اسلام آباد خودکش حملہ ویک اپ کال ہے، ہم حالتِ جنگ میں ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف

image

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اسلام آباد کی ضلع کچہری کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ویک اپ کال قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان حالتِ جنگ میں ہے اور یہ سوچنا کہ پاک فوج صرف افغان سرحدی علاقوں یا بلوچستان کے دور دراز مقامات پر جنگ لڑ رہی ہے درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج اسلام آباد کچہری میں خودکش حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ جنگ پورے پاکستان کی ہے۔ پاک فوج روزانہ قربانیاں دے رہی ہے تاکہ عوام کو تحفظ کا احساس دلا سکے۔

خواجہ آصف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس ماحول میں کابل کے حکمرانوں سے کامیاب مذاکرات کی امید رکھنا بیکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کابل کے حکمران پاکستان میں دہشت گردی روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن اسلام آباد تک اس جنگ کو لانا دراصل کابل کی جانب سے ایک پیغام ہے جس کا جواب دینے کی الحمدللہ پاکستان کے پاس بھرپور قوت موجود ہے۔

واضح رہے کہ آج اسلام آباد ضلع کچہری کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور 21 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ حملہ آور کے جسمانی اعضاء، بشمول سر، جائے وقوع سے برآمد ہوئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US