امریکی قونصل جنرل کی صوبے کی ترقی ، عوام کی خوشحالی اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف

image
لاہور14 دسمبر: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو (Mr.Yuriy Fedkiw) نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کثیرالجہت نوعیت کے ہیں اور آنے والوں دنوں میں ان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منزل کی جانب رواں دواں ہے، گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران ملکی حالات میں بے پناہ بہتری آئی ہے اور آج کا پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ، پرامن، روشن اور پرامید ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر سطح پر میرٹ کو فروغ دیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور تمام ہمسایہ ملکوں سے پرامن تعلقات کا خواہاں ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے جو عظیم قربانیاں دی ہیں، دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی اور پاکستانی قوم کی انہی لازوال قربانیوں کے باعث آج ملک محفوظ اور پرامن بن چکا ہے۔ دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارا پانے کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تحمل،برداشت اورمیانہ روی پر مبنی معاشرے کی تشکیل ہمارا مشن ہے اور ہم پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ آج پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ امریکی قونصل جنرل نے اس موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی کیلئے جو ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں ان سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور عوام کو بہتر سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اوربھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
 


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.