زلمی ویمن کرکٹ لیگ سیزن ٹو کے فائنل میں ہزارہ نے پشاور آل اسٹارز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پشاور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں پر 65 رنز بنائے، جس کے جواب میں ہزارہ نے تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے جیت اپنے نام کی۔ ہزارہ کی طرف سے ماہ نور قیوم نے 28 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
سیزن ٹو کے پہلے فائنل میں ہزارہ ڈیفوڈلز نے پشاور تھنڈر بولٹس کو 23 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پشاور آل اسٹارز نے مالاکنڈ کو شکست دی۔
فائنل کے موقع پر زلمی سپر اسٹار محمد حارث، پاکستان ٹیسٹ اسٹار ساجد خان، یو این ویمن کے نمائندے Jacqui Ketunuti، یو این ایف پی اے کے Dr Luay Shabaneh، سیکرٹری اسپورٹس تاشفین، سیکرٹری ایجوکیشن کامران آفریدی اور پشاور زلمی کے چیف آپریٹنگ آفیسر میاں عباس لائق بھی موجود تھے۔
اس سال کے ایڈیشن نے خواب سے حقیقت تک کے وژن کو مزید مضبوط کیا اور خواتین کرکٹ کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔ سیزن 2 کے انعقاد میں یو فون 4G، یو این ویمن، حکومتِ خیبر پختونخوا، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا اور ڈی جی اسپورٹس خیبر پختونخوا نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔
یہ اشتراک خواتین کو بااختیار بنانے، مساوی مواقع فراہم کرنے اور نوجوان کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مواقع دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔