عمران خان کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بی جے پی کی انتخابات میں جیت پر مبارک باد

24 May, 2019 العربیہ

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو ان کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کی لوک سبھا کے انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

انھوں نے بھارت میں منعقدہ حالیہ عام انتخابات کے جمعرات کو ابتدائی نتائج کے اعلان کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’ میں وزیراعظم مودی کو بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کی انتخابات میں جیت پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ میں جنوبی ایشیا میں امن ، خوش حالی اور ترقی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں‘‘۔

I congratulate Prime Minister Modi on the electoral victory of BJP and allies. Look forward to working with him for peace, progress and prosperity in South Asia

— Imran Khan (@ImranKhanPTI) May 23, 2019

بھارت میں پارلیمان کے ایوانِ زیریں لوک سبھا کی 542 نشستوں کے سات مراحل میں منعقدہ انتخابات کے نتائج کا آج اعلان کیا جارہا ہے۔ دمِ تحریر بی جے پی کے امیدوار 300سے زیادہ نشستوں پر جیت رہے تھے۔وزیراعظم نریندر مودی وارانسی کے حلقے سے بھاری اکثریت سے جیت گئے ہیں اور انھوں نے اپنے حریف امیدوار کو ایک لاکھ سے بھی زیادہ ووٹوں کے فرق سے ہرایا ہے۔حزب اختلاف کی بڑی جماعت کانگریس کو بدترین ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا ہے اور اس کے صدر راہول گاندھی شمالی شہر امیٹھی میں اپنے آبائی حلقے سے بھی ہار گئے ہیں۔البتہ وہ کیرالا کی نشست سے لوک سبھا کے رکن منتخب ہوگئے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ مہینوں دوران میں سخت کشیدگی رہی ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان 14 فروری کو بھارت کے زیر انتظام متنازع ریاست جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش بم حملے کے بعد یہ کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔اس حملے میں بھارتی پولیس کےچوالیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے اور جیش محمد نے اس حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔بھارتی فضائیہ نے اس حملے کے ردعمل میں پاکستان کے شمال مغربی ضلع مانسہرہ میں واقع بالاکوٹ کے علاقے میں بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک خالی جگہ پر بمباری کی تھی مگر اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔

اس کے لڑا کا طیاروں نے اس حملے کے ایک روز بعد دوبارہ کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی تھی مگر پاکستان کی فضائیہ نے بھارت کے دو لڑاکا طیارے مار گرائے تھے اور اس کے ایک پائیلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا تھا۔تاہم پاکستان نے واقعے کے تین روزبعد ہی اس بھارتی پائیلٹ کو رہا کردیا تھا۔اس کے بعد امریکا اور سعودی عرب کی مداخلت اور مصالحتی کوششوں کے نتیجے میں دونوں ملکوں میں تناؤ میں کمی واقع ہوئی تھی۔

دریں اثناء پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین دوم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔پاکستانی ساختہ یہ میزائل 1500 کلومیٹر تک مار کرسکتا ہے اور روایتی اور جوہری ہتھیار ہدف تک لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔


WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels
 
« مزید خبریں