کراچی کے ساحلی علاقے منوڑا ہمالیہ بیچ پر تفریح کے دوران پیش آنے والا افسوسناک حادثہ اس وقت المیہ بن گیا جب تین نوجوان سمندر کی بے رحم لہروں کی نذر ہوکر جاں بحق ہوگئے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام نوجوان ڈاؤ میڈیکل کالج کے فائنل ایئر بیچ ڈی 26 سے تعلق رکھتے تھے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق فائنل ایئر کے تقریباً 150 طلباء ان دنوں اپنی اختتامی تقریبات منا رہے تھے، اور اسی سلسلے میں آج وہ تفریح کے لیے ہاکس بے کے ساحل پر پکنک منانے گئے تھے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام طلباء یونیورسٹی کی بس کے ذریعے سیکیورٹی گارڈز کی نگرانی میں روانہ ہوئے تھے۔
تاہم، انتظامیہ کے مطابق تقریباً 15 طلباء نے اپنی مرضی سے علیحدہ گروپ بنا کر منوڑا ہمالیہ بیچ جانے کا فیصلہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ جو طلباء ہاکس بے گئے تھے، وہ تمام باحفاظت واپس لوٹ آئے، لیکن منوڑا جانے والے گروپ کے ساتھ یہ سانحہ پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق ابتدا میں ایک طالبعلم سمندر میں نہاتے ہوئے اچانک گہرے پانی میں ڈوب گیا، جسے بچانے کے لیے اس کے دیگر ساتھیوں نے بھی سمندر میں چھلانگ لگا دی۔ مگر یہ کوشش انہیں بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑی، اور مجموعی طور پر پانچ نوجوان ڈوب گئے۔
انتظامیہ کے مطابق تین طلباء سید اشہد فاطمی، اشارب منیر، اور احمد کاشف جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دیگر نوجوانوں رضوان، ربیع اور عبدالمجید کو بے ہوشی کی حالت میں سمندر سے نکالا گیا۔ ان میں سے ایک طالبعلم کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے اور اسے فوری طور پر میڈیکل آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔
یونیورسٹی نے اس افسوسناک سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ حفاظتی انتظامات کے باوجود طلباء کس طرح علیحدہ گروپ بنا کر خطرناک مقام تک پہنچ گئے۔