قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ میں کھلاڑیوں کو غلطی کی گنجائش نہیں دی جاتی، ایک کھلاڑی اگر دس میچز اچھا کھیل لے اور گیارھویں میچ میں خراب پرفارم کرے تو لوگ صرف وہی برا دن یاد رکھتے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں چار وکٹیں حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ ایک پروفیشنل کرکٹر کے لیے کوئی معافی نہیں ہوتی۔ ہم بھی انسان ہیں، ہم سے بھی غلطیاں ہو سکتی ہیں، ہم کوئی مشین نہیں جو ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھا سکے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ بڑے میچز میں کیوں اکثر ناکام رہتے ہیں تو حارث نے کہا کہ ہر پاکستانی پلیئر چاہتا ہے کہ وہ اچھا کرے، لیکن کرکٹ صرف ایک کھلاڑی کا کھیل نہیں، سامنے والا بھی پلان بناتا ہے اور سب سے بڑا پلان اللہ تعالیٰ کا ہوتا ہے جو سب پر حاوی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کبھی ہار نہیں مانتے اور اپنے اسکلز پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں چاہے دن اچھا ہو یا برا۔حارث رؤف نے سابق کھلاڑیوں اور شائقینِ کرکٹ سے اپیل کی کہ وہ کھلاڑیوں پر صبر کا مظاہرہ کریں کیونکہ کوئی بھی پلیئر ہر میچ میں پرفارم نہیں کر سکتا۔
فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے خواہشمند ہیں اور جب بھی بورڈ یا سلیکٹرز چاہیں وہ دستیاب ہیں۔تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے بولرز کو خاص تیاری درکار ہوتی ہے کیونکہ یہ فارمیٹ جسمانی اور ذہنی دونوں لحاظ سے زیادہ محنت طلب ہے۔
میں صرف اتنا کہتا ہوں کہ اگر ٹیسٹ کرکٹ میں کھلانا ہے تو پہلے سے بتا دیا جائے تاکہ میں مکمل تیاری کر سکوں۔ ہر فارمیٹ کے لیے الگ تیاری درکار ہوتی ہے۔