارٹی کو "باہری"ثابت کرنے کی بات کہی ہے، اس کے باوجود تجزیہ نگاراورعوام کی ایک بڑی تعداد ریاست میں ابھرتی ہوئی تیسری بڑی پارٹی کی آمد کی بات کہتے ہوئے سنی جا سکتی ہے!
Muhammad Asif Iqbal
About the Author: Muhammad Asif Iqbal Read More Articles by Muhammad Asif Iqbal: 218 Articles with 145679 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.