امتحانی نظام کو شفاف بنانے کے لئے انٹربورڈ کے انقلابی اقدام

image
کراچی - اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے امتحانی نظام کو شفاف بنانے کے لئے اہم تعلیم دوست انقلابی اقدامات کا اعلان کیا ہے جن کے تحت آئندہ امتحانات کے لئے امیدواروں کے جاری کئے جانے والے ایڈمٹ کارڈز کو جدید بنادیا گیا ہے جس میں امیدوار کی تصویر اسکین ہوگی اور رول نمبر کے ساتھ بارکوڈ بھی ہوگا اور اسی میں امتحانی مرکز کے علاوہ ڈیٹ شیٹ بھی درج ہوگی جبکہ امیدوار کو جو پرچے دینے ہوں گے انہیں نمایاں طور پر شائع کیا جائے گا۔ ان تمام فیصلوں کا اعلان اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ یہ اہم فیصلے تاریخ میں پہلی بار کئے گئے اس لئے دیگر تعلیمی بورڈز کو بھی ان پر عملدرآمد کرنے کی سنجیدہ کوشش کرنی چاہئے۔ پروفیسر انوار احمد زئی نے فیصلوں کے حوالے سے مزید بتایا کہ انٹربورڈ میں تمام کام کو کمپیوٹرائز کرنے کے علاوہ اس سال کمپیوٹرائزڈ انرولمنٹ کارڈز اور رجسٹریشن کارڈز تیار کئے گئے ہیں جن پر اسکین تصویر دی گئی ہے اور انہیں امتحان سے قبل ہی متعلقہ تعلیمی اداروں کو بھیج دیا گیا ہے، اس لئے کہ اب امتحانی فارم بغیر انرولمنٹ کارڈ کے وصول نہیں کئے جائیں گے۔انٹربورڈ نے شہر کے مختلف علاقوں میں بینک کی آٹھ برانچیں قائم کردی ہیں جہاں طلبہ اور ان کے والدین براہ راست اپنے کاغذات جمع کراسکیں گے اور وہیں سے اپنی اسناد لے سکیں گے، اس طرح دور دراز سے بورڈ آنے کی تکلیف سے تمام طلبہ اور خصوصاً طالبات کو نجات مل جائے گی۔ یہ برانچیں اپنا کام شروع کرچکی ہیں۔ بورڈ کی جانب سے ایک اور فیصلے کے مطابق بورڈ میں کال سینٹر قائم کیا جائے گا جس کے ذریعے تمام معلومات فوری طور پر دستیاب ہوں گی۔ امتحانات کے پرچوں کی تیاری کے بارے میں بھی بورڈ نے ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے کہ ہر پرچہ پورے نصاب سے تیار کیا جائے گا اور معروضی سوالات کے حصے میں بھی پورے کورس کو سامنے رکھا جائے گا جبکہ مختصر جوابات والے حصے میں سوال ہی ایسے تیار کئے جائیں گے جن کے جواب یکساں اور مختصر ہوں۔ اہم بات یہ ہے کہ بورڈ نے یہ فیصلے یکطرفہ طور پر نہیں کئے ہیں ان میں تمام سینئر اساتذہ کی مشاورت شامل ہے اور اس کے لئے بورڈ نے دو سیمینارز منعقد کئے تھے جن میں چھ سو سے زیادہ ایگزامنرز، پیپر سیٹرز، ماڈریٹرز اور ٹیبولیٹرز شریک ہوئے تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ گیارہویں بارہویں کے سالانہ امتحانات برائے سال 2015ء دو مرحلوں میں مکمل کئے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل گروپ، ہوم اکنامکس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے امتحان 28اپریل سے صبح کی شفٹ میں ساڑھے نو سے ساڑھے بارہ بجے تک ہوں گے۔ یہ امتحانات 20 مئی تک جاری رہیں گے جبکہ پہلے مرحلے ہی کی دوسری شفٹ میں جو ڈھائی بجے سے ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گی آرٹس ریگولر، پرائیویٹ، خصوصی طلبہ اور ڈپلوما فزیکل ایجوکیشن کے پرچے ہوں گے۔ امتحان کا دوسرا مرحلہ 22مئی سے شروع ہوگا اور 12 جون تک جاری رہے گا۔ اس دوران کامرس ریگولر اور پرائیویٹ کے امیدوار شام کی شفٹ میں امتحان دے سکیں گے۔ بورڈ نے یونائیٹڈ بینک کی جن برانچوں میں رابطہ آفس قائم کئے ہیں ان میں ملیر سٹی برانچ ، اورنگی ٹاؤن برانچ، نیو کراچی برانچ، یو بی ایل بلڈنگ برانچ، شہیدِ ملت برانچ، حسین ڈی سلوابرانچ نارتھ ناظم آباد بلاک A، سٹی برانچ اور کورنگی انڈسٹریل ایریا برانچ شامل ہیں جبکہ ان قائم شدہ برانچوں کے علاوہ مزید برانچیں بھی قائم کی جارہی ہیں۔


Click here for Online Academic Results

About the Author:

مزید خبریں
تعلیمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.