کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ: امتحانی فارمز جمع کروانے کی خصوصی تاریخ

image
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے طلباء کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء کے تمام گروپس کے ریگولر امیدواروں کیلئے امتحانی فارمز جمع کروانے کی خصوصی تاریخوں کا اعلا ن کردیا ہے، بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے سالانہ امتحانات 2018ء میں شرکت کے خواہشمند اور اہل تمام ریگولر امیدوار اپنے امتحانی فارم 26مارچ 2018ء سے 2اپریل 2018ء تک جمع کرواسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انٹرمیڈیٹ حصہ دوم سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس ،ہوم اکنامکس گروپس اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء میں شرکت کے اہل گورنمنٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ریگولر امیدوار اپنے امتحانی فارم بروز پیر 26مارچ 2018ء سے 2اپریل 2018ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں، کالجز اور ہائیر سیکنڈری اسکولز یہ فارمز بروز منگل 3اپریل 2018ء کو بورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابندہوں گے، یاد رہے کہ رواں سال محترم وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق تمام گورنمنٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلباء کی امتحانی فیس معاف کردی گئی ہے، لہٰذا گورنمنٹ تعلیمی اداروں کے طلباء بغیر کسی فیس کے امتحانی فارمز اپنے کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔

انٹرمیڈیٹ حصہ دوم سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے سالانہ امتحانات 2018ء میں شرکت کے اہل پرائیویٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ریگولر امیدوار اپنے امتحانی فارم ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز پیر 26مارچ سے 2اپریل تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں، پرائیویٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز یہ امتحانی فارمز بمع فیسوں کے پے آرڈرز بروز جمعرات 5اپریل تک بورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔

گورنمنٹ کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس، ہوم اکنامکس گروپس اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے ایسے ریگولر امیدوار جو انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے امتحانات میں 2017ء یا اس سے قبل شرکت کرچکے ہوں مگر ایک یا کئی پرچوں میں ناکام رہے ہوں وہ سالانہ امتحانات برائے 2018ء کیلئے اپنے امتحانی فارم بروز پیر 26مارچ 2018ء سے 2اپریل 2018ء تک ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں جبکہ گورنمنٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز یہ فارم بروز جمعرات 5اپریل 2018ء تک بورڈ آفس میں جمع کرواسکتے ہیں۔یاد رہے کہ محترم وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے گورنمنٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلباء کی فیس معاف کرنے کا اطلاق ان طلباء پر ہوتا ہے جو پہلی دفعہ انٹرمیڈیٹ حصہ اول اور حصہ دوم کے امتحانات دے رہے ہوں اور 2017-18ء کے سیشن میں گورنمنٹ تعلیمی اداروں میں داخلہ لیا ہو۔ واضح رہے کہ امتحانی فارم جمع کروانے کا یہ موقع آخری مرتبہ دیا جارہا ہے اس کے بعد کسی صورت امتحانی فارم قبول نہیں کیے جائیں گے۔


Click here for Online Academic Results

About the Author:

مزید خبریں
تعلیمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.