پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ اور ایک دن کی وزارت٬ کس نے کیا کہا؟

اچھے انجینئیر بہترین معیشت اور ملک کے مضبوط بنیادی ڈھانچے کے ضامن ہوتے ہیں- انجینئرنگ کرنا بھی کوئی آسان کام نہیں اور اس شعبے کو اپنی زندگی مقصد بنانے والوں کو پہلے روز سے ہی ہر قدم پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرنی ہوتی ہیں- اور تب ہی یہ لوگ مستقبل میں ایک بہترین انجینئیر بن کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں- مستقبل کے چند انجینئرز کی ایک مثال اس وقت دیکھنے میں آئی جب گزشتہ روز کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ نے پری انجینئرنگ کے سالانہ امتحانات برائے 2017 کا اعلان کرتے ہوئے ان امتحانات میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں کو ان کی کامیابی پر نہ صرف شاباش دی بلکہ ان کی کاوشوں کو سراہا بھی اور ساتھ ہی انعامی چیک سے بھی نوازا- ہماری ویب نے ان پوزیشن ہولڈرز سے خصوصی بات چیت کی جس میں مختلف سوالات کیے گئے- ان سوالات و جوابات کا مقصد جہاں ایک جانب ان پوزیشن ہولڈرز کو آئیڈیل کے طور پر پیش کرنا ہے وہیں دوسری طرف دیگر طالبعلموں کی رہنمائی کرنا بھی ہے-

سب سے پہلے ہم بات کریں گے پری انجنئیرنگ کے سالانہ امتحانات برائے 2017 میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی خوش نصیب طالبہ حنیفہ الہٰی سے- حنیفہ نے ان امتحانات میں 1100 میں سے 992 نمبر حاصل کیے-
 

image

ہماری ویب: کالج کا نام؟
حنیفہ الہٰی= بحریہ کالج کارساز-

ہماری ویب: پوزیشن حاصل کرنے پر کیا احساسات ہیں؟
حنیفہ الہٰی= بہت خوش ہوں اور سب سے پہلے اﷲ تعالیٰ کی شکر گزار ہوں اور اس کے بعد اپنے والدین اور اساتذہ کی جن کی مدد کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا-

ہماری ویب: کیا کالج روزانہ جاتی تھیں؟
حنیفہ الہٰی= جی ہاں روزانہ جاتی تھی-

ہماری ویب: آپ نے پری انجنئیرنگ کا انتخاب کیوں کیا؟
حنیفہ الہٰی= میڈیکل کی جانب میرا زیادہ رجحان نہیں تھا جبکہ اس مضمون میں میری دلچسپی بھی تھی-
 

image

ہماری ویب: آپ کے والدین کیا کرتے ہیں؟
حنیفہ الہٰی= میرے والد کا میری پیدائش سے دو ماہ قبل ہی انتقال ہوگیا تھا جبکہ والدہ ایک گھریلو خاتون ہیں-

ہماری ویب: آپ کی نظر میں ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟
حنیفہ الہٰی= تعلیم کو عام کیا جائے کیونکہ ہر ملک کی ترقی کے لیے تعلیم سب سے ضروری عنصر ہے-

ہماری ویب: اگر آپ کو ایک دن کے لیے وزیر اعظم بنا دیا جائے تو پہلا کام کیا کریں گی؟
حنیفہ الہٰی= ویسے تو بڑا مشکل سوال ہے اور کبھی اس بارے میں سوچا بھی نہیں لیکن اگر موقع ملا تو تعلیم کو عام کرنے کی کوشش کروں گی-

ہماری ویب: تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے حکومت کو کیا اقدامات کرنے چاہیے؟
حنیفہ الہٰی= سلیبس میں مزید بہتری لائی اور نقل کی روک تھام کی جائے- پیپر کو وقت سے قبل آؤٹ نہ ہونے دیا جائے-

ہماری ویب: آپ دوسرے طالبعلموں کو تعلیم میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے لیے کیا پیغام دیں گیں؟
حنیفہ الہٰی= بس محنت کریں٬ اﷲ تعالیٰ پر بھروسہ رکھیں٬ وہ کبھی محنت ضائع نہیں کرتا٬ جلد یا دیر سے صلہ ضرور ملتا ہے-

اب ہم بات کرتے ہیں پری انجنئیرنگ کے امتحانات برائے 2017 میں سیکنڈ پوزیشن حاصل کرنے والی خوش قسمت طالبہ اریج غفران سے جنہوں نے 1100 میں سے 989 نمبر لیے اور یہ کامیابی اپنے نام کی-
 

image

ہماری ویب: کالج کا نام؟
اریج غفران= پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج-

ہماری ویب: پوزیشن حاصل کرنے پر کیا احساسات ہیں؟
اریج غفران= بہت اچھا لگ رہا ہے اور بہت خوشی ہورہی ہے کیونکہ دو سال کی محنت کا صلہ ملا ہے-

ہماری ویب: کیا کالج روزانہ جاتی تھیں؟
اریج غفران= روزانہ تو نہیں لیکن زیادہ تر جاتی تھی-

ہماری ویب: کیا کوچنگ بھی جوائن کیا ہے؟
اریج غفران= جی ہاں چند مضامین کے لیے کوچنگ بھی جوائن کیا-

ہماری ویب: آپ نے پری انجنئیرنگ کا انتخاب کیوں کیا؟
اریج غفران= ریاضی مجھے اچھی لگتی تھی اور پری انجنئیرنگ میں میری دلچسپی تھی اسی لیے اس کا انتخاب کیا-
 

image

ہماری ویب: آپ کے والدین کیا کرتے ہیں؟
اریج غفران= میرے والد پرائیوٹ سروس کرتے ہیں جبکہ والدہ ٹیچر ہیں-

ہماری ویب: آپ کی نظر میں ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟
اریج غفران= ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہر محکمے میں پائی جانے والی کرپشن ہے-

ہماری ویب: کیا آپ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتی ہیں اور مشاغل کیا ہیں؟
اریج غفران= میٹرک تک تو غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیتی تھی لیکن انٹر میں چونکہ پڑھائی زیادہ مشکل ہوگئی تھی تو اس لیے موقع نہیں مل سکا-

آئیے بات کریں گے پری انجنئیرنگ کے سالانہ امتحانات برائے 2017 میں تیسری پوزیشن ( دو طالبعلم ) حاصل کرنے والے پہلے خوش نصیب طالبعلم محمد عمر فاروق سے- عمر نے ان امتحانات میں 1100 میں سے 988 نمبر حاصل کیے-
 

image

ہماری ویب: کالج کا نام؟
محمد عمر فاروق= آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج-

ہماری ویب: پوزیشن حاصل کرنے پر کیا احساسات ہیں؟
محمد عمر فاروق= اتنی خوشی ہورہی ہے کہ لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا-

ہماری ویب: کیا اس سے قبل بھی آپ نے کسی کلاس میں پوزیشن حاصل کی ہے؟
محمد عمر فاروق= میٹرک کے بورڈ کے امتحانات میں دسویں پوزیشن آئی تھی-

ہماری ویب: آپ نے پری انجنئیرنگ کا انتخاب کیوں کیا؟
محمد عمر فاروق= ریاضی کے مضمون میں میری شروع سے ہی دلچسپی تھی اور مجھے اس پر کافی اچھا عبور بھی حاصل ہے اسی لیے پری انجنئیرنگ کا انتخاب بھی کیا-

ہماری ویب: آپ کے والدین کیا کرتے ہیں؟
محمد عمر فاروق= میرے والد کا ذاتی کاروبار ہے جبکہ والدہ گھریلو خاتون ہیں-
 

image

ہماری ویب: آپ کی نظر میں ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے؟
محمد عمر فاروق= ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور اس نے ہمارے ملک کو بری طرح تباہ کر کے رکھ دیا ہے-

ہماری ویب: اگر آپ کو ایک دن کے لیے وزیر اعظم بنا دیا جائے تو پہلا کام کیا کریں گے؟
محمد عمر فاروق= سب سے پہلے کرپشن کے خلاف کام کروں گا اور ساتھ ہی سود کا بھی خاتمہ کروں گا-

ہماری ویب: تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے حکومت کو کیا اقدامات کرنے چاہیے؟
محمد عمر فاروق= ہمارا کورس بہت پرانا ہوچکا ہے اور اس میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے-

آخر میں ہم بات کرتے ہیں حبا سلیم سے- حبا نے بھی پری انجنئیرنگ کے سالانہ امتحانات برائے 2017 میں تیسری پوزیشن حاصل کی- حبا نے ان امتحانات میں 1100 میں سے 988 نمبر حاصل کیے-
 

image

ہماری ویب: کالج کا نام؟
حبا سلیم= میٹرو پولس انٹرمیڈیٹ کالج-

ہماری ویب: پوزیشن حاصل کرنے پر کیا احساسات ہیں؟
حبا سلیم= مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے کیونکہ مجھے دو سال کی محنت کا صلہ ملا ہے اور اس کامیابی کا سہرا میرے والدین اور اساتذہ کے سر ہے-

ہماری ویب: کیا اس سے قبل بھی آپ نے کسی کلاس میں پوزیشن حاصل کی ہے؟
حبا سلیم= میٹرک کلاس کے بورڈ کے امتحانات میں میری 17ویں پوزیشن آئی تھی-

ہماری ویب: کیا کالج روزانہ جاتی تھیں؟
حبا سلیم= جی ہاں پرائیوٹ کالج تھا تو روزانہ ہی جاتی تھیں کیونکہ وہاں روز کی بنیاد پر کلاسز ہوتی ہیں-
 

image

ہماری ویب: آپ نے پری انجنئیرنگ کا انتخاب کیوں کیا؟
حبا سلیم= اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ لڑکیاں زیادہ سے زیادہ میڈیکل کی فیلڈ میں جا سکتی ہیں اور میں یہ ثابت کرنا چاہتی تھی کہ لڑکیاں پری انجنئیرنگ میں بہت کچھ کر سکتی ہیں-

ہماری ویب: آپ کے والدین کیا کرتے ہیں؟
حبا سلیم= میرے والد کا ذاتی کاروبار ہے جبکہ والدہ گھریلو خاتون ہیں-

ہماری ویب: اگر آپ کو ایک دن کے لیے وزیر اعظم بنا دیا جائے تو پہلا کام کیا کریں گی؟
حبا سلیم= تعلیمی نظام سدھاروں گی تاکہ ان طلبا کو میرٹ کی بنیاد پر ان کا حق مل سکے جو سارا سال محنت کرتے ہیں اور کسی کی بھی حق تلفی نہ ہو-
YOU MAY ALSO LIKE:

Hamariweb conducted special interviews of Position holder’s students of Inter Pre-Engineering of Board of Intermediate Education Karachi (BIEK). Hanifa Elahi, Iraj Ghufran, MUhammad Umar Farooq and Hiba Saleem are the brilliant students as first, second and both third position respectively. Position holders share their feeling on success, about their teachers, education system, parents and their time table.