لالہ موسیٰ: نوازشریف کے قافلے میں شامل گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق بچہ سپردخاک

13 Aug, 2017 نوائے وقت
لالہ موسیٰ (نامہ نگار) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے سکواڈکی گاڑی کی ٹکرسے جاں بحق ہونیوالے 12 سالہ حامدکو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپردخاک کر دیا گیا۔ نمازجنازہ میں ڈی سی اوگجرات محمد علی رندھاوا، قائم مقام ڈی پی اومعاذظفر،وفاقی وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال، میاں طارق محمود ایم پی اے، چوہدری اشرف دیونہ ایم پی اے، میئرگجرات ناصر محمود، سابق وزیرخزانہ تنویر اشرف کائرہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی لالہ موسیٰ ندیم اصغرکائرہ، شیخ خالد محمود وائس چیئرمین، پی ٹی آئی سندھ کے صدرحلیم عادل شیخ، ضلعی امیرجماعت اسلامی طارق سلیم، ضلعی صدرپی ٹی آئی محمد الیاس اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے حکم پر سانحہ لالہ موسیٰ کے حوالہ سے بنائی جانے والی معائنہ ٹیم نے لالہ موسیٰ کا دورہ کیا اور کمسن طالبعلم حامدکے والدین، عزیزوں سے اظہار تعزیت اور متوفی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ ٹیم میں شامل ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل ہوم ڈیپارٹمنٹ طاہر وٹو، ڈی ایس پی صدرگجرات محمدعمران سلہریا سمیت 5 رکنی ٹیم نے متوفی کے لواحقین سے بندکمرے میں ملاقات بھی کی اور واقعہ کے متعلق پوچھا۔ قائم مقام ڈی او گجرات معاذ ظفر نے لالہ موسیٰ کاد ورہ کرکے جاں بحق ہونے والے بچے حامدکے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا۔ ڈی ایس پی سرکل لالہ موسیٰ محمدرمضان کمبوہ، ایس ایچ او تھانہ سٹی رانا سجاد علی و دیگر اعلیٰ افسر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سوگوارخاندان سے اظہار ہمدردی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او معاذ ظفر نے کہا کیس کی تفتیش میرٹ پرکرینگے۔ ایک ٹی وی چینل جس گاڑی نمبر کا ذکر کر رہا تھا اور جس گاڑی کا وہ نمبر لکھوانا چاہ رہے تھے وہ نمبر لکھ دیتے تو وہ توگاڑی نہیں تھی، وہ نمبر لکھ دیتے توکیس خراب ہو جاتا۔ اب گاڑی کا نمبر تصدیق ہو گیا ہے اور مدعی کی طرف سے ہمیں گاڑی کو شامل کرنے کی درخواست بھی مل گئی ہے، اب ہم وہ نمبر ایف آئی آر میں شامل کر لیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے متوفی حامدکے والد کو ٹیلی فون کیا اور 12سالہ حامدکی وفات پر اظہار افسوس کیا۔ اس موقع پر امیر تحریک منہاج القرآن ضلع گجرات مرزا طارق بیگ اور دیگر بھی موجود تھے۔ آئی این پی/ صباح نیوز کے مطابق نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ نماز جنازہ میں مسلم لیگ (ن)‘ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے شرکت کی۔ ادھر ڈی پی او گجرات نے پنجاب حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کو پیغام پہنچاتے ہوئے کہا صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کی تاحیات مدد کے لیے تیار ہے۔ وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال نے کہا عنقریب وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف جاںبحق ہونے والے بچے کے گھر آئیں گے۔ بچہ/ سپردخاک
 

Watch Live News

 مزید خبریں 
« مزید خبریں
Post Your Comments
Select Language: