سوکا ورلڈ کپ‘ پاکستان 23ستمبر کو اسپین کیخلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا

image
شاہزیب ٹرنک والا پاکستان کی عمدہ کارکردگی کیلئے پُرامید‘ دوسرا میچ مالڈوا اور تیسرا رشیا کیخلاف ہوگا پاکستان کے تینوں میچ قومی چینل سے براہ راست نشر ہونگے‘ قومی ٹیم ورلڈ کپ کو یادگار بنانے کیلئے پُرعزم

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال کے وہ تاریخی لمحات قریب آتے جارہے ہیں جب 23ستمبر کو پُرتگال کے شہر لسبن میں قومی ٹیم مضبوط حریف اسپین کیخلاف افتتاحی میچ میں اپنے سفر کا آغاز کرے گی۔ ’پرتگال کے وقت کے مطابق یہ میچ 9بجے شب کھیلا جائے گا ۔ پاکستان میں یہ میچ صبح سوا ایک بجے پی ٹی وی سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔ پرتگال اور پاکستان کے وقت میں 4گھنٹے کا فرق ہے ۔ پی ٹی وی پاکستان کے تینوں گروپ میچزبراہ راست نشر کرے گا۔ اگلے مرحلہ میں اگر پاکستان ٹیم کوالیفائی کرتی ہے تو وہ میچز بھی براہ راست دکھائے جائیں گے۔پاکستان دوسرا میچ مالڈوا کیخلاف 24ستمبر اور رشیا کیخلاف 27ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق 3بجے شب کھیلے گا۔پاکستان کو گروپ ’بی‘ میں اسپین، مالڈوا اور رشیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ دنیا بھر کی 32نامور ٹیمیں سکس اے سائیڈ ایونٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن کے نائب صدر، شاہزیب ٹرنک والا نے یورپ میں ہونے والے تاریخی ایونٹ میں پاکستان ٹیم کی عمدہ کارکردگی پیش کرنے کے حوالے سے انتہائی پُرامید ہیں ۔شاہزیب ٹرنک والا جو ورلڈ گروپ کے پریذیڈنٹ بھی ہیں ان کاکہنا تھا کہ لیثرر لیگس نے قومی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا ہے اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ اپنی اہلیت کو کس حد تک ثابت کرتے ہیں۔ان کامزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کو یورپ میں بھیجنے کا مقصدپاکستان ٹیم کومتعارف اور ایسا تاثرقائم کرنا ہے کہ جس سے پاکستان کا سوفٹ امیج دنیا بھر پر جائے۔انہوں نے پُرتگال میں مقیم پاکستانیوں سے دوران ٹورنامنٹ گراؤنڈپر اپنی آمد کو یقینی بنا کر قومی ٹیم کی سپورٹ کی درخواست کی ہے اورجملہ پاکستان کی عوام سے قومی ٹیم کی کامیابی کیلئے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔ پاکستان ٹیم سکس اے سائیڈ ورلڈ کپ میں 32ٹیموں کو 4,4کے 8گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے لیگ راؤنڈ میں ہر گروپ کی ٹیم ایک دوسرے کے ساتھ باہم مقابل ہوگی۔ ہر گروپ کی 2ٹاپ ٹیمیں 16ٹیموں کے ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ 28ستمبر کو پری کوارٹر فائنلز اور کوارٹر فائنلز جبکہ دونوں سیمی فائنلز ، تیسری پوزیشن اور فائنل 29ستمبر کوکھیلا جائے گا۔پاکستان ٹیم کی سوکاورلڈ کپ میں نمائندگی نیشنل چمپئن شپ کی فاتح آئی سی اے ڈبلیو (لاہور)کرے گی جس نے فائنل میں پشاور کی ٹیم کو شکست دے کر پُرتگال کا ٹکٹ اپنے نام کیا تھا۔10رکنی اسکواڈ میں دیگر چار کھلاڑیوں کا انتخاب نیشنل چمپئن شپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں اور ایک اسٹریٹ چلڈرن سے کیا گیا ہے۔ پاکستان کے 14رکنی دستہ کی قیادت آفاق احمد کررہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں حافظ محمد ولید، عمر جاوید، حیدر علی، سعد علی خان، زید محمود ، عامر اقبال گونڈل، عبدالحنان جاوید، زبیح اﷲ وڑائچ، محمد زبیرعادل (لاہور)، محمد عالمگیر (پشاور)، محمد کاشف (کوئٹہ)، ظفر خان (کراچی)، سمیر احمد (اسٹریٹ چائلڈ) شامل ہیں۔ طارق لطفی کوچ ہونگے۔


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.