وزیراعظم آزادکشمیر کا شہر کا دورہ احکامات پر عملدر آمد کی بھی ضرورت!

تحریر جہانگیر حسین اعوان
وزیراعظم فاروق حیدر خان نے مظفرآباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے شہر میں صفائی ستھرائی اور ٹریفک کی سہولیات تجاوزات کوڑا کرکٹ اور دیگر شہری مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا اور انہیں موقع پر متعلقہ حکام کو حل کرنے کے احکامات دیئے ہیں ۔وزیراعظم فاروق حیدر نے موسم گرما کے آغاز پر ڈینگی وائرس پھیلنے کی خبروں کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو متنبہ کیا ہے کہ اگر ڈینگی وائرس سے کسی کو کچھ ہوا تو ذمہ داران سے سخت بازپرس ہوگی کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا وزیراعظم فاروق حیدر کے ہمراہ وزیر تعلیم وایم ایل اے حلقہ تین بیرسٹر افتخار گیلانی ‘ایڈمنسٹریٹر شکیل گیلانی‘چیف آفیسر سید قمرعباس‘اسٹیٹ آفیسر انجم بلال‘مجسٹریٹ سجاد شاہ سمیت دیگر محکمہ جات کے حکام بھی تھے ۔وزیراعظم نے تاجروں اور شہریوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ جگہ جگہ کوڑا کرکٹ نہ پھینکیں صفائی کا ہر صورت خیال رکھا جائے وزیراعظم کا شہری علاقوں کا دورہ خوش آئندہ ہے لیکن جہاں تک ڈینگی وائرس کا تعلق ہے اس سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت میونسپل کارپوریشن کو وسائل کی ضرورت ہے ڈینگی وائرس صاف پانی کھڑا رہنے سے پھیلاتا ہے شہریوں کو اپنے واٹر ٹینکس سے فالتو پانی مکان کے اردگرد بہہ کر جمع ہونے سے بچانا چاہیے ہر کام کے لیے حکومت اور سرکاری اداروں پر نظر نہ رکھی جائے بحثیثت شہری ہماری بھی کوئی ذمہ داریاں ہیں ان ذمہ داریاں سے غفلت برتنے کی وجہ سے شہر میں غلاظت گندگی تعفن جیسے مسائل کا سامنا ہے ۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی خواہش ہے کہ شہری صاف ستھرا ہو اس کے لیے متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ شہریوں تاجروں پر مشتمل وارڈز محلوں بازاروں تک کی مشاورتی ٹیمیں بنائیں جو مل جل کر کام کریں ۔حفظان صحت کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کرہی شہر کو صاف ستھرا رکھا جاسکتا ہے میونسپل کارپوریشن کے پاس آبادی کے تناسب سے نہ تو عملہ ہے اور نہ ہی فنڈز کا کوئی بندوبست ہے چوگیوں کے خاتمے کے بعد میونسپل کارپوریشن مسائل کا شکار ہے ۔جس کی وجہ سے ملازمین کو تنخواہیں پنشن ادا کرنا بھی مشکل ہوجاتا ہے اور اکثر اوقاف ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کے لیے مجبور ہو جاتے ہیں بلدیاتی ادارہ جات کے ریٹائرڈ ملازمین بھی وزیراعظم کی خاص توجہ کے مستحق ہیں جو اپنی زندگی کا بڑا حصہ شہریوں کی خدمت میں گزارتے ہیں لیکن جب ریٹائرڈ منٹ ہوتی ہے تو انہیں پنشن کے حصول کے بڑے پاپڑ بیلنا پڑھتے ہیں وزیراعظم ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے لیے مختص رقم کو اے جی آفس منتقل کروا دیں تو یہ ریٹائرڈ ملازمین انہیں عمر بھر دعائیں دیں گے شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے نئے لاری اڈوں کی تعمیر غیر قانونی پارکنگ کا مکمل خاتمہ از حد ضروری ہے انتظامیہ یا پولیس جب کوئی کارروائی کرتی ہے تو بااثر افراد آڑے آجاتے ہیں قانون صرف عام شخص تک ہی رہ جاتا ہے کوئی شخص کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو اگر وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے تو اس کے ساتھ قانونی کارروائی اسی طرح کی ہونی چاہیے جس طرح کے امریکہ۔برطانیہ۔یورپین ممالک میں ہوتی ہے جہاں کوئی صدر یا وزیر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر جائے تو اسے بھی جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے ۔وزیراعظم کی ایک اور توجہ سبزی منڈی کے قیام کی طرف مبذول کروانا چاہتے ہیں سبزی منڈی کے قیام کے لیے موہری گوجرہ میں اراضی مختص ہے ایم سی ڈی پی کے تحت سبزی منڈی تعمیر کی جانی تھی لیکن یہ منصوبہ ابھی تک حکومتی احکامات کا منتظر ہے ۔۔

MOHSIN KHAWAJA
About the Author: MOHSIN KHAWAJA Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.