انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا آغاز آج سے

image
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر انعام احمد نے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء بروز منگل 24اپریل سے شروع ہورہے ہیں جن میں ایک لاکھ 94ہزار 824 طلبہ و طالبات شریک ہوں گے۔

وہ انٹربورڈ آفس میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے ناظم امتحانات محمد جعفر اور سیکرٹری زرینہ چوہدری سمیت میڈیا کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیئرمین انٹربورڈ نے پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شفاف امتحانات کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت کے مطابق امتحانی مراکز میں سپر ویجی لینس آفیسرز، سینٹر کنٹرول آفیسرز، سینٹر سپرنٹنڈنٹس، امتحانی عملے، اساتذہ اور طلباء سمیت کسی کو بھی موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، دوران امتحان کسی طالب علم کے پاس موبائل فون پایا گیا تو اسے نقل کیلئے ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے قانون کے تحت پرچہ کی منسوخی یا تین سال تک امتحان دینے کیلئے نااہل قرار دینے کی سزا دی جائے گی،امتحانات کے دوران امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہوگی جس کے تحت امتحانی مراکز کے اطراف فوٹو اسٹیٹ مشینوں کی دکانیں کھولنے، امتحانی مراکز میں غیرمتعلقہ افراد کی آمدورفت اور وہاں موبائل فونز کے استعمال پر سختی سے پابندی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق تمام پروفیسرز کے لئے امتحانی ڈیوٹی کرنا لازمی ہوگا، امتحانی عمل میں کسی قسم کی مداخلت یا بائیکاٹ کرنے والوں کے خلاف بورڈ رولز اور محکمہ تعلیم کے ای اینڈ ڈی رولز کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانات کے پرامن اور بلاتعطل انعقاد اور طلباء کی سہولت کیلئے ہوم ڈپارٹمنٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ، سیکریٹری ٹو گورنمنٹ آف سندھ کالجز، کمشنر کراچی، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس ،کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں تاکہ امتحانات کے دوران امن و امان ، امتحانی مراکز کی سیکیورٹی اوربجلی و پانی کی بلاتعطل فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔ چیئرمین انٹربورڈ کا کہنا تھا کہ نقل کی روک تھام کیلئے اس سال خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں، امتحانات میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور نقل کی روک تھام کیلئے کمشنر آفس کراچی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں دو مانیٹرنگ سیل بنائے گئے ہیں ،اساتذہ، طلباء اور والدین کسی بھی شکایت کی صورت میں انٹربورڈ آفس مانیٹرنگ سیل نمبر 99260237 پر رابطہ کرسکتے ہیں، امتحانات میں نقل روکنے کیلئے بورڈ کی جانب سے سینئر اساتذہ پر مشتمل 247 سپر ویجی لینس ٹیمیں اور سپر ویجی لینس آفیسرز تعینات کیے گئے ہیں جو امتحانی مراکز کا دورہ کر کے اور موجود رہ کر امتحانی عمل کا جائزہ لیں گے جبکہ امتحانی مراکز تک پرچوں کی بروقت اور بحفاظت ترسیل کیلئے 114 سینٹر کنٹرول آفیسرز بھی تعینات کیے گئے ہیں،اس کے علاوہ امتحانی مراکز کی انتظامیہ کو امیدواروں کو دورانِ امتحانات تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔ چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ پروفیسر انعام احمد نے ایک اخبار میں چھپنے والی شرانگیز خبروں کی سختی سے تردید اور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹی، من گھڑت اور بے بنیاد خبریں شائع کرنے پر متعلقہ اخبار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔چیئرمین بورڈ نے امتحانات کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 17مئی تک جاری رہنے والے ان امتحانات میں سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے امتحانات ہوں گے، ان امتحانات میں صبح اور شام کی شفٹوں میں ہونے والے پرچوں میں ایک لاکھ 94ہزار 824طلبہ و طالبات شرکت کریں گے، صبح کی شفٹ میں صبح ساڑھے نو بجے سے ساڑھے 12 بجے تک سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس اور میڈیکل ٹیکنالوجی گروپس کے امتحانات ہوں گے جس میں ایک لاکھ 11ہزار 887طلبہ و طالبات شریک ہوں گے جبکہ شام کی شفٹ میں دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے امتحانات ہوں گے جس میں 82ہزار 937 امیدوار شرکت کریں گے۔ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء کیلئے صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 221 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں 64امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
 


Click here for Online Academic Results

About the Author:

مزید خبریں
تعلیمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.