ابراہیم کی ہلاکت کا معاملہ، میئر اور ٹاؤن چیئرمین کیخلاف مقدمہ کے لیے درخواست دائر

image

نیپا کے قریب مین ہول میں گر کر بچے کی ہلاکت کے معاملے پر ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں درخواست دائر کردی گئی۔

گٹر میں ڈوب کر تین سالہ ابراہیم کی ہلاکت پر ایڈووکیٹ عبدالاحد کی دائر کردہ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ میئر کراچی اور ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں عدالت کو بتایا گیا کہ متوفی بچے کے اہلخانہ نے بلدیاتی اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف غفلت کا الزام عائد کیا ہے، نامزد ملزمان اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں، انفرااسٹرکچر کی مناسب دیکھ بھال نا ہونے کی وجہ سے تین سالہ بچہ جاں سے چلا گیا ہے۔

درخواست میں بتایا گیا کہ ریسکیو اہلکار بھی بروقت موقع پر نہیں پہنچے، اہلخانہ نے بچے کی تلاش کے لیے 15 ہزار روپے خرچ کرکے نجی مشینری بلوائی۔

دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نااہل اور کرپٹ حکومت کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے، پولیس کو نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US