سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے دستیاب

11 Feb, 2019 بی بی سی اردو
سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ اور اوپنر ڈیوڈ وارنر پابندی ختم ہونے کے بعد پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ Getty Images

سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ اور اوپنر ڈیوڈ وارنر پابندی ختم ہونے کے بعد پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز 22 مارچ سے 31 مارچ تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔

اس طرح گذشتہ سال کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے باعث پابندی کا شکار سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر 29 مارچ کو پابندی ختم ہونے پر پاکستان کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ کے لیے اپنی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

ڈیوڈ وارنر حالات سے ناراض ہیں

سٹیو سمتھ آئی پی ایل میں بھی کپتانی نہیں کریں گے

میں نے بال ٹیمپرنگ کی: کیمرون بینکروفٹ

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 22 مارچ کو شارجہ میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد دوسرا میچ بھی اسی میدان پر دو روز بعد 24 مارچ کو کھیلا جانا ہے۔

اس سیریز کی تاریخوں کی تصدیق سے انڈین پریمئر لیگ میں شامل کیے جانے والے آسٹریلوی کھلاڑیوں کے لیے بھی صورتحال واضح ہو گئی ہے۔

رواں سال آئی پی ایل کا میلہ مارچ کے آخر میں سجنے والا ہے، لہذا جو آسٹریلوی کھلاڑی پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے منتخب کیے جائیں گے وہ کم از کم دو اپریل تک تو آئی پی ایل کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ سٹیون سمتھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے تیسرے میچ میں بال ٹیمپرنگ کی تھی جس کے بعد انٹرنشینل کرکٹ کونسل نے ان پر انٹرنیشنل کرکٹ اور ڈومیسٹک لیگ کھیلنے پر ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے بعد سٹیو سمتھ نے انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم راجستھان رائلز کی کپتانی بھی چھوڑ دی تھی۔

جبکہ دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی سابق آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کی بعض فرنچائز کے اعتراضات کے بعد بی پی ایل کھیلنے سے روک دیا تھا۔


WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels
 
« مزید خبریں