دبئی کے نائب وزیراعظم حمدان بن محمد المکتوم نے اعلان کیا ہے کہ 2026 میں دبئی میں عوام کے لیے ایئر ٹیکسی سروس شروع کی جائے گی۔ یہ اقدام شہریوں کے لیے لائف اسٹائل کو مزید بہتر بنانے اور پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کی سہولت کے لیے کیا جا رہا ہے۔
حمدان بن محمد المکتوم نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ آج ایئر ٹیکسی نے عملے کے ساتھ اپنی پہلی آزمائشی پرواز مکمل کی، جو باقاعدہ سروس شروع کرنے سے قبل آخری ٹیسٹ تھی۔ یہ پرواز العین کے صحرائی علاقے مرغم سے دبئی کے المکتوم ائیرپورٹ تک کی گئی۔
حکام کے مطابق یہ الیکٹرک ایئر ٹیکسی ماحول دوست اور کم شور پیدا کرتی ہے اور اس میں چار مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ اس کی رفتار 320 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔
مزید تجرباتی پروازیں شہری علاقوں میں کی جائیں گی اور اسکائی پورٹس کمپنی دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب پہلا ایئر ٹیکسی اسٹیشن تعمیر کر رہی ہے تاکہ سروس کے آغاز کے بعد مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
یہ منصوبہ دبئی کے شہریوں کے لیے جدید، تیز اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا نیا نظام متعارف کرانے کا حصہ ہے۔