اسلام آباد: جج کے بیٹے کی V8 پر ڈرفٹنگ، اسکوٹی سوار دو لڑکیاں جان سے گئی

image

اسلام آباد کے سیکریٹریٹ چوک کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں دو نوجوان لڑکیاں جان سے ہاتھ دھو بیٹیں۔

اطلاعات کے مطابق حادثہ سفید رنگ کی V8 لینڈ کروزر کی وجہ سے ہوا، جسے 16 سالہ نوجوان چلا رہا تھا جس کا نام ابوذر بتایا گیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق، سمرین حسین اور ان کی دوست تابندہ بتول اپنی اسکوٹی پر شام کے وقت PNCA سے گھر واپس جا رہی تھیں کہ اچانک تیز رفتار گاڑی نے انہیں پیچھے سے ٹکر ماری۔ دونوں لڑکیوں کو شدید چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جان کی بازی ہار گئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق نوجوان ڈرائیور گاڑی پر ڈرفٹنگ کر رہا تھا جو حادثے کے بعد وہاں سے فرار ہوگیا۔

پولیس نے سیکریٹریٹ تھانے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق نوجوان ڈرائیور، جس کا تعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد آصف کے گھرانے سے بتایا جا رہا ہے، اس حادثے میں ملوث ہے۔

سیکریٹریٹ پولیس نے جائے وقوعہ پر شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیے ہیں اور نوجوان ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم عمر ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں تھا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد آصف کی عدالت کی آج کی کاز لسٹ منسوخ کردی گئی ہے۔ عدالتی عملہ کے مطابق جج صاحب اچانک طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے آج چھٹی پر ہیں، جس کی وجہ سے تمام کیسز کی سماعت ملتوی کردی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US