’سنجو‘ سنجے دت کی کتاب سے کتنی مختلف ہوگی؟

13 Jul, 2018 ڈان نیوز
بولی وڈ اداکار سنجے دت کی حال ہی میں ریلیز فلم ’سنجو‘ اور اس کی کامیابی کے بعد اب اداکار بہت جلد اپنی آٹوبایوگرافی یعنی سوانح حیات ریلیز کریں گے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق سنجے دت نے اپنی سوانح حیات پر مبنی کتاب پر کام کا آغاز بھی کردیا ہے، اور اس کتاب کے ذریعے وہ لوگوں کو ان کہانیوں کے بارے میں بتائیں گے جو انہیں اس سے قبل کسی کو بتانے کا موقع نہیں ملا۔ اس بات سے یہی واضح بھی ہورہا ہے کہ فلم سنجو میں سنجے دت کی زندگی کے بہت سے اہم پہلوؤں کو نہیں دکھایا گیا، جس کے بارے مین اب وہ اپنی کتاب میں بتائیں گے۔سنجے دت کا کہنا تھا کہ ’میں خوش قسمت ہوں کہ میں نے ایک بہترین زندگی گزاری، اس میں اتار چڑہاؤ، خوشی غم سب تھا، ابھی بہت سی دلچسپ کہانیاں باقی ہیں جن کے بارے میں، میں نے کسی کو نہیں بتایا، میں اپنی یادیں اور جذبات دنیا بھر میں پڑھنے والوں کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے بےحد پرجوش ہوں‘۔اس کتاب کا نام اب تک نہیں رکھا گیا، تاہم اسے ہارپر پبلشرز کی جانب سے شائع کیا جائے گا۔ پبلشنگ کمپنی سے تعلق رکھنے والے ایک ممبر نے بتایا کہ ’اس کتاب کے ساتھ پڑھنے والے سنجے دت کی روح تک کو پہچان جائیں گے، آخر کار ہم سنجے کی جوانی کی دلچسپ کہانیاں جان سکیں گے، 80 اور 90 کی دہائی میں بولی وڈ میں ان کا کام، جیل میں گزارا ان کا وقت اور وہاں سے واپسی، یہ سب ان کی کتاب کے ذریعے سامنے آئے گی‘۔یہ کتاب اگلے سال 29 جولائی کو سنجے دت کی 60ویں سالگرہ پر ریلیز ہوگی۔خیال رہے کہ سنجے دت کی فلم ’سنجو‘ 29 جون کو ریلیز کی گئی تھی جس کی ہدایات راج کمار ہیرانی نے دی۔ اس فلم میں سنجے دت کی جوانی، ان کا جیل میں گزارا وقت اور وہاں سے رہائی کا دور تو دکھایا گیا، تاہم فلم میں ان کی زندگی کے بہت سے پہلوؤں کو پیش نہیں کیا گیا۔فلم باکس آفس پر شاندار کامیاب ہوئی، جسے ملے جلے ردعمل ملا۔تاہم ریلیز کے چند روز بعد ہی راج کمار ہیرانی کو فلم میں سنجے دت کی شخصیت مثبت کرنے کی کوشش پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ سنجے کی کتاب اور ان کی فلم میں کتنا فرق ہوگا۔
 

Watch Live News

 مزید خبریں 
« مزید خبریں
Post Your Comments
Select Language: