پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اعلیٰ تعلیم اور چھوٹے و درمیانے کاروبار (SMEs) کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) کے تبادلے کی تقریب منعقد ہوئی۔
اس موقع پر دونوں ممالک نے دو اہم معاہدے طے کیے، ایک اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں باہمی تعاون کے لیے اور دوسرا چھوٹے و درمیانے کاروبار کی ترقی کے لیے تعاون کی مفاہمتی یادداشت۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انڈونیشیا کے صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ صدر انڈونیشیا کے ساتھ ملاقات نہایت مثبت اور تعمیری رہی اور ملاقات کے دوران میڈیکل ہیلتھ اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بات ہوئی۔
تقریب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اعلیٰ تعلیم، تربیت، اور کاروباری شعبوں میں تعاون سے نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوں گے بلکہ نوجوان نسل کے لیے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے متعلقہ شعبوں نے بھی شرکت کی اور تعاون کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔