وزیر اعلی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس

image
وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آج یہاں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال کا جائز ہ لیا گیا-اجلاس میں بعض شہروں میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی گئی اور شہید ہونے والے پولیس افسروں، جوانوں اور دیگر افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی-

 اجلاس میں دھماکوں میں شہید ہونے والے پولیس افسروں، جوانوں اور دیگر افراد کی عظیم قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیااورشہداء کے لواحقین سے ہمدردی واظہار تعزیت کیا گیا-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور پوری قوم شہید ہونے والے پولیس افسروں ، جوانوں اور دیگر افراد کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی جنہوں نے اپنا آج قوم کے کل پر قربان کیا ہے-انہوں نے کہا کہ میں شہید ہونے والے پولیس افسران اور جوانوں کے لواحقین کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی ہے اوربلا شبہ شہداء کے لواحقین کا حوصلہ اور جذبہ قابل تعریف ہے- انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے - دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے اتحاد و اتفاق کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے - انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح ہو نہیں سکتی - وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے -دشمن وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے -انہوں نے کہا کہ اتحاد کی قوت سے امن کے دشمنوں کو شکست دیں گے اور شہداء کے قیمتی خون کا بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے - انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے اورانشاء اﷲ دہشت گردی کی جنگ میں جیت پاکستان کے عوام کی ہو گی-وزیر اعلی نے کہا کہ پاک دھرتی سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑسے اکھاڑ پھینکیں گے -اجلاس میں اینٹی گریٹڈکمانڈکنٹرول اینڈ کمیونیکیشن میں تعینات عملے کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ کیا گیااور وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ بیرون ملک تربیت کے لئے جانے والے عملے کا انتخاب سوفیصد میرٹ پر کیا جائے- اجلاس کے دوران صوبے میں امن عامہ کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی-صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ ،کرنل (ر) سردار محمد ایوب، جہانگیر خانزادہ،مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس ، سیکرٹری داخلہ ، قانون نافذ کرنے والے سول اداروں کے اعلی حکام اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-
 


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.