پولیس نے شوکت خانم سمیت مختلف اسپتالوں سے خیراتی و چندہ بکس چرانے والی خاتون چور کو گرفتار کرلیا۔
لاہور پولیس رسپانس یونٹ نے 15 پر ملنے والی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شوکت خانم اسپتال سے ڈونیشن بکس چرانے والی خاتون کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جب کہ اس کا مرد ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس رسپانس یونٹ نے ملزمہ کو تھانہ ستو کتلہ کے حوالے کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ رابعہ مختلف اسپتالوں میں مریضوں کی تیمارداری کے بہانے جا کر چوری کی وارداتیں کرتی ہیں۔ اس سے قبل ملزمہ رابعہ جناح اسپتال، شوکت خانم اسپتال اور گنگا رام اسپتال میں بھی وارداتیں کرچکی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار خاتون کے قبضے سے رقم سے بھرا چندہ بکس برآمد کیا گیا ہے جبکہ ملزمہ کی شناخت رابعہ کے نام سے ہوئی ہے۔