وزیر اعلی کی زیر صدارت تین گھنٹے طویل اجلاس ، پنجاب سکولز ریفارمز روڈ میپ کے تحت شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ

image
وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آج یہاں تین گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب سکولز ریفارمز روڈ میپ کے تحت شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا -

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکولز ریفارمز روڈ میپ کے تحت اٹھائے گئے اقدامات سے تعلیم کے شعبے پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں - ان اقدامات کی بدولت تعلیم کا معیار بہتر ہوا ہے اور سکولوں میں انرولمنٹ کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے -مانیٹرنگ کے موثر نظام پر عملدرآمد سے سکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے -انہوں نے کہا کہ صوبے کے سکولو ں میں اضافی کمرے بنائے جا رہے ہیں -2018 ء تک صوبے کے سکولوں میں 36 ہزار اضافی کلاس رومز بنانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا- سکولوں میں تعمیر ہونے والے اضافی کمرے اعلی معیار کے ہوں گے اور یہاں دیگر سہولتوں کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی - اضافی کمروں کی تعمیر سے طلباء و طالبات کو بہتر تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی - وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ اضافی کمروں کی تعمیر کے منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے - انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی لاگت سے سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے -40 ارب روپے کی لاگت سے 47 ہزار سکولوں میں پینے کے پانی ، ٹائلٹس، بجلی اور باؤنڈری وال سمیت دیگر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں -جن سکولوں میں ٹائلٹس کم ہیں وہاں ٹائلٹس زیادہ بنائے جائیں- جہاں اضافی کمرے بنائے جا رہے ہیں وہاں اضافی ٹائلٹس بنانے کے لئے پلان بنایا جائے- انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے ، سکولوں میں بچوں کو صفائی کی اہمیت سے آگاہ کرنا ضروری ہے -سکولوں میں بچوں کو ہاتھ دھونے کے لئے صابن کی دستیابی یقینی بنائی جائے-سکولوں میں موجود ٹائلٹس کی صفائی ، ستھرائی کا بھی مناسب بندوبست ہونا چاہیے- وزیر اعلی نے پنجاب کے سکولوں میں ٹیبلٹ فراہم کرنے کے پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت 53 ہزار سکولوں میں ٹیبلٹ فراہم کئے جائیں گے - انہوں نے کہا کہ دور دراز کے 17 ہزار سکولوں میں سولر پینلز کی فراہمی کا بھی پروگرام بنایا گیا ہے -سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لئے مزید 43 ہزار اساتذہ میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کئے گئے ہیں - میرٹ اور شفافیت کی پالیسی کے تحت بھرتی کئے گئے با صلاحیت اساتذہ بچوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے میں موثر کردار ادا کریں گے -انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت 16 اضلاع میں چھٹی جماعت سے دسویں جماعت کی طالبات کے لئے ماہانہ وظیفہ ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے - حکومتی اقدامات کے باعث سکولوں میں لاکھوں نئے بچے داخل ہوئے ہیں - انرولمنٹ کی شرح میں اضافے کے ساتھ ڈراپ آؤٹ کی شرح میں کمی کیلئے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں - انتہائی کم کارکردگی دکھانے والے سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا ماڈل انتہائی کامیاب رہا ہے -اس ماڈل پر عملدرآمد سے جہاں سکولوں میں تعلیم کا معیار بلند ہوا ہے وہاں طلباء کی تعداد میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے - انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے - نئے بھرتی کئے گئے اساتذہ کو جدید تربیت سے آراستہ کر کے ماسٹر ٹرینرز بنایا جائے- وزیر اعلی نے کہا کہپنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پروگراموں کے تحت غریب گھرانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع مل رہے ہیں - پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ووچر ز سکیم کے تحت غریب گھرانوں کے 22 لاکھ بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں - انہو ں نے کہا کہ بھٹو ں پر کام کرنے والے 87 ہزار بچوں کو بھٹوں سے نکال کر تعلیم کیلئے سکولوں میں لایا گیا ہے - فروغ تعلیم کے لئے کئے گئے ہر فیصلے پر پوری طرح عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ سکولزریفارمز روڈ میپ کے مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے محنت ، عزم اور جذبے کے ساتھ کام کیا جائے- انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے ٹھوس پروگراموں پر عمل کیا جارہا ہے - صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، سید رضا علی گیلانی ، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن و ایم پی اے انجینئر قمر الاسلام راجہ ، پارلیمانی سیکرٹری برائے سکولز ایجوکیشن جوزف روفن جولیس، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز ، روڈ میپ ٹیم کے اراکین اور ماہرین تعلیم نے اجلاس میں شرکت کی-
 


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.