عبد القدوس بزنجو بلوچستان کے نئے وزیر اعلیٰ منتخب

13 Jan, 2018 بی بی سی اردو
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کے بعد ارکان نے عبد القدوس بزنجو کو صوبے کے نئے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے منتخب کر لیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی اسمبلی کے ارکان نےعبد القدوس بزنجو کو صوبے کے نئے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے منتخب کیا ہے۔

قدوس بزنجو کا تعلق مسلم لیگ ق سے ہے۔ وہ ن لیگ میں سابق وزیر اعلیٰ نواب ثنا اللہ زہری سے منحرف اراکین اور ق لیگ کے متفقہ امیدوار ہیں۔

اسمبلی کے اجلاس میں ارکین نے سنیچر کی صبح عبد القدوس بزنجو اور آغا لیاقت میں سے کسی ایک کو صوبے کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر منتخب کرنے کے لیے ووٹ ڈالے۔

وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے تین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جن میں عبد القدوس بزنجو، عبد الرحیم زیارتوال اور آغا لیاقت شامل ہیں۔

تاہم پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے عبدالرحیم زیارتوال اپنی ہی جماعت کے امیدوار آغا لیاقت کے حق میں دستبردار ہو گئے۔

مزید پڑھیے

کیا بلوچستان کے بحران میں اصل کھیل کچھ اور ہے؟

وزیراعلیٰ بلوچستان تحریک عدم اعتماد سے قبل مستعفی

بلوچستان: ‘استعفوں کا سینیٹ انتخابات سے تعلق نہیں‘

بلوچستان اسمبلی کے 65 اراکین میں سے ن لیگ کے 21، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے 14، نیشنل پارٹی کے 11، جمیعت العلما اسلام کے آٹھ، ق لیگ کے پانچ ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے دو اراکین ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی، بی این پی (عوامی )، مجلس وحدت المسلمین کے ایک، ایک رکن کے علاوہ ایک آزاد رکن بھی ہے۔

جمیعت العلما اسلام (ف)، بلوچستان نیشنل پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی ) حزب اختلاف میں ہیں۔

حزب اختلاف کی جماعتوں نے بھی قدوس بزنجو کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور مبصرین نے بھی میر عبد القدوس بزنجو کی کامیابی کا امکان ظاہر کیا تھا۔

میر عبد القدوس بزنجو کون ہیں؟

قدوس بزنجو کا تعلق بلو چستان کے پسماندہ ترین ضلع آواران سے ہے۔

وہ اسی ضلع کی تحصیل جھاؤ میں 1974 میں پیدا ہو ئے۔

پہلی مرتبہ وہ سنہ 2002 میں ضلع آواران پر مشتمل بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 41 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ دو ہزار دو سے2007 تک وزیر لائیوسٹاک رہے۔

2013 کے انتخابات میں وہ دوبارہ ضلع آواران سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔

مسلح تنظیموں کی انتخابات کے حوالے سے دھمکیوں کے باعث آواران میں بلوچستان اسمبلی کی نشست پر6 سو سے زائد ووٹ پڑے تھے۔

قدوس بزنجو کو ان میں سے 544ووٹ ملے تھے جو کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی کامیاب امیدوارکو پڑنے والے سب سے کم ووٹ ہیں۔


 

Watch Live News

 مزید خبریں 
« مزید خبریں
Post Your Comments
Select Language: