70 سے زائد اراکین نے جہانگیر ترین کے ساتھ چلنے کی حامی بھر لی

image

70سے زائد موجودہ اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کے ساتھ چلنے کی حامی بھر لی ہے۔

سابق پی ٹی آئی رہنما تنویر الیاس کی جہانگیر ترین سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ تین چار روز سے لاہور میں ہوں۔

تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر بات ہوئی، جہانگیر ترین سے سیاسی اور کاروباری تعلقات ہیں، جہانگیر ترین اور ہم ملکر آگے چلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی پارٹی بنانے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے،کوئی نیا گروپ نہیں بنے گا،سارے اکٹھے چلیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین سے وزیر اعظم کے مشیر ملک نعمان احمد لنگڑیال نے لاہور میں ملاقات کی، جس میں مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں نئی پارٹی کے قیام اور نام کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔

علاوہ ازیں 70سے زائد موجودہ اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کے ساتھ چلنے کی حامی بھر لی ہے،پارٹی کے قیام کے اعلان کے ساتھ ہی شمولیت کے رجحان میں مزید تیزی آئے گی۔

پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنماؤں کی اکثریت نہ صرف سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین اور ان کے قریبی ساتھیوں سے رابطے میں ہے بلکہ مستقبل میں ان کے ساتھ چلنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ جہانگیر ترین کی جانب سے آئندہ ہفتے باضابطہ طور پر اپنی پارٹی کے قیام کا اعلان بھی متوقع ہے، جہانگیر ترین پارٹی کے قیام کا اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے۔

پنجاب، خیبر پختونخوا ہ اور سندھ سے پی ٹی آئی کی سابقہ قیادت نے بھی جہانگیر ترین کو حمایت کا یقین دلا دیا ہے، بتایا گیا ہے کہ فواد چودھری بھی جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.