انٹر بورڈ: امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان

06 Oct, 2018 ہماری ویب
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے ضمنی امتحانات برائے 2018ء کے سائنس گروپ (پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل)، ہوم اکنامکس گروپس اور سائنس گروپ کے پرائیویٹ امیدواروں،بشمول امپروومنٹ آف ڈویژن، بینیفٹ کیسز اور ایڈیشنل سبجیکٹس کیلئے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلا ن کردیا ہے۔

انٹربورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر BIE/EG/149/2018 کے مطابق سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس کے ضمنی امتحانات برائے 2018ء میں شرکت کے اہل ریگولر امیدواراپنے امتحانی فارمز بروز پیر 8 اکتوبر 2018ء سے 22اکتوبر 2018ء تک اپنے کالجز اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں جمع کرواسکتے ہیں، تعلیمی ادارے امتحانی فارمز بمع فیسوں کے پے آرڈرز 24اکتوبر اور 25 اکتوبر کو بورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے، جو امیدوار مقررہ تاریخ تک اپنے امتحانی فارم جمع نہ کرواسکیں وہ پانچ سو روپے لیٹ فیس کیساتھ 25اکتوبر سے 2 نومبر 2018ء تک جبکہ ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ 5 نومبر سے 8 نومبر تک امتحانی فارم اپنے کالجوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔

بورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر BIE/EG/150/2018 کے مطابق سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ،سائنس جنرل ، ہم اکنامکس گروپس بشمول امپروومنٹ آف ڈویژن، بینیفٹ کیسز اور ایڈیشنل سبجیکٹس کے پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم 17یا زیادہ گریڈ کے افسران سے تصدیق کے بعد بروز پیر 8اکتوبر سے 22اکتوبر تک اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میں واقع HBL بوتھ اور UBL بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں، جو پرائیویٹ امیدوار مقررہ تاریخوں میں امتحانی فارمز جمع نہیں کرواسکیں وہ 25اکتوبر سے 2نومبر تک پانچ سو روپے لیٹ فیس کے ساتھ جبکہ 5نومبر سے 8نومبر تک ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ اپنے فارمز جمع کرواسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں انٹربورڈ کراچی نے طلباء کی مشکلات کے پیش نظر کراچی میں UBL کی تمام برانچوں میں فیس جمع کروانے کی سہولت بھی متعارف کروادی ہے، پرائیویٹ طلباء اپنے امتحانی فارم کافیس واؤچرUBLکی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں جمع کرواسکتے ہیں، جبکہ جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا امتحانی فارم شیڈول کے مطابق دی گئی تاریخوں میں بورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے بصورت دیگر ان کا امتحانی فارم قبول نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی فیس واپس کی جائے گی۔
 


Click here for Online Academic Results

 

Watch Live News

 مزید خبریں 
« مزید خبریں
Post Your Comments
Select Language: