کوشش کرتا ہوں اپنے کردار سے سماجی مسائل اجاگر کروں: اظفر رحمان

image
ایسے بہت کم اداکار ہیں جنہیں نیگیٹیو کرداروں میں بھی اتنی ہی پذیرائی ملی جتنی بطور ہیرو مرکزی کردار میں ملتی ہے، اظفر رحمان بھی انہی اداکاروں  میں سے ایک ہیں۔

اظفر رحمان ان دنوں ڈرامہ سیریل ’میرے بن جاﺅ‘ میں نظر آرہے ہیں جس میں اُن کا کردار اس حد تک منفی ہے کہ سوشل  میڈیا پر صارفین اپنی بھڑاس نکال رہے ہیں۔

یہی ایک اداکار کی کامیابی ہوتی ہے کہ وہ اپنے کردار میں خود کو ڈھال لے۔ 

ڈرامہ ’میرے بن جاؤ‘ میں سوشل میڈیا سے لوگوں کی زندگیوں پر پڑنے والے منفی اثرات کو دکھایا گیا ہے۔

اظفر رحمان اپنی منکوحہ کو اُن کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز سے بلیک میل کرتے ہیں جو شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہو جاتی ہیں۔ 

اظفر رحمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’میں اب یہی کوشش کرتا ہوں کہ میں مسائل پر مبنی ڈرامے کروں۔ میرے بن جاﺅ سے پہلے میں نے ’آخر کب تک‘ اور ’نظرِ بد‘ میں کام کیا تھا جبکہ ’آخر کب‘ چائلڈ ابیوز پر مبنی ڈرامہ تھا۔‘

’یہ سب ڈرامے اُن مسائل پر مبنی تھے جن پر بات نہیں کی جاتی۔‘

اظفر رحمان کہتے ہیں کہ ’ایشو بیسڈ کردار کرنا میں اپنی سوشل ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ میں تو اپنی طرف سے پوری کوشش کرتا ہوں کہ اپنے کردار کے ذریعے مسائل اجاگر کروں۔‘

’میرے کردار ہمیشہ دیکھنے میں نارمل لگتے ہیں۔ اگر ہم اپنے ارد گرد دیکھیں تو ایسے لوگ جو دِکھنے میں بہت پڑھے لکھے اور سلجھے ہوئے نظر آتے ہیں لیکن ان کے دماغ میں کیا کھچڑی پک رہی ہوتی ہے یہ کوئی نہیں جانتا۔‘

    

View this post on Instagram           A post shared by Azfâr Rehmân (@azfu)

ڈرامہ ’میرے بن جاؤ‘ کی کہانی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’جب ہمارے ہاں نیا نیا انٹرنیٹ، ڈش انٹینا آیا تھا تو اس وقت والدین نے ایک وقت متعین کیا تھا کہ کب ٹی وی دیکھا جا سکتا ہے۔ بچوں کو بتایا گیا تھا کہ کون سی فلمیں یا شو دیکھنے ہیں اور کون سی فلمیں اور شو نہیں دیکھنے۔ آج والدین نے اپنی ذمہ داریوں سے ہاتھ اٹھا لیا ہے۔ چھوٹے چھوٹے بچوں کے ہاتھوں میں فون ہیں۔ یہ عمر شئیرنگ اور کیئرنگ کی ہوتی ہے، سیکھنے کی ہوتی ہے لیکن ہم نے ان کی شخصیت میں انتشار پیدا کر دیا ہے۔ بڑے ہو کر وہ اسی شخصیت کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اگر ہم اپنے بچے کو چلنا، بات کرنا، چھری کانٹا، پکڑنا، نہانا باتھ روم جانا سکھاتے ہیں تو ان کو یہ کیوں نہیں بتاتے کہ یہ صحیح ہے یا یہ غلط ہے۔‘

آج کل بننے والے ڈراموں کے معیار کے حوالے سے اظفر رحمان سمجھتے ہیں کہ جس طرح کھانے کی ٹیبل پر رائتہ، میٹھا، بریانی ہر چیز ہوتی ہے۔ اسی طرح ٹی وی پر بھی ہر طرح کا ڈرامہ ہونا چاہیے اور ناظرین کے پاس حق ہونا چاہیے کہ وہ اپنی پسند کی چیزیں دیکھے۔‘

اظفر رحمان ڈراموں کے ساتھ ساتھ کچھ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دِکھاتے نظر آئے۔ اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’میں تین فلمیں کر چکا ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ اب میرا فلموں کا کیریئر ختم ہو گیا ہے۔ میں محسوس کرتا ہوں کہ پاکستانی ڈرامہ فلم سے کہیں بڑا ہے، میں نے دس سے بارہ فلمیں ریجیکٹ کی ہیں۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.