امتحانی فارمز جمع کروانے کیلئے خصوصی تاریخوں کا اعلان

image
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے طلباء کے وسیع تر مفاد میں انٹرمیڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم اور حصہ اول و دوم باہم آرٹس ریگولر اور آرٹس پرائیویٹ گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء میں شرکت کے اہل اور خواہشمند امیدواروں کے علاوہ آرٹس ریگولر اور آرٹس پرائیویٹ گروپس کے ایسے ناکام امیدواروں کیلئے امتحانی فارمز جمع کروانے کیلئے خصوصی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے جن کے پاس امتحانات دینے کا آخری موقع 2008ء سے 2017ء کے درمیان ختم ہوچکا ہے، آرٹس ریگولر اور آرٹس پرائیویٹ گروپس کے درج بالا تمام امیدوار اپنے امتحانی فارم بروز پیر 14مئی سے بروز جمعرات 17مئی 2018ء تک جمع کرواسکتے ہیں۔ تاریخ گزرنے کے بعد امتحانی فارم کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن نمبر BIE/EG/97/2018 کے مطابق آرٹس پرائیویٹ گروپ کے حصہ اول، حصہ دوم اور حصہ اول و دوم باہم بشمول امپروومنٹ آف ڈویژن، بینیفٹ کیسز اور ایڈیشنل سبجیکٹس کے امیدوار اپنے امتحانی فارم ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ 14مئی سے 17مئی تک اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے متعلقہ سیکشن سے ضروری تصدیق کے بعد بورڈ میں واقع UBL بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں، امتحانی فارم کی سترہ یا زیادہ گریڈ کے حکومتی افسر سے تصدیق کے ساتھ میٹرک کی مارکس شیٹ کی فوٹو کاپی، انٹر کی مارکس شیٹ، رجسٹریشن کارڈ کی فوٹو کاپی یا رجسٹریشن فارم جمع کروانے کی سلپ بھی لگانی ہوگی۔

نوٹیفکیشن نمبر BIE/EG/99/2018 کے مطابق آرٹس ریگولر حصہ اول ،حصہ دوم اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء میں شرکت کے اہل گورنمنٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ریگولر امیدوار اپنے امتحانی فارم اپنے کالجوں کے پرنسپلز سے تصدیق کے بعد بروز پیر 14مئی سے بروز جمعرات 17 مئی تک اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے آرٹس ریگولر سیکشن میں جمع کرواسکتے ہیں۔یاد رہے کہ رواں سال محترم وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق تمام گورنمنٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلباء کی امتحانی فیس معاف کردی گئی ہے، لہٰذا گورنمنٹ تعلیمی اداروں کے طلباء بغیر کسی فیس کے امتحانی فارمز اپنے کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن نمبر BIE/EG/100/2018 کے مطابق گورنمنٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے آرٹس ریگولر انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے امتحانات میں ایک یا کئی پرچوں میں ناکام رہنے والے امیدوار اپنے امتحانی فارم 14مئی سے 17مئی تک اپنے کالجوں کے پرنسپلز سے تصدیق اور انٹربورڈ کے متعلقہ سیکشن سے ضروری تصدیق کے بعد بورڈ آفس میں واقع UBL کے بوتھ میں ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ جمع کرواسکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن نمبر BIE/EG/101/2018 کے مطابق سندھ بورڈز کمیٹی آ چیئرمین کے فیصلے کی روشنی میں آرٹس ریگولر اور آرٹس پرائیویٹ گروپس کے ایسے ناکام امیدوار جن کے پاس امتحانات دینے کا آخری موقع 2008ء سے 2017ء کے درمیان ختم ہوا ہے انہیں صرف 2018ء کے سالانہ امتحانات میں بیٹھنے کیلئے ایک موقع فراہم کیا جارہا ہے، ایسے امیدوار جو آخری موقع ختم ہونے کے بعد امتحانات میں شریک ہونا چاہتے ہیں وہ بروز پیر 14 مئی سے بروز جمعرات 17مئی تک چھ ہزار روپے فیس کے ساتھ اپنے امتحانی فارم جمع کرواسکتے ہیں، انٹربورڈ نے ایسے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے امتحانی فارمز کے ساتھ پروفارما آف آئی ٹی سیکشن، انٹرمیڈیٹ کی اوریجنل مارکس شیٹ ، جس سال آخری موقع ختم ہوا اس کے ایڈمٹ کارڈ کی فوٹو کاپی، انرولمنٹ / رجسٹریشن کارڈ کی فوٹو کاپی، میٹرک کے سرٹیفکیٹ اور مارکس شیٹ کی فوٹو کاپی لگانا ضروری ہے، تمام ریگولر امیدواروں کیلئے اپنے کالجوں کے پرنسپلز جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کیلئے سترہ گریڈ کے گورنمنٹ آفیسر کے علاوہ بورڈ کے متعلقہ سیکشن سے امتحانی فارم کی تصدیق کروانا ضروری ہوگا۔
 


Click here for Online Academic Results

About the Author:

مزید خبریں
تعلیمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.