امریکی قونصل جنرل نے سکھر میں جدید سہولتوں سے آراستہ اسکول کا افتتاح کیا

image
سکھر: امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن اور وزیرتعلیم سندھ جام مہتاب ڈہر نے سکھر میں امریکی مالی امداد سے تعمیر کیے گئے اسکول کا افتتاح کیا۔ گورنمنٹ ہائی اسکول بھیلار کی نئی عمارت امریکی حکومت کی جانب سے یو ایس ایڈ کے ذریعے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے لیے دی گئی 15 کروڑ پچاس لاکھ ڈالر امداد میں سے بنائی گئی ہے۔ افتتاحی تقاریب میں سندھ کے سیکریٹری ایجوکیشن اقبال درانی، کمیونٹی رہنماؤں، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

امریکی قونصل جنرل نے پاکستان میں شعبہ تعلیم کی بہتری کے لیے امریکی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام سے تعلیمی معیار بہتر بنانے اور طلبہ خصوصا لڑکیوں کے لیے حصول تعلیم کے یکساں اور محفوظ مواقع فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے، لڑکیوں کی تعلیم خصوصی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ خواتین پاکستان کی معیشت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔‘‘

سندھ کے وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر نے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے ذریعے سندھ کے شعبہ تعلیم کو جدید ترین بنانے کے لیے امریکی حکومت اور یو ایس ایڈ کی گراں قدر امداد کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ ہم سندھ میں تعلیمی اصلاحات میں مدد پر امریکی حکومت اور یوایس ایڈ کے شکر گزار ہیں خصوصاً اس پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ پروگرام کے ذریعے اسکولوں کی تعلیم اور خواندگی کی شرح میں بہتری آئی ہے۔ تعلیمی شعبے کے یہ جدید پروگرام اسکولوں کا نظام اور تعلیمی معیار بہتر کرنے میں مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔‘‘

یو ایس ایڈ کے سندھ بنیادی تعلیمی پروگرام کے تحت سندھ کے 8 اضلاع میں 106 اسکول تعمیر کیے جارہے ہیں۔ اب تک 23 اسکول تعمیر ہوچکے ہیں اور باقی تعمیر ہورہے ہیں۔
 


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.