سعودی عرب کی دو آئل تنصیبات پر سرحد پار سے ڈرون حملے

15 May, 2019 نوائے وقت

سعودی عرب کی دو آئل تنصیبات پر ڈرون حملوں کے نتیجے میں پمپنگ اسٹیشنز کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر توانائی خالد الفالیح کا کہنا ہے کہ بحیرہ احمر کی 'یانبو پورٹ' پر یمن سے حوثی باغیوں نے 2 پمپنگ اسٹیشنز کو ڈرون کی مدد سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تنصیبات کو معمولی نقصان پہنچا۔

ڈرون حملے کے بعد پمپنگ اسٹیشنز میں آگ لگ گئی جس کے بعد ملک کی سب سے بڑی آئل کمپنی آرامکو نے متاثرہ پائپ لائن سے تیل کی سپلائی روک دی۔

سعودی عرب نے یمن سے ہونے والے ڈرون حملے کو بزدلانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کا مقابلہ کیا جائے۔

وزیر توانائی خالد الفالیح کا مزید کہنا ہے کہ بزدلانہ حملے میں نہ صرف سعودی عرب کو نشانہ بنایا گیا بلکہ یہ حملہ عالمی اقتصادیات اور دنیا کو فراہم کی جانے والی پیٹرولیم مصنوعات کے لیے خطرہ ہے۔

دوسری جانب حوثی ملٹری کے ترجمان یحیٰ ساری کا کہنا ہے کہ 7 ڈرون کی مدد سے سعودی آئل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا اور یہ ایک کامیاب آپریشن تھا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہمیں سعودی عرب میں رہنے والے افراد کی مدد حاصل ہے اور ہمارے پاس بہترین انٹیلی جنس ہے'۔

خبر رساں ادارے ’العربیہ‘ کے مطابق یمن میں حکومتی-سعودی اتحاد کے خلاف جنگ میں مصروف حوثی باغیوں کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں سعودی عرب کے بندرگاہ ينبع البحر میں تیل کے دو پمپنگ اسٹیشن پر ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

حوثی باغیوں کے ترجمان نے مزید کہا کہ تیل کے پمپنگ اسٹیشن پر سات ڈرون حملے کیے جس سے تیل کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ایسے حملے مستقبل بھی جاری رہیں گے۔ یمن میں شروع کی گئی جنگ اب یمن سے نکل کر سعودی عرب تک پہنچ جائے گی۔

حرمین شریفین کے امور کے صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے آئل پمپنگ اسٹیشنوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئل پائپ لائن اور تنصیبات پر حملے دہشت گردی اور اسلامی قانون کی خلاف ورزی ہے، ماہ مقدس میں ایسی کارروائیوں کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں۔

اد رہے کہ سعودی عرب کی تیل کے ترسیلی نظام پر یہ دوسرا حملہ ہے، اس سے قبل 12 مئی کو متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ پر دو سعودی جہازوں کو مبینہ طور پر سبوتاژ کیا گیا جس میں جہاز کو نقصان پہنچا۔

اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کی جانب سے جاری بیان میں بتانا تھا کہ اس کی فیوجیرہ بندرگاہ پر 4 لنگر انداز ہونے والے جہازوں کا آپریشن سبوتاژ ہوا جس میں 2 سعودی، ایک ناروے اور ایک اماراتی جہاز شامل ہے۔

اماراتی حکومت کی جانب سے ایک جہاز کی تصویر بھی جاری کی گئی تاہم سعودی عرب اور اماراتی جہاز کو ہونے والے نقصان کی تصاویر یا اور کوئی شواہد جاری نہیں کیے گئے۔


WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels
 
« مزید خبریں